YouVersion Logo
تلاش

اعمال 15

15
یروشلیمؔ میں رسولوں کا اِجلاس
1بعض لوگ یہُودیؔہ سے انطاکِیہؔ پہُنچے اَور بھائیوں کو یہ تعلیم دینے لگے: ”اگر حضرت مُوسیٰ کی رائج کی ہویٔی رَسم کے مُطابق تمہارا ختنہ نہیں ہُوا، تو تُم نَجات نہیں پا سکتے۔“ 2اِس پر پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کی اُن لوگوں سے سخت بحث و تکرار ہویٔی۔ چنانچہ جماعت نے پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ، اَور بعض دیگر اَشخاص کو اِس غرض سے مُقرّر کیا کہ وہ یروشلیمؔ جایٔیں اَور وہاں اِس مسٔلہ پر رسولوں اَور بُزرگوں سے بات کریں۔ 3تَب جماعت نے اُنہیں روانہ کیا، اَور جَب وہ فینیکےؔ اَور سامریہؔ کے علاقوں سے گزر رہے تھے، تو اُنہُوں نے وہاں کے مَسیحی بھائیوں کو بتایا کہ کِس طرح غَیریہُودی بھی المسیؔح پر ایمان لایٔے اَور جماعت میں شامل ہو گئے۔ یہ خبر سُن کر سارے بھایٔی نہایت خُوش ہوئے۔ 4جَب وہ یروشلیمؔ آئے تو جماعت، رسولوں اَور بُزرگوں نے اُن کا خیرمقدم کیا، تَب اُنہُوں نے سَب کچھ بَیان کیا کہ خُدا نے اُن کے ذریعہ کیا کیا کام اَنجام دئیے۔
5فریسیوں کے فرقہ کے بعض لوگ جو ایمان لا چُکے تھے کھڑے ہوکر کہنے لگے، ”غَیریہُودی میں سے ایمان لانے وَالوں کا ختنہ کیا جائے اَور اُنہیں حضرت مُوسیٰ کی شَریعت پر عَمل کرنے کا حُکم دیا جائے۔“
6لہٰذا رسول اَور بُزرگ اِس بات پر غور کرنے کے لیٔے جمع ہویٔے۔ 7کافی بحث و تکرار کے بعد، پطرس نے کھڑے ہوکر اُنہیں یُوں مُخاطِب کیا: ”اَے بھائیو، تُم جانتے ہو کہ بہت عرصہ پہلے خُدا نے تُم لوگوں میں سے مُجھے چُنا تاکہ غَیریہُودی بھی میری زبان سے خُوشخبری کا کلام سُنیں اَور ایمان لائیں۔ 8خُدا، جو دل کا حال جانتا ہے، اُس نے ہماری طرح اُنہیں بھی پاک رُوح دیا اَور گواہی دے کر ظاہر کر دیا، کہ وہ بھی اُس کی نظر میں مقبُول ٹھہرے ہیں۔ 9خُدا نے ہم میں اَور اُن میں کویٔی اِمتیاز نہیں کیا کیونکہ اُن کے ایمان لانے کے باعث اُس نے اُن کے دل بھی پاک کیٔے۔ 10تو اَب تُم خُدا کو آزمائے کے لیٔے مَسیحی شاگردوں کی گردن پر اَیسا جؤا کیوں رکھتے ہو جسے ہم ہی اُٹھا سکے اَور نہ ہمارے آباؤاَجداد برداشت کر سکے؟ 11حالانکہ! ہمارا ایمان تُو یہ ہے کہ خُداوؔند عیسیٰ کے فضل کی بدولت جِس طرح وہ نَجات پائیں گے، اُسی طرح ہم بھی پائیں گے۔“
