42
کاہِنوں کے لیٔے کمرے
1پھر وہ مُجھے شمال کی جانِب سے بیرونی صحن میں لے آیا اَور اُن کمروں کے پاس لایا جو بیت المُقدّس کے صحن کے مقابل یعنی شمال کی جانِب بیرونی دیوار کے مقابل تھے۔ 2وہ عمارت جِس کے دروازہ کا رُخ شمال کی جانِب تھا، سَو ہاتھ لمبی اَور پچاس ہاتھ چوڑی تھی۔ 3اَندرونی صحن سے بیس ہاتھ کی دُوری پر کے حِصّہ میں اَور بیرونی صحن کے فرش کے مقابل تینوں منزلوں پر ایک دُوسرے کے مقابل برامدے تھے۔ 4کمروں کے سامنے دس ہاتھ چوڑا اَور سَو ہاتھ لمبا اَندرونی راستہ تھا۔ اُن کے دروازے شمال کی جانِب تھے۔ 5اُوپر کی مَنزل کے کمرے چُھوٹے تھے کیونکہ عمارت کی اُس مَنزل پر برامدوں نے درمیانی اَور نِچلی مَنزل سے زِیادہ جگہ لے رکھی تھی۔ 6تیسری مَنزل کے کمروں کے سُتون نہ تھے، جَیسا کہ صحن کے تھے، اِس لیٔے اُن کے فرش کا رقبہ نِچلی مَنزل اَور درمیانی مَنزل کے کمروں سے کم تھا۔ 7کمروں کے اَور بیرونی صحن کے مدّمقابل پچاس ہاتھ لمبی ایک بیرونی دیوار تھی جو کمروں کے سامنے سے ہوکر گزرتی تھی۔ 8حالانکہ بیرونی کمروں سے لگ کر بنے ہُوئے کمروں کی قطار پچاس ہاتھ لمبی تھی لیکن پاک مُقدّس کے نزدیک بنے ہُوئے کمروں کی قطار سَو ہاتھ لمبی تھی۔ 9نِچلے کمروں میں بیرونی صحن سے داخل ہونے کے لیٔے مشرق کی جانِب سے دروازہ تھا۔
10جُنوب میں بیرونی صحن کی دیوار سے لگ کر بیت المُقدّس کے صحن سے لگ کر اَور بیرونی دیوار کے مقابل کمرے تھے 11جِن کے سامنے گزرگاہ بنی ہُوئی تھی۔ یہ کمرے شمال کی جانِب بنے ہُوئے کمروں کی مانند تھے۔ اُن کی لمبائی اَور چوڑائی اُن ہی کے برابر تھی اَور اