2 تواریخ 8

8
شُلومونؔ کی دیگر فتوحات
1اَور شُلومونؔ کو یَاہوِہ کا بیت المُقدّس اَور اَپنا محل تعمیر کروانے میں بیس سال گذر گئے، 2شُلومونؔ نے وہ دیہات جو حِیرامؔ نے اُسے دئیے تھے نئے سِرے سے تعمیر کروائے اَور بنی اِسرائیل کو وہاں بسایا۔ 3تَب شُلومونؔ ضوباہ حماتؔ کو گئے۔ اَور اُس پر قبضہ کر لیا۔ 4اَور شُلومونؔ نے صحرا میں تدمورؔ کو اَور حماتؔ کے سَب ذخیروں کے شہروں کو بھی تعمیر کیا۔ 5اُنہُوں نے بالائی اَور نِچلے دونوں بیت حَورُونؔ کے شہروں کو فصیلوں، پھاٹکوں اَور سلاخوں کے ذریعہ قلعہ بند کیا اَور اُنہیں نئے سِرے سے تعمیر کیا۔ 6پھر شُلومونؔ نے بعلاتؔ کو اَور اَپنے دیگر ذخیروں کے تمام شہروں کو بھی تعمیر کروایا جہاں اَپنے رتھوں، گھوڑوں اَور گُھڑسواروں کو رکھا۔ اِن کے علاوہ اُنہُوں نے یروشلیمؔ، لبانونؔ اَور اَپنے سارے مُلک میں اَپنی مرضی کے مُوافق عمارتیں تعمیر کروائیں۔
7اَور مُلک میں اَب بھی چند اَیسے لوگ بچے ہُوئے تھے جو بنی اِسرائیل کی نَسل سے نہیں تھے۔ یہ حِتّی، امُوری، پَرزّی، حِوّی اَور یبُوسی نَسل میں سے باقی بچے ہُوئے تھے۔ 8حقیقت میں یہ اُن اَقوام کی اَولاد تھیں جنہیں بنی اِسرائیل نے ہلاک نہیں کیا تھا۔ تَب شُلومونؔ نے اُنہیں بیگار کے لیٔے بھرتی کیا جَیسا کہ آج کے دِن تک اِسی عہدے پر کام کرتے ہیں۔ 9لیکن شُلومونؔ نے اَپنے کام کے لیٔے اِسرائیلیوں میں سے کسی کو غُلام نہ بنایا بَلکہ وہ اُس کے جنگجو فَوجی، لشکروں کے سپہ سالار اَور اُس کے رتھوں اَور رتھ بانوں کے سردار بنائے جاتے تھے۔ 10شُلومونؔ بادشاہ نے دو سَو پچاس اعلیٰ اہلکاروں کو اِن سَب کے اُوپر حُکومت کرنے کے لئے اِنتخاب کیا تھا۔
11اِس کے بعد شُلومونؔ فَرعوہؔ کی بیٹی کو داویؔد کے شہر سے اُس محل میں جو اُنہُوں نے اُس کے لیٔے تعمیر کروایا تھا لے آئے کیونکہ اُنہُوں نے کہا، ”میری بیوی کو اِسرائیل کے بادشاہ داویؔد کے محل میں نہیں رہنا چاہئے کیونکہ وہ علاقہ یَاہوِہ کے عہد کے صندُوق کی مَوجُودگی کے باعث مُقدّس ہے۔“
12تَب شُلومونؔ نے یَاہوِہ کے اُس مذبح پر جسے اُنہُوں نے برامدے کے سامنے تعمیر کروایا تھا، یَاہوِہ کو سوختنی نذریں گذرانیں۔ 13جَیسا کہ مَوشہ کے حُکم کے مُطابق لوگوں کا فرض تھا کہ وہ سَبتوں، نئے چاندوں اَور تین سالانہ عیدوں یعنی بے خمیری روٹی کی عید، ہفتوں کی عید اَور خیموں کی عید پر قُربانیاں گذرانی۔ 14اَور اُنہُوں نے اَپنے باپ داویؔد کے فرمان کے مُطابق کاہِنوں کے فریقوں کو اُن کے کاموں پر اَور لیویوں کو حَمد و سِتائش میں پیشوائی کرنے کے اَور ہر روز کے فرض کے مُطابق کاہِنوں کی مدد کرنے کے لیٔے مُقرّر کیا۔ اُنہُوں نے دربانوں کو بھی اُن کے فریقوں کے مُطابق مُختلف پھاٹکوں پر مُقرّر کیا کیونکہ مَرد خُدا داویؔد نے اَیسا ہی حُکم دیا تھا۔ 15اَور وہ بادشاہ کے اَحکام پر ہمیشہ عَمل کرتے رہے جو اُنہُوں نے اُن باتوں کے بارے میں اَور خزانوں کے متعلّق کاہِنوں یا لیویوں کو دئیے تھے۔
16اِس طرح شُلومونؔ کی مَعرفت سے شروع کیا گیا سارا کام یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی بُنیاد ڈالنے کے دِن سے لے کر اُس کے تعمیر ہو جانے تک اَچھّی طرح جاری رہا، تَب یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کی تعمیر کا کام پُورا ہو گیا۔
17پھر شُلومونؔ مُلکِ اِدُوم میں سمُندر کے کنارے آباد شہر عضیُون گیبر اَور ایلاتؔ کو گئے۔ 18اَور حِیرامؔ بادشاہ نے اُنہیں بحری جہاز بھیجے جِن پر اُن کے اَپنے افسر اَور ملّاح مُعیّن تھے اَور وہ اَیسے خادِم تھے جو سمُندر سے واقف تھے۔ وہ شُلومونؔ کے مُلازمین کے ہمراہ اوفیرؔ کے سمُندری سفر پر روانہ ہُوئے اَور وہاں سے وہ 450 تالنت#8‏:18 450 تالنت تقریباً پندرہ ہزار کِلو سونا لے کر آئے جو شُلومونؔ کے لیٔے تھا۔

موجودہ انتخاب:

2 تواریخ 8: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in