28
آحازؔ شاہِ یہُودیؔہ
1آحازؔ بیس سال کا تھا جَب وہ بادشاہ بنا اَور اُس نے یروشلیمؔ میں سولہ سال حُکمرانی کی۔ اَور اُس نے اَپنے آباؤاَجداد داویؔد کی مانند کام نہیں کیا جو یَاہوِہ کی نظر میں دُرست تھا۔ 2وہ اِسرائیل کے بادشاہوں کی راہوں پر چلا اَور اُس نے بَعل کے ڈھالے ہُوئے بُتوں کو بنوایا اَور اُن کی پرستش کی۔ 3اَور جِن اَقوام کو یَاہوِہ نے اِسرائیل کے سامنے سے کھدیڑ دیا تھا اُن کی ہی مکرُوہات کی پیروی کرتے ہُوئے وہ وادی بین ہِنَّومؔ میں بخُور جَلاتا تھا اَور اُس نے اَپنے بیٹوں کی آتِشی قُربانیاں گذرانیں۔ 4آحازؔ غَیر قوموں کی پرستش گاہوں پر یعنی بُلند مقامات پر، پہاڑیوں کی چوٹیوں پر اَور ہر ایک ہرے درخت کے نیچے قُربانیاں گذرانتا اَور بخُور جَلایا کرتا تھا۔
5اِس لیٔے یَاہوِہ اُس کے خُدا نے اُسے شاہِ ارام کے ہاتھ میں کر دیا۔ ارامیوں نے اُسے شِکست دی اَور اُس کے بہت سے لوگوں کو اسیر بنا لیا اَور اُنہیں دَمشق لے گئے۔
اَور وہ شاہِ اِسرائیل کے ہاتھوں میں بھی کر دیا گیا جِس نے خُونریزی کرکے اُسے زبردست نُقصان پہُنچایا۔ 6اَور پِقاحؔ بِن رملیاہؔ نے ایک ہی دِن میں یہُوداہؔ کے ایک لاکھ بیس ہزار فَوجیوں کو قتل کر دیا کیونکہ یہُوداہؔ نے یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کو ترک کر دیا تھا۔ 7اَور اِفرائیمی زکریؔ نے جو ایک جنگجو تھا بادشاہ کے بیٹے معسیاہؔ، محل کے ناظِم عزریقامؔ اَور اِلقانہؔ کو جو بادشاہ کا وزیر تھا قتل کر دیا۔ 8اَور بنی اِسرائیل نے اَپنے ہی رشتہ داروں کو اَور اُن کی بیویوں، بیٹوں اَور بیٹیوں کو جِن کی تعداد دو لاکھ تھی اسیر بنا لیا۔ اُنہُوں نے بہت سا مالِ غنیمت حاصل کیا جسے وہ سامریہؔ لے گیٔے۔
9لیکن وہاں یَاہوِہ کے ایک نبی تھے جِن کا نام عودِدؔ تھا۔ جَب فَوج سامریہؔ کو واپس آئی تو وہ اُس کے اِستِقبال کو گئے اَور فرمایا، ”چونکہ یَاہوِہ آپ کے آباؤاَجداد کے خُدا یہُوداہؔ سے قہر شدید میں تھے اِس لیٔے اُنہُوں نے اُنہیں تمہارے ہاتھ میں کر دیا۔ لیکن تُم نے اَیسے طیش میں اُن کا قتلِ عام کیا جِس نے آسمان تک کو ہلا دیا ہے۔ 10اَور اَب تُم یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے مَردوں اَور عورتوں کو اَپنا غُلام بنا کر رکھنا چاہتے ہو۔ کیا تُم بھی اَپنے یَاہوِہ خُدا کی نظر میں اِس کارنامے کے سبب سے گُناہ کا مُجرم نہ ہو؟ 11اَب میری سُنو! اَپنے اِن بھائیوں کو جنہیں تُم اسیر کرکے لایٔے ہو آزاد کرکے بھیج دو کیونکہ یَاہوِہ کا قہر شدید تُم پر بھڑکنے ہی والا ہے۔“
12تَب اِفرائیمؔ کے سرداروں میں سے بعض نے یعنی عزریاہؔ بِن یِہُوحنانؔ، بیرکیاہ بِن مِشلِّموتؔھ، یحزقیّاہؔ بِن شلُّومؔ اَور عماساؔ بِن حادلائیؔ جنگ سے واپس آنے والوں کے سامنے کھڑے ہو گئے 13اَور اِنہُوں نے اُن سے کہا، ”تُم اِن اسیروں کو یہاں مت لاؤ۔ اگر اَیسا کروگے تو ہم یَاہوِہ کے حُضُور گُنہگار ٹھہریں گے۔ کیا تُم ہمارے گُناہوں اَور خطاؤں میں اِضافہ کرنا چاہتے ہو؟ کیونکہ ہماری خطا تو پہلے ہی سے عظیم ہے اَور بنی اِسرائیل تو پہلے ہی سے یَاہوِہ کے قہر شدید کا نِشانہ بنا ہُواہے۔“
14لہٰذا اُن مُسلّح فَوجیوں نے اُمرا کی اَور تمام جماعت کی مَوجُودگی میں اسیروں اَور مالِ غنیمت کو لاکر ترک کر دیا۔ 15تَب جِن لوگوں کے نام مُندرجہ ذیل نامزد ہیں اُنہُوں نے اُن اسیروں کو لیا اَور اُن تمام کو جو ننگے تھے لُوٹ کے مال میں سے کپڑے لے کر پہنائے۔ اُنہُوں نے اُنہیں کپڑے، جُوتے، خُوراک اَور پانی دیا اَور اُن کے زخموں کی مرہم پٹّی بھی کی اَور اُن تمام کو جو کمزور تھے گدھوں پر بِٹھایا۔ اِس طرح وہ اُنہیں واپس اَپنے بھائیوں کے پاس کھجوروں کے شہر یریحوؔ میں لے گیٔے اَور اُنہیں وہاں چھوڑکر پھر سامریہؔ لَوٹ آئے۔
16اُس وقت آحازؔ بادشاہ نے اشُور کے بادشاہ کو مدد کے لیٔے درخواست کی۔ 17کیونکہ اِدُومیوں نے آکر پھر سے یہُودیؔہ پر حملہ کر دیا تھا اَور لوگوں کو اسیر بنا کر لے گیٔے تھے۔ 18اَور اِسی دَوران فلسطینیوں نے پہاڑیوں کے دامن کے اَور یہُودیؔہ کے جُنوب کے شہروں پر چھاپے مارے اَور وہ بیت شِمِشؔ، ایّالونؔ اَور گِدیروتؔ کو اَور ساتھ ہی شوکوہؔ، تِمنؔہ اَور گِمضوؔ کو اُن کے گِردونواح کے دیہات دیہاتوں کو بھی فتح کرکے اُن پر قابض ہو گئے تھے۔ 19یَاہوِہ نے شاہِ اِسرائیل آحازؔ کے باعث یہُودیؔہ کو پست کیا کیونکہ آحازؔ نے یہُودیؔہ میں بڑی بدکاری کا اِضافہ کیا تھا اَور وہ یَاہوِہ کی نافرمانی کا مُرتکب ہُوا تھا۔ 20اَور شاہِ اشُور تِگلتؔ پلیسِر اُس کے پاس آیا لیکن مدد کی بجائے اُس نے اُسے تکلیف ہی دی۔ 21آحازؔ نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس سے اَور شاہی محل سے اَور شہزادوں سے کچھ چیزیں لے کر اشُور کے بادشاہ کو پیش کیں تو بھی اُسے کویٔی فائدہ نہ ہُوا۔
22اَور اَپنی تنگی کے وقت آحازؔ بادشاہ یَاہوِہ سے بےوفائی کرکے اَور بھی گُنہگار ہو گیا۔ 23اُس نے دَمشق کے معبُودوں کو جو اُس کی شِکست کا باعث بنے تھے قُربانیاں گذرانیں، ”کیونکہ اُس نے سوچا کہ چونکہ ارام کے بادشاہوں کے معبُودوں نے اُن کی مدد کی ہے اِس لیٔے میں اُن کے لیٔے قُربانی چڑھاؤں گا تاکہ وہ میری بھی مدد کریں۔“ لیکن وُہی اُس کے اَور تمام اِسرائیل کے زوال کا باعث بنے۔
24آحازؔ نے خُدا کے بیت المُقدّس سے تمام ظروف جمع کئے اَور اُنہیں ٹکڑے ٹکڑے کرکے لے گیا۔ اُس نے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے دروازے بند کر دئیے اَور یروشلیمؔ کے ہر کونے پر مذبحوں کو بنایا۔ 25اَور مُلکِ یہُودیؔہ کے ہر قصبہ میں دیگر معبُودوں کو آتِشی قُربانیاں گذراننے کے لیٔے اُونچے مقامات تعمیر کئے اَور یُوں یَاہوِہ اَپنے آباؤاَجداد کے خُدا کو قہر دِلایا۔
26اُس کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور اُس کے سَب ضوابط شروع سے لے کر آخِر تک یہُوداہؔ اَور اِسرائیل کے بادشاہوں کی تواریخ کی کِتاب میں درج نہیں ہے۔ 27آحازؔ اَپنے آباؤاَجداد کے ساتھ سو گیا اَور یروشلیمؔ کے شہر میں دفن کیا گیا۔ وہ اُسے اِسرائیل کے بادشاہوں کے قبرستان میں نہ لایٔے اَور اُس کا بیٹا حِزقیاہؔ اُس کی جگہ بادشاہ بنا۔