3
باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ کی شِکست
1پھر ہم مُڑ کر باشانؔ کے راستہ سے آگے بڑھے اَور باشانؔ کا بادشاہ عوگؔ اَپنے سارے لشکر کے ساتھ نکل کر ادرعیؔ کے مقام پر ہم سے جنگ کرنے کو آیا۔ 2یَاہوِہ نے مُجھ سے فرمایا، ”اُس سے خوفزدہ مت ہو کیونکہ مَیں نے اُسے اُس کے سارے لشکر اَور اُس کے مُلک سمیت تمہارے حوالہ کر دیا ہے۔ لہٰذا جَیسا تُم نے امُوریوں کے بادشاہ سیحونؔ کے ساتھ کیا، جو حِشبونؔ میں حُکمراں تھا وَیسا ہی اُس کے ساتھ بھی کرنا۔“
3چنانچہ یَاہوِہ ہمارے خُدا نے باشانؔ کے بادشاہ عوگؔ کو بھی اُس کے سارے لشکر سمیت ہمارے ہاتھ میں کر دیا اَور ہم نے اُنہیں یہاں تک مارا کہ اُن میں کویٔی باقی نہ بچا۔ 4اَور اُسی وقت ہم نے اُس کے سارے شہر لے لیٔے اَور اُن ساٹھ شہروں میں سے اَیسا کویٔی شہر نہ تھا جسے ہم نے اُن سے نہ لیا ہو یعنی ارگوبؔ کا سارا علاقہ جو باشانؔ میں عوگؔ کی سلطنت میں تھا۔ 5یہ سَب شہر اُونچی اُونچی فصیلوں اَور پھاٹکوں اَور بینڈوں سے مُستحکم کئے گیٔے تھے اَور کیٔی اَیسے دیہات بھی تھے جو فصیلدار نہ تھے۔ 6اَور جِس طرح ہم نے حِشبونؔ کے بادشاہ سیحونؔ کے ساتھ کیا تھا وَیسے ہی اِن سَب کو بالکُل تباہ کر دیا۔ ہر شہر کو مَردوں عورتوں اَور بچّوں سمیت بالکُل نابود کر دیا۔ 7لیکن سَب مویشی اَور اُن کے شہروں کا مالِ غنیمت ہم نے اَپنے لیٔے رکھ لیا۔
8چنانچہ اُس وقت ہم نے اُن دو امُوری بادشاہوں سے ارنُونؔ کی گھاٹی سے لے کر کوہِ حرمُونؔ تک یردنؔ کے مشرق کا سارا علاقہ اَپنے اِختیار میں کر لیا۔ 9(حرمُونؔ کو صیدونی سِریُونؔ اَور امُوری سنیرؔ کہتے ہیں۔) 10ہم نے ہموار میدان کے سَب شہر اَور تمام گِلعادؔ اَور سارا باشانؔ، سَلِکہؔ اَور ادرعیؔ تک جو باشانؔ میں واقع عوگؔ کی سلطنت میں تھے سَب اَپنے اِختیار میں کر لیا۔ 11(رفائیمؔ کی نَسل کے لوگوں میں سے صِرف باشانؔ کا بادشاہ عوگؔ ہی رہ گیا تھا۔ اُس کا پلنگ لوہے کا بنا ہُوا تھا جو لمبا 9 ہاتھ#3:11 9 ہاتھ تیرہ فِٹ اَور چوڑا 4 ہاتھ#3:11 چوڑا 4 ہاتھ پانچ فِٹ تھا۔ وہ اَب بھی بنی عمُّون کے شہر ربّہؔ میں مَوجُود ہے۔)
مُلک کی تقسیم
12پھر ہم نے اُس وقت جو مُلک قبضہ میں لے لیا تھا اُس میں سے ارنُونؔ کی گھاٹی کے پاس کے عروعؔر کے شمال کا علاقہ اَور گِلعادؔ کے کوہستانی مُلک کا نِصف حِصّہ اَور اُس کے شہر، مَیں نے رُوبِنیوں اَور گادیوں کو دے دیا۔ 13گِلعادؔ کا بقیّہ حِصّہ اَور سارا باشانؔ جو عوگؔ کی سلطنت میں تھا مَیں نے منشّہ کے نِصف قبیلہ کو دے دیا۔ (باشانؔ میں ارگوبؔ کا سارا علاقہ رفائیمؔ کا مُلک کہلاتا ہے۔ 14منشّہ کے بیٹے یائیرؔ نے گیشُوریوں اَور معکاتیوں کی سرحد تک کا ارگوبؔ کا پُورا علاقہ لے لیا اَور وہ اُس کے نام سے منسوب ہُوا۔ اِس لیٔے باشانؔ آج کے دِن تک حوّوت یائیرؔ کہلاتا ہے۔) 