12ساری جماعت پر خَاموشی چھاگئی اَور لوگ بَرنباسؔ اَور پَولُسؔ کا بَیان سُننے لگے کہ خُدا نے اُن کے ذریعہ غَیریہُودی میں کیسے کیسے معجزے اَور عجِیب نِشان دکھائے۔ 13جَب اُن کی باتیں ختم ہویٔیں، تو یعقوب نے بَیان کیا۔ ”اَے بھائیو،“ آپ نے مزید فرمایا، ”میری بات سُنو۔“ 14شمعُونؔ#15‏:14 شمعُونؔ یُونانی زبان میں سائمن جو کی شمعُونؔ کا ہی مترادف ہے؛ اِس کا معنی پطرس‏ بھی ہے۔‏ تُمہیں بَیان کر چُکاہے کہ پہلے کِس طرح خُدا غَیریہُودیوں پر ظاہر ہُوا تاکہ اُن میں سے لوگوں کو چُن کر اَپنے نام کی ایک اُمّت بنا لے۔ 15نَبیوں کا کلام بھی اِس کے مُطابق ہے، جَیسا کہ لِکھّا ہے:
16” ’اِس کے بعد میں پھر آؤں گا
اَور داؤؔد کے گِرے ہوئے خیمہ کو کھڑا کروں گا۔
اُس کے پھٹے ٹُوٹے کی مرمّت کرکے،
اُسے پھر سے تعمیر کروں گا،
17تاکہ باقی اِنسان خُداوؔند کی تلاش کریں،
تاکہ باقی لوگ یعنی سَب غَیریہُودی جو خُداوؔند کے نام کے کَہلاتے ہیں،
وُہی خُداوؔند جو یہ کام کرے گا یہ اُسی خُدا کا قول ہے‘#15‏:17‏ عامُوس 9‏:11‏،12‏‏
18جسے اَزل سے ہی اَپنی کاریگری کا علم ہے۔
19”اِس لیٔے میری رائے یہ ہے کہ ہم اُن غَیریہُودیوں کو تکلیف میں نہ ڈالیں جو خُدا کی طرف رُجُوع ہو رہے ہیں۔ 20بَلکہ اُنہیں خط لِکھ کر یہ بتائیں کہ وہ بُتوں کو نذر چڑھائی ہویٔی چیزوں اَور جنسی بدفعلی سے بچیں اَور گلا گُھونٹے ہویٔے جانوروں کے گوشت سے اَور اُن کے خُون سے پرہیز کریں۔ 21اِس لیٔے کہ ہر شہر میں قدیم زمانہ سے حضرت مُوسیٰ کے حُکموں کی مُنادی کی گئی ہے اَور وہ یہُودی عبادت گاہوں میں ہر سَبت کو پڑھ کر سُنائے بھی جاتے ہیں۔“
غَیریہُودی قوم کے ماننے وَالوں کومَجلِس کا خط
22تَب رسولوں اَور بُزرگوں اَور ساری جماعت نے مِل کر مُناسب سمجھا کہ اَپنے میں سے چند آدمیوں کو چُن کر اُنہیں پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے ساتھ انطاکِیہؔ روانہ کیا جائے یعنی یہُوداؔہ کو جو برسبّاؔ کہلاتا ہے، اَور سِیلاسؔ کو جو بھائیوں میں مُقدّم تھے۔ 23اُن کے ہاتھ یہ خط روانہ کیا جو یہ ہے:
رسولوں اَور بُزرگ بھائیوں کی طرف سے،
انطاکِیہؔ، سِیریؔا اَور کِلکِیؔہ کے غَیریہُودی مَسیحی بھائیوں کو
سلام پہُنچے۔
24ہم نے سُنا ہے کہ بعض لوگ ہم سے اِختیّار لیٔے بغیر تمہارے یہاں گیٔے اَور اُنہُوں نے اَپنی باتوں سے تمہارے دلوں کو پریشانی میں مُبتلا کر دیا۔ 25اِس لیٔے ہم نے مِل کر مُناسب جانا کہ یہاں سے دو آدمیوں کو چُن کر اَپنے عزیزوں پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کے ہمراہ تمہارے پاس بھیجا جائے۔ 