16
مُختلف ہدایات
1جو عَطیّہ مَسیحی مُقدّسین کے لیٔے جمع کیا جاتا ہے: اُس کے بارے میں تُم میری اِس ہدایت پر عَمل کرو جو میں نے گلِتیؔہ صُوبہ کی جماعتوں کو دی ہیں۔ 2یعنی ہر ہفتہ کے پہلے دِن، تُم میں سے ہر شخص اَپنی آمدنی کے مُطابق اَپنے پاس کچھ جمع کرکے رکھتا رہے، تاکہ جَب میں آؤں تو تُمہیں پیسہ جمع کرنے کی ضروُرت نہ ہو۔ 3اَور جَب میں وہاں آؤں گا، تو جنہیں تُم منظُور کرو گے اُنہیں میں خط دے کر بھیج دُوں گا تاکہ وہ تمہارے ہدیہ یروشلیمؔ پہنچا دیں۔ 4اگر میرا جانا بھی مُناسب ہوگا، تو وہ میرے ہی ساتھ جا سکیں گے۔
شخصی درخواست
5میں صُوبہ مَکِدُنیہؔ سے ہوتا ہُوا، تمہارے پاس آؤں گا کیونکہ وہاں مُجھے مَکِدُنیہؔ ہوکر جانا ہی ہے۔ 6شاید تمہارے پاس کچھ دِن ٹھہروں بَلکہ سردی کا موسم بھی تمہارے یہاں ہی گزاروں، پھر اُمّید ہے کہ جہاں مُجھے جانا ہوگا، تُم مُجھے بِھجوا دوگے۔ 7میں یہ نہیں چاہتا کہ میری مُلاقات تُم سے راستہ میں ہو؛ اِس لیٔے اگر خُداوؔند کی مرضی ہُوئی، تو میں کچھ عرصہ تمہارے پاس رہُوں گا۔ 8عیدِ پِنتکُست تک تو میں اِفِسُسؔ میں رہُوں گا، 9کیونکہ یہاں میرے لیٔے مُنادی کرنے کا ایک وسیع دروازہ کھُلا ہُواہے، حالانکہ مُخالفت کرنے والے بھی بہت ہیں۔
10اگر تِیمُتھِیُس تمہارے یہاں آئے، تو اُس کا خیال رکھنا کہ وہ یہاں تمہارے ساتھ بے خوف رہے، کیونکہ وہ بھی میری طرح خُداوؔند کی خدمت میں لگا ہُواہے۔ 11کویٔی اُس سے، حقارت کے ساتھ پیش نہ آئے۔ اُسے میرے پاس صحیح سلامت بھیج دینا۔ میں اُس کا اَور دُوسرے مَسیحی بھائیوں کا اِنتظار کر رہا ہُوں۔
12بھایٔی اپُلّوسؔ کے بارے میں: تُمہیں مَعلُوم ہو کہ میں نے بہت اِلتماس کیا کہ وہ بھی مَسیحی بھائیوں کے ساتھ تمہارے پاس آئے۔ لیکن اِس وقت وہ راضی نہ ہُوا، بعد میں مُناسب موقع ملتے ہی وہ بھی آئے گا۔
13جاگتے رہو؛ اَپنے ایمان پر قائِم رہو، بہادر بنو؛ اَور مضبُوط ہوتے جاؤ۔ 14جو کچھ کرتے ہو مَحَبّت سے کرو۔
15اَے بھائیو اَور بہنوں! تُم اِستِفناسؔ اَور اُس کے گھروَالوں کو تو جانتے ہی ہو۔ وہ صُوبہ اَخیہؔ میں سَب سے پہلے مَسیحی ہویٔے تھے۔ اُنہُوں نے مَسیحی مُقدّسین کی خدمت اَور مدد کرنے کے لیٔے اَپنی زندگی وقف کر رکھی ہے۔ 16میں تمہاری مِنّت کرتا ہُوں کہ اَیسے لوگوں کے تابع رہو بَلکہ ہر کسی کے جو اِس کام اَور محنت میں شریک ہے۔ 17میں اِستِفناسؔ، فرتوناتُسؔ اَور اَخیِکُسؔ کے آ جانے سے خُوش ہُوں، کیونکہ جو تُم سے رہ گیا تھا اُنہُوں نے پُورا کر دیا۔ 18کیونکہ اُنہُوں نے تمہاری طرح میری رُوح کو بھی تازہ دَم کر دیا۔ اَیسے اِنسانوں کی قدر کرنا ضروُری ہے۔
سلام و مُبارکبادی
19صُوبہ آسیہؔ کی جماعتیں تُمہیں سلام کہتی ہیں۔
اَکوِلہؔ اَور پرسِلّہؔ، اُس جماعت سمیت جو اُن کے گھر میں جمع ہوتی ہے، تُمہیں خُداوؔند کے نام سے سرگرمی کے ساتھ سلام کہتے ہیں۔
20یہاں کے سَب مَسیحی بھایٔی اَور بہن تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
پاک بوسہ لے کر ایک دُوسرے کو میرا سلام کہنا۔
21میں پَولُسؔ اَپنے ہاتھ سے یہ سلام لِکھتا ہُوں۔
22جو کویٔی خُداوؔند سے مَحَبّت نہیں رکھتا وہ ملعُون ہو، ہمارے خُداوؔند آنے والے ہیں۔#16:22 خُداوؔند آنے والے ہیں۔ ایک قدیم اِظہاری ارامی لفظ (مارناتھا) قدیم کلیسا میں دعایئہ لفظ کی شکل میں اِستعمال کیا جاتا تھا۔
23خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا فضل تُم پر ہوتا رہے۔
24میری مَحَبّت المسیؔح عیسیٰ میں تُم سَب کے ساتھ برقرار رہے۔ آمین۔