YouVersion Logo
تلاش

احبار 23

23
مذہبی عِیدیں
1اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ 2بنی اِسرائیل سے کہہ کہ خُداوند کی عِیدیں جِن کا تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے اِعلان دینا ہو گا میری وہ عِیدیں یہ ہیں۔ 3چھ دِن کام کاج کِیا جائے پر ساتواں دِن خاص آرام کا اور مُقدّس مجمع کا سبت ہے۔ اُس روز کِسی طرح کا کام نہ کرنا۔ وہ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں خُداوند کا سبت ہے۔ 4خُداوند کی عِیدیں جِن کا اِعلان تُم کو مُقدّس مجمعوں کے لِئے وقتِ مُعیّن پر کرنا ہو گا سو یہ ہیں۔
فَسح اور بے خمِیری روٹی
5پہلے مہِینے کی چَودھوِیں تارِیخ کو شام کے وقت خُداوند کی فَسح ہُؤا کرے۔ 6اور اُسی مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ کو خُداوند کے لِئے عِیدِ فطِیر ہو۔ اُس میں تُم سات دِن تک بے خمِیری روٹی کھانا۔ 7پہلے دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو۔ اُس میں تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔ 8اور ساتوں دِن تُم خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا اور ساتویں دِن پِھر مُقدّس مجمع ہو۔ اُس روز تُم کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔
9اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 10بنی اِسرائیل سے کہہ کہ جب تُم اُس مُلک میں جو مَیں تُم کو دیتا ہوں داخِل ہو جاؤ اور اُس کی فصل کاٹو تو تُم اپنی فصل کے پہلے پَھلوں کا ایک پُولا کاہِن کے پاس لانا۔ 11اور وہ اُسے خُداوند کے حضُور ہلائے تاکہ وہ تُمہاری طرف سے قبُول ہو اور کاہِن اُسے سبت کے دُوسرے دِن صُبح کو ہلائے۔ 12اور جِس دِن تُم پُولے کو ہِلواؤ اُسی دِن ایک نر بے عَیب یکسالہ برّہ سوختنی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور گُذراننا۔ 13اور اُس کے ساتھ نذر کی قُربانی کے لِئے تیل مِلا ہُؤا مَیدہ اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے برابر ہو تاکہ وہ آتِشِین قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کے لِئے جلائی جائے اور اُس کے ساتھ مَے کا تپاون ہِین کے چَوتھے حِصّہ کے برابر مَے لے کر کرنا۔ 14اور جب تک تُم اپنے خُدا کے لِئے یہ چڑھاوا نہ لے آؤ اُس دِن تک نئی فصل کی روٹی یا بُھنا ہُؤا اناج یا ہری بالیں ہرگِز نہ کھانا۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت ہمیشہ یِہی آئِین رہے گا۔
فصل کاٹنے کی عِید
15اور تُم سبت کے دُوسرے دِن سے جِس دِن ہلانے کی قُربانی کے لِئے پُولا لاؤ گے گِننا شرُوع کرنا جب تک سات سبت پُورے نہ ہو جائیں۔ 16اور ساتویں سبت کے دُوسرے دِن تک پچاس دِن گِن لینا۔ تب تُم خُداوند کے لِئے نذر کی نئی قُربانی گُذراننا۔ 17تُم اپنے گھروں میں سے اَیفہ کے دو دہائی حِصّہ کے وزن کے مَیدہ کے دو گِردے ہلانے کی قُربانی کے لِئے لے آنا۔ وہ خمِیر کے ساتھ پکائے جائیں تاکہ خُداوند کے لِئے پہلے پَھل ٹھہریں۔ 18اور اُن گِردوں کے ساتھ ہی تُم سات یکسالہ بے عَیب برّے اور ایک بچھڑا اور دو مینڈھے لانا تاکہ وہ اپنی اپنی نذر کی قُربانی اور تپاون کے ساتھ خُداوند کے حضُور سوختنی قُربانی کے طَور پر گُذرانے جائیں اور خُداوند کے حضُور راحت انگیز خُوشبُو کی آتِشِین قُربانی ٹھہریں۔ 19اور تُم خطا کی قُربانی کے لِئے ایک بکرا اور سلامتی کے ذبیحہ کے لِئے دو یکسالہ نر برّے چڑھانا۔ 20اور کاہِن اِن کو پہلے پَھل کے دونوں گِردوں کے ساتھ لے کر اُن دونوں برّوں سمیت ہلانے کی قُربانی کے طَور پر خُداوند کے حضُور ہلائے۔ وہ خُداوند کے لِئے مُقدّس اور کاہِن کا حِصّہ ٹھہریں۔ 21اور تُم عَین اُسی دِن اِعلان کر دینا۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس مجمع ہو۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت سدا یِہی آئِین رہے گا۔
22اور جب تُم اپنی زمِین کی پَیداوار کی فصل کاٹو تو تُو اپنے کھیت کو کونے کونے تک پُورا نہ کاٹنا اور نہ اپنی فصل کی گِری پڑی بالوں کو جمع کرنا بلکہ اُن کو غریبوں اور مُسافِروں کے لِئے چھوڑ دینا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
نئے سال کی عِید
23اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 24بنی اِسرائیل سے کہہ کہ ساتویں مہِینے کی پہلی تارِیخ تُمہارے لِئے خاص آرام کا دِن ہو۔ اُس میں یادگاری کے لِئے نرسِنگے پُھونکے جائیں اور مُقدّس مجمع ہو۔ 25تُم اُس روز کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا اور خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔
یومِ کفّارہ
26اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ 27اُسی ساتویں مہِینے کی دسوِیں تارِیخ کو کفّارہ کا دِن ہے۔ اُس روز تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور تُم اپنی جانوں کو دُکھ دینا اور خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔ 28تُم اُس دِن کِسی طرح کا کام نہ کرنا کیونکہ وہ کفّارہ کا دِن ہے جِس میں خُداوند تُمہارے خُدا کے حضُور تُمہارے لِئے کفّارہ دِیا جائے گا۔ 29جو شخص اُس دِن اپنی جان کو دُکھ نہ دے وہ اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا۔ 30اور جو شخص اُس دِن کِسی طرح کا کام کرے اُسے مَیں اُس کے لوگوں میں سے فنا کر دُوں گا۔ 31تُم کِسی طرح کا کام مت کرنا۔ تُمہاری سب سکُونت گاہوں میں پُشت در پُشت سدا یِہی آئِین رہے گا۔ 32یہ تُمہارے لِئے خاص آرام کا سبت ہو۔ اِس میں تُم اپنی جانوں کو دُکھ دینا۔ تُم اُس مہِینے کی نوِیں تارِیخ کی شام سے دُوسری شام تک اپنا سبت ماننا۔
عِیدِ خیام (جھونپڑوں کی عِید)
33اور خُداوند نے مُوسیٰ ؔسے کہا۔ 34بنی اِسرائیل سے کہہ کہ اُسی ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے لے کر سات دِن تک خُداوند کے لِئے عِیدِ خیام ہو گی۔ 35پہلے دِن مُقدّس مجمع ہو۔ تُم اُس دِن کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔ 36تُم ساتوں دِن برابر خُداوند کے حضُور آتشِین قُربانی گُذراننا۔ آٹھویں دِن تُمہارا مُقدّس مجمع ہو اور پِھر خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی گُذراننا۔ وہ خاص مجمع ہے۔ اُس میں کوئی خادِمانہ کام نہ کرنا۔
37یہ خُداوند کی مُقرّرہ عِیدیں ہیں جِن میں تُم مُقدّس مجمعوں کا اِعلان کرنا تاکہ خُداوند کے حضُور آتِشِین قُربانی اور سوختنی قُربانی اور نذر کی قُربانی اور ذبِیحہ اور تپاون ہر ایک اپنے اپنے مُعیّن دِن میں گُذرانا جائے۔ 38ماسِوا اِن کے خُداوند کے سبتوں کو ماننا اور اپنے ہدیوں اور مَنتوں اور رضا کی قُربانیوں کو جو تُم خُداوند کے حضُور لاتے ہو گُذراننا۔
39اور ساتویں مہِینے کی پندرھوِیں تارِیخ سے جب تُم زمِین کی پَیداوار جمع کر چُکو تو سات دِن تک خُداوند کی عِید ماننا۔ پہلا دِن خاص آرام کا ہو اور آٹھواں دِن بھی خاص آرام ہی کا ہو۔ 40سو تُم پہلے دِن خُوشنما درختوں کے پَھل اور کھجُور کی ڈالِیاں اور گھنے درختوں کی شاخیں اور ندیوں کی بیدِ مجنُوں لینا اور تُم خُداوند اپنے خُدا کے آگے سات دِن تک خُوشی منانا۔ 41اور تُم ہر سال خُداوند کے لِئے سات روز تک یہ عِید مانا کرنا۔ تُمہاری نسل در نسل سدا یِہی آئِین رہے گا کہ تُم ساتویں مہِینے اِس عِید کو مانو۔ 42سات روز تک برابر تُم سایبانوں میں رہنا۔ جِتنے اِسرائیلؔ کی نسل کے ہیں سب کے سب سایبانوں میں رہیں۔ 43تاکہ تُمہاری نسل کو معلُوم ہو کہ جب مَیں بنی اِسرائیل کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لا رہا تھا تو مَیں نے اُن کو سایبانوں میں ٹِکایا تھا۔ مَیں خُداوند تُمہارا خُدا ہُوں۔
44سو مُوسیٰؔ نے بنی اِسرائیل کو خُداوند کی مُقرّرہ عِیدیں بتا دِیں۔

موجودہ انتخاب:

احبار 23: URD

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in