26یہ اَیسے آدمی ہیں کہ جنہیں ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کے نام کی خاطِر اَپنی جانوں تک کی پرواہ نہیں۔ 27لہٰذا ہم نے یہُوداؔہ اَور سِیلاسؔ کو بھیجا ہے اَور وہ یہ باتیں زبانی طور پر بھی بَیان کریں گے۔ 28پاک رُوح نے اَور ہم نے مُناسب سمجھا کہ اِن ضروُری باتوں کے علاوہ تُم پر کویٔی اَور بوجھ نہ لادیں۔ 29پس تُم بُتوں کو نذر چڑھائی ہویٔی چیزوں سے، خُون سے، گلا گُھونٹے ہویٔے جانوروں کے گوشت سے پرہیز کرو اَور جنسی بدفعلی سے اَپنے آپ کو بچائے رکھو۔ اِن چیزوں سے دُور رہنا تمہارے لیٔے بہتر ہوگا۔
والسّلام۔
30پس وہ آدمی رخصت ہوکر انطاکِیہؔ پہُنچے جہاں اُنہُوں نے جماعت کو جمع کرکے یہ خط اُن کے حوالہ کر دیا۔ 31وہ خط میں لکھی ہویٔی نصیحتوں کو پڑھ کر خُوش ہویٔے۔ 32یہُوداؔہ اَور سِیلاسؔ خُود بھی نبی تھے۔ اُنہُوں نے وہاں کے ایمان وَالوں کو نصیحتیں کیں اَور اُن کے ایمان کو مضبُوط کیا۔ 33کچھ دِنوں بعد بھائیوں نے اُنہیں سلامتی کی دعا کے ساتھ رخصت کیا تاکہ وہ اَپنے بھیجنے وَالوں کے پاس لَوٹ جایٔیں۔ 34مگر سِیلاسؔ کو وہیں ٹھہرے رہنا اَچھّا لگا۔#15‏:34 قدیمی نوشتوں میں یہ نہیں پایا جاتا۔ 35مگر پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ انطاکِیہؔ ہی میں رُک گیٔے جہاں وہ اَور کیٔی دُوسرے لوگ مِل جُل کر تعلیم دیتے اَور خُداوؔند کے کلام کی تبلیغ کرتے رہے۔
پَولُسؔ اَور بَرنباسؔ کا جُدا ہو جانا
36کچھ عرصہ بعد پَولُسؔ نے بَرنباسؔ سے فرمایا، ”آؤ ہم اُن سارے شہروں میں واپس جایٔیں جہاں ہم نے خُداوؔند کے کلام کی مُنادی کی تھی اَور بھائیوں سے مُلاقات کریں اَور دیکھیں کہ اُن کا کیا حال ہے۔“ 37بَرنباسؔ کی مرضی تھی کہ یُوحنّؔا، کو جو مرقُسؔ کَہلاتے ہیں، ساتھ لے جانا چاہتے تھے، 38لیکن پَولُسؔ نے مُناسب نہ سمجھا کہ یُوحنّؔا اُن کے ساتھ جائے کیونکہ وہ پَمفِیلؔیہ میں کام چھوڑکر اُن سے الگ ہو گیا تھا۔ 39اِس پر اُن دونوں میں اِس قدر سخت اَن بَن ہویٔی کہ وہ ایک دُوسرے سے علیحدہ ہو گئے۔ بَرنباسؔ تو مرقُسؔ کو لے کر جہاز سے جَزِیرہ قُبرصؔ چَلا گیا 40اَور پَولُسؔ نے سِیلاسؔ کو ساتھ لے لیا اَور بھائیوں نے اُنہیں دعاؤں کے ساتھ خُداوؔند کے فضل کے سُپرد کیا اَور وہ وہاں سے چل دئیے۔ 41پَولُسؔ، سِیریؔا اَور کِلکِیؔہ سے ہوتے ہوئے جماعتوں کو مضبُوط کرتے گیٔے۔

موجودہ انتخاب:

اعمال 15: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in