15اَور مَیں نے گِلعادؔ مکیرؔ کو دے دیا۔ 16لیکن رُوبِنیوں اَور گادیوں کو مَیں نے گِلعادؔ سے لے کر وادیِ ارنُونؔ تک کا علاقہ دے دیا (جِس کی سرحد وادی کا درمیانی حِصّہ تھا) جو دریائے یبّوقؔ تک جو بنی عمُّون کی سرحد ہے پھیلا ہُوا تھا۔ 17مشرق میں پِسگہؔ کی ڈھلانوں کے نیچے سے عراباہؔ کے کنارے یردنؔ تک اَور کِنّریتؔ سے عراباہؔ کے سمُندر یعنی بحرمُردار تک کے علاقے بھی اُنہیں دے دئیے۔
18اُس وقت مَیں نے تُمہیں حُکم دیا: ”یَاہوِہ تمہارے خُدا نے یہ مُلک تُمہیں دیا ہے تاکہ تُم اُس کے مالک ہو جاؤ۔ لیکن تمہارے سَب جنگی مَرد ہتھیار باندھ کر اَپنے اِسرائیلی بھائیوں کے آگے آگے دریائے یردنؔ کے پار جایٔیں۔ 19البتّہ تمہاری بیویاں اَور تمہارے بچّے اَور تمہارے مویشی، کیونکہ مَیں جانتا ہُوں کہ تمہارے پاس مویشی بہت ہیں، اِس لیٔے یہ سَب تمہارے اُنہیں شہروں میں رہیں جو مَیں نے تُمہیں دئیے ہیں، 20جَب تک یَاہوِہ تمہارے بھائیوں کو تمہاری مانند چَین نہ بخشے جَیسے تُمہیں بخشا ہے اَور وہ بھی اُس مُلک پر قابض نہ ہو جایٔیں جو یَاہوِہ تمہارے خُدا یردنؔ کے اُس پار اُنہیں دے رہے ہیں۔ اُس کے بعد تُم میں سے ہر ایک اُسی مِلکیّت میں لَوٹ جائے جو مَیں نے تُمہیں دی ہے۔“
مُوسیٰ کو دریائے یردنؔ پار کرنے کی ممانعت
21اُس وقت مَیں نے یہوشُعؔ کو حُکم دیا: ”تُم نے اَپنی آنکھوں سے دیکھا کہ یَاہوِہ تمہارے خُدا نے اُن دو بادشاہوں کے ساتھ کیا کیا ہے۔ یَاہوِہ وہاں کی تمام سلطنتوں کے ساتھ بھی وَیسا ہی کریں گے جہاں تُم جا رہے ہو۔ 22لہٰذا تُم اُن سے مت ڈرنا۔ یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہاری خاطِر لڑیں گے۔“
23اُس وقت مَیں نے یَاہوِہ سے مِنّت کی: 24”اَے یَاہوِہ قادر، آپ نے اَپنے خادِم کو اَپنی عظمت اَور اَپنا قوی ہاتھ دِکھانا شروع کیا ہے کیونکہ آسمان میں یا زمین پر اَیسا کون معبُود ہے جو آپ کے جَیسا کام اَور عظیم کارنامے اَنجام دے سکے؟ 25لہٰذا مُجھے بھی یردنؔ کے پار کے اُس اَچھّے مُلک یعنی اُس خُوشنما پہاڑی مُلک اَور لبانونؔ کو دیکھ لینے دیجئے۔“
26لیکن تمہاری وجہ سے یَاہوِہ مُجھ سے خفا ہُوئے اَور اُنہُوں نے میری نہ سُنی۔ بَلکہ یَاہوِہ نے فرمایا، ”بس کر اِس مُعاملہ میں آئندہ مُجھ سے بات نہ کرنا۔ 27پِسگہؔ پہاڑ کی چوٹی پر چڑھ جا، اَور مغرب اَور شمال اَور جُنوب اَور مشرق کی طرف نظر دَوڑا۔ اَپنی آنکھوں سے اُس مُلک کا نظارہ کر لے کیونکہ تُو اِس یردنؔ کو پار نہ کر پایٔےگا۔ 28لیکن یہوشُعؔ کو اِختیار بخش اَور اُس کی حوصلہ اَفزائی کرکے اُسے مضبُوط کر کیونکہ وہ اُن لوگوں کو یردنؔ پار لے جائے گا اَور وُہی اُنہیں اُس مُلک میں قابض کرائے گا، جسے تُم دیکھنے والے ہو۔“ 29چنانچہ ہم بیت پعورؔ کے پاس کی وادی میں ہی ٹھہرے رہے۔