2 تواریخ 35

35
یُوشیاہؔ کا عیدِفسح منانا
1تَب یُوشیاہؔ نے یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے لیٔے عیدِفسح منائی اَور فسح کا برّہ پہلے مہینے کی چودھویں تاریخ کو ذبح کیا گیا۔ 2اُس نے کاہِنوں کو اَپنے اَپنے فرائض اَنجام دینے کے لیٔے مُقرّر کیا اَور اُنہیں ترغِیب دی کہ وہ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں خدمت کریں۔ 3اَور بادشاہ نے اُن تمام لیویوں کو جو تمام بنی اِسرائیل کو تعلیم دینے کے لئے مُقرّر اَور مخصُوص کئےگئے تھے یہ حُکم دیا: ”پاک صندُوق کو اُس بیت المُقدّس میں رکھ دو جسے شاہِ اِسرائیل شُلومونؔ بِن داویؔد نے تعمیر کروایا تھا۔ آئندہ تُمہیں اِسے اَپنے کندھوں پر اُٹھاکر اِدھر اُدھر لے جانے کی ضروُرت نہ ہوگی۔ اَب تُم یَاہوِہ اَپنے خُدا اَور اُن کی اُمّت بنی اِسرائیل کی خدمت میں لگ جاؤ۔ 4اَور شاہِ اِسرائیل داویؔد اَور اُن کے بیٹے شُلومونؔ کے تحریر شُدہ ہدایات کے مُطابق اَپنے اَپنے آبائی خاندانوں اَور فریقوں کے مُطابق، کام کو اَنجام دینے کے لیٔے کمربستہ ہو جاؤ۔
5”اِس کے علاوہ تُم پاک مقام میں حاضری دو اَور دیکھو کہ جِس گِروہ کی باری ہے اُس کا ہر فرد لیویوں کے آبائی خاندانوں کی تقسیم کے مُطابق ضروُر کھڑے ہُوں۔ 6اَپنی تقدیس کرکے فسح کے برّے کو ذبح کرو اَور جَیسے یَاہوِہ نے مَوشہ کی شَریعت میں حُکم دیا ہے اُس کے مُطابق عَمل کرتے ہُوئے فسح کی قُربانی کو اَپنے بھائیوں کے لیٔے تیّار کرو۔“
7اَور یُوشیاہؔ نے تمام لوگوں کے لیٔے جو وہاں مَوجُود تھے تیس ہزار بھیڑ بکریاں اَور تین ہزار بَیل فسح کی قُربانیوں کے لیٔے مُہیّا کئے اَور یہ سَب بادشاہ کی مِلکیّت میں سے تھے۔
8بادشاہ کے سرداروں نے بھی لوگوں، کاہِنوں اَور لیویوں کے لئے اَپنی مرضی سے رضا کی قُربانی کے طور پر ہدیہ دیا۔ اَور خُدا کے بیت المُقدّس کے ناظِم خِلقیاہؔ، زکریاؔہ اَور یحی ایل نے کاہِنوں کو فسح کی قُربانی کے لیٔے دو ہزار چھ سَو بھیڑ بکریاں اَور تین سَو بَیل دئیے۔ 9اِن کے علاوہ لیویوں کے سرداروں کونعنیاہؔ، اَور اُس کے بھائیوں شمعیاہؔ اَور نتنی ایل، اَور حشبیاہؔ، یعی ایل اَور یُوزبادؔ نے لیویوں کو فسح کی قُربانی کے لیٔے پانچ ہزار بھیڑ بکریاں اَور پانچ سَو بَیل مُہیّا کئے۔
10یُوں عبادت کی تیّاری ہو گئی اَور جَیسے بادشاہ نے حُکم دیا تھا وَیسے ہی کاہِنؔ اَپنی اَپنی جگہ پر اَور لیوی اَپنے اَپنے فریق کے مُطابق کھڑے ہو گئے۔ 11تَب فسح کے برّے ذبح کئے گیٔے اَور کاہِنوں نے اُن کے ہاتھ سے خُون لے کر چھِڑکا اَور لیوی جانوروں کی کھال اُتارتے گیٔے۔ 12تَب اُنہُوں نے سوختنی نذروں کو الگ کیا تاکہ وہ لوگوں کے آبائی خاندانوں کی ہر شاخ کے افراد میں تقسیم کی جایٔیں اَور وہ اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور میں پیش کریں جَیسا کہ مَوشہ کی کِتاب میں لِکھا ہے۔ اَور بَیلوں کی قُربانی کے ساتھ بھی اَیسا ہی کیا گیا۔ 13تَب دستور کے مُطابق اُنہُوں نے فسح کے جانوروں کو آگ پر بھُونا اَور پاک نذروں کو ہانڈیوں، دیگوں اَور کڑاہیوں میں پکایا اَور اُنہیں جلدی سے لوگوں کو کھِلایا۔ 14اِس کے بعد اُنہُوں نے اَپنے لیٔے اَور کاہِنوں کے لیٔے بھی فسح کی قُربانی کا اِنتظام کیا کیونکہ بنی اَہرونؔ کے کاہِنؔ رات ہونے تک سوختنی نذریں اَور چربی قُربانی چڑھانے میں مصروف رہتے تھے۔ پس لیویوں کو خُود اَپنے لیٔے اَور بنی اَہرونؔ کے کاہِنوں کے لیٔے تیّاری کرنی پڑی۔
