26
عُزّیاہؔ شاہِ یہُودیؔہ
1تَب یہُودیؔہ کے تمام باشِندوں نے عُزّیاہؔ کو جو سولہ سال کا تھا اُس کے باپ اماضیاہؔ کی جگہ بادشاہ بنایا۔ 2اماضیاہؔ بادشاہ کے اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو جانے کے بعد عُزّیاہؔ ہی تھا جِس نے ایلاتؔ کو دوبارہ تعمیر کیا اَور اُسے یہُوداہؔ میں شامل کر دیا۔
3عُزّیاہؔ سولہ سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں باون سال حُکمرانی کی۔ اُس کی ماں کا نام یکولیاہؔ تھا جو یروشلیمؔ کی باشِندہ تھی۔ 4عُزّیاہؔ نے بالکُل اَپنے باپ اماضیاہؔ کی طرح وُہی کام کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست ہے۔ 5اَور زکریاؔہ کے دِنوں میں وہ یَاہوِہ کا طالب ہُوا جِس نے اُسے خُدا ترسی کی تعلیم دی۔ اَور جَب تک وہ یَاہوِہ کا طالب رہا خُدا نے اُسے کامیابی بخشی۔
6اُس نے فلسطینیوں کے خِلاف جنگ کی اَور گاتؔھ، یابنح اَور اشدُودؔ کی فصیلیں توڑ کر گرا دیں۔ پھر اُس نے فلسطینیوں کے درمیان اشدُودؔ کے قریب اَور دیگر علاقوں میں دوبارہ شہر تعمیر کئے۔ 7اَور خُدا نے فلسطینیوں کے خِلاف اَور عربوں کے خِلاف جو گُر بَعل اَور معُونیم میں رہتے تھے عُزّیاہؔ کی مدد کی۔ 8اَور عمُّونی عُزّیاہؔ کو خراج اَدا کرنے لگے۔ عُزّیاہؔ کی شہرت مِصر کی سرحد تک پھیل گئی کیونکہ وہ بہت طاقتور ہو گیا تھا۔
9اِن کے علاوہ عُزّیاہؔ نے یروشلیمؔ میں کونے کے پھاٹک پر اَور وادی کے پھاٹک پر اَور فصیل کے موڑ پر بُرج بنائے اَور اُنہیں مضبُوط کیا۔ 10اُس نے بیابان میں بھی بُرج بنوائے اَور بہت سے انگوری باغ کے حوض کھُدوائے کیونکہ کوہِ کے دامن کی پہاڑیوں میں اَور میدان میں اُس کے پاس کافی تعداد میں مویشی تھے۔ اُس نے اَپنے کھیتوں میں، پہاڑیوں میں، اَپنے تاکستانوں میں اَور زرخیز زمینوں پر کام کرنے والے آدمی رکھے ہُوئے تھے کیونکہ اُسے کاشتکاری بےحد پسند تھی۔
11اِس کے علاوہ عُزّیاہؔ کے پاس ایک بڑی اَچھّی تربّیت یافتہ فَوج تھی جو ایک شاہی مُلازمین حننیاہؔ کے ماتحت جنگ پر جانے کے لیٔے تیّار رہتی تھی جسے یعی ایل مُنشی اَور معسیاہؔ افسر نے گِن کر مُختلف دستوں میں تقسیم کر دیا تھا۔ 12آبائی خاندانوں کے جنگجو سردار تعداد میں دو ہزار چھ سَو تھے۔ 13اُن کی زیرِ کمان جنگ کے لیٔے تربّیت یافتہ تین لاکھ سات ہزار پانچ سَو آدمیوں کی فَوج تھی جو دُشمنوں کے خِلاف بادشاہ کی مدد کرنے کے لیٔے پُوری طاقت سے جنگ کرتی تھی۔ 14عُزّیاہؔ نے تمام فَوج کو ڈھالیں، برچھیاں، خُود، زرہ بکتر، کمانیں اَور فلاخن کے لیٔے پتّھر مُہیّا کئے۔ 15اَور اُس نے یروشلیمؔ میں ہُنرمند آدمیوں کے تیّار کئے ہُوئے نقشوں کے مُطابق اَیسے آلات بنائے جنہیں بُرجوں اَور فصیلوں پر سے فَوجی تیر چلانے اَور بڑے بڑے پتّھر پھینکنے کے لیٔے اِستعمال کیا جا سَکتا تھا۔ اُس کی شہرت دُور دُور تک پھیل گئی کیونکہ اُسے بڑے عجِیب طریقہ سے مدد مِلی اَور وہ بڑا طاقتور اَور مضبُوط ہو گیا۔
16لیکن جَب عُزّیاہؔ زورآور ہو گیا تو اُس کا غُرور اُس کے زوال کا باعث ہُوا۔ اُس نے یَاہوِہ اَپنے خُدا سے دغا کی۔ ایک بار جَب وہ بخُور کی قُربان گاہ پر بخُور جَلانے کے لیٔے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں داخل ہُوا۔ 17تو عزریاہؔ کاہِنؔ اَور اُس کے ساتھ یَاہوِہ کے اسّی دیگر بہادر کاہِنؔ اُس کے پیچھے اَندر گیٔے۔ 18اُنہُوں نے اُس کا سامنا کیا اَور کہا، ”اَے بادشاہ عُزّیاہؔ، یَاہوِہ کے حُضُور بخُور جَلانا تمہارے لیٔے اَچھّی بات نہیں ہے۔ یہ صِرف کاہِنوں یعنی اَہرونؔ کے بیٹوں کا کام ہے کیونکہ بخُور جَلانے کے لیٔے اُن کی تقدیس کی گئی ہے۔ تُم پاک مَقدِس سے باہر چلے جاؤ کیونکہ تُم نے بےوفائی کی ہے۔ اَب یَاہوِہ خُدا کی نظر میں تمہاری کویٔی قدر و منزِلت نہیں رہی۔“
19تَب عُزّیاہؔ کو جو بخُور جَلانے کے لیٔے بخُوردان ہاتھ میں لیٔے ہُوئے تھا بڑا غُصّہ آیا۔ اَور جَب وہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں بخُور کے جَلانے کے مذبحوں کے آگے کاہِنوں کے خِلاف طیش میں آیا ہُوا تھا تو اُن کی مَوجُودگی میں اُس کے ماتھے پر کوڑھ پھوٹ پڑا۔ 20اَور جَب عزریاہؔ اعلیٰ کاہِن اَور دیگر کاہِنوں نے اُس پر نگاہ ڈالی تو اُنہُوں نے دیکھا کہ اُس کے ماتھے پر کوڑھ پھوٹ نِکلا ہے۔ اِس لیٔے اُنہُوں نے فوراً اُسے باہر نکال دیا۔ درحقیقت وہ خُود ہی جلدی سے باہر نکل جانا چاہتا تھا کیونکہ یَاہوِہ نے اُسے کوڑھ میں مُبتلا کر دیا تھا۔
21اَور عُزّیاہؔ بادشاہ، مَرتے دَم تک کوڑھی رہا۔ وہ ایک الگ مکان میں رہتا تھا یعنی وہ کوڑھی تھا اَور یَاہوِہ کے بیت المُقدّس سے خارج کر دیا گیا تھا۔ اَور اُس کا بیٹا یُوتامؔ شاہی محل کا مُختار تھا اَور وہ مُلک کے لوگوں پر حُکومت کرتا تھا۔
22عُزّیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے شروع سے لے کر آخِر تک کے واقعات یَشعیاہ بِن آموصؔ نبی نے قلم بند کئے ہیں۔ 23اَور عُزّیاہؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور اُن کے قریب ہی ایک شاہی قبرستان میں دفن کیا گیا کیونکہ لوگوں نے کہا، ”وہ کوڑھی ہے۔“ اَور اُس کا بیٹا یُوتامؔ اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