15اَور گانے والے جو بنی آسفؔ میں سے تھے وہ بادشاہ داویؔد، آسفؔ، ہیمانؔ اَور بادشاہ داویؔد کے غیب بین یدُوتونؔ کی مُقرّر کَردہ جگہوں پر کھڑے ہُوئے تھے۔ اَور ہر پھاٹک پر پہرےداروں کو اَپنی چوکی چھوڑکر جانے کی ضروُرت نہ پڑی کیونکہ اُن کے لیوی بھائیوں نے اُن کے لیٔے فسح کی تیّاریاں پہلے سے ہی کرلی تھیں۔
16لہٰذا جَیسا یُوشیاہؔ بادشاہ نے عیدِفسح منانے اَور یَاہوِہ کے مذبح پر سوختنی نذریں گذراننے کا حُکم دیا تھا ٹھیک وَیسا ہی اُس وقت یَاہوِہ کی عبادت کامل طور پر سَر اَنجام دی گئی۔ 17چنانچہ اِس موقع پر وہاں جو بنی اِسرائیل مَوجُود تھے، اُنہُوں نے اُس وقت فسح اَور بے خمیری روٹی کی عید سات دِن تک منائی۔ 18شموایلؔ نبی کے ایّام سے لے کر اَب تک بنی اِسرائیل میں پہلے فسح کی عید اِس طرح کبھی نہیں منائی گئی تھی۔ اَور نہ ہی بنی اِسرائیل کے کسی بھی بادشاہ نے کبھی کاہِنوں لیویوں اَور سارے بنی یہُوداہؔ اَور وہاں مَوجُود بنی اِسرائیل اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں کے ساتھ اِس طرح سے عیدِفسح منائی تھی جَیسے یُوشیاہؔ نے منائی۔ 19یہ عیدِفسح یُوشیاہؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت کے اٹھّارہویں سال میں منائی گئی تھی۔
میدانِ جنگ میں یُوشیاہؔ کی وفات
20اِن باتوں کے بعد، جَب یُوشیاہؔ بیت المُقدّس کو پُوری طرح سے دُرست کر چُکا، تَب شاہِ مِصر نِکوہؔ نے جنگ کے لیٔے دریائے فراتؔ کے کنارے کرکمیشؔ شہر پر حملہ کیا اَور یُوشیاہؔ اُس سے جنگ کرنے کو نِکلا۔ 21لیکن نِکوہؔ نے اُسے قاصِدوں کے ذریعہ سے پیغام بھیجا، ”اَے شاہِ یہُودیؔہ، آپ سے میری کوئی عداوت نہیں ہے؟ اِس وقت مَیں آپ سے جنگ کرنے نہیں بَلکہ اُس خاندان کے خِلاف آیا ہُوں، جِس سے میری عداوت ہے اَور خُدا نے ہی مُجھے جلدی کرنے کا حُکم دیا ہے؛ لہٰذا تُم خُدا سے جو میرے ساتھ ہے مُخالفت کرنا چھوڑ دو ورنہ وہ تُمہیں ہلاک کر دے گا۔“
22پھر بھی یُوشیاہؔ اُس کا مُقابلہ کرنے سے باز نہ آیا بَلکہ جنگ میں اُسے اُلجھانے کے لیٔے اَپنا حُلیہ بدل لیا۔ اَور خُدا کے حُکم سے جو کچھ نِکوہؔ نے کہا اُسے نہ سُنا اَور مگِدّوؔ کی وادی میں جا پہُنچا تاکہ اُس کے ساتھ جنگ کرے۔
23تَب مِصری تیر اَندازوں نے یُوشیاہؔ بادشاہ کو تیر مارا اَور اُس نے اَپنے خادِموں سے فرمایا، ”میں سخت زخمی ہو گیا ہُوں؛ مُجھے یہاں سے لے چلو۔“ 24لہٰذا اُنہُوں نے اُسے اُس کے رتھ میں سے نکال کر ایک دُوسرے رتھ پر چڑھایا اَور اُسے یروشلیمؔ لے آئے جہاں اُس کی موت ہو گئی اَور اُسے اُس کے آباؤاَجداد کی قبروں میں دفن کیا گیا، تَب سارے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے باشِندوں نے یُوشیاہؔ کے لیٔے ماتم کیا۔
25اَور یرمیاہؔ نبی نے یُوشیاہؔ پر نوحہ کیا اَور تمام مرثیہ گانے والے مَرد اَور عورتیں آج بھی اُس کی یاد میں نوحہ خوانی کرتی ہیں۔ اَیسی نوحہ خوانی بنی اِسرائیل میں ایک روایت بَن گئی ہے اَور اَیسے کیٔی نوحے، نوحوں کے مجموعوں میں شامل کئے گیٔے ہیں۔
26یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے دیگر واقعات اَور جَیسا یَاہوِہ کے آئین میں لِکھا ہے اُس کے مُطابق اُس کے عقیدتی اعمال، 27اَور کیٔی دُوسرے کام شروع سے لے کر آخِر تک مُلکِ اِسرائیل اَور مُلکِ یہُودیؔہ کے بادشاہوں کی کِتاب میں درج ہیں۔

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 35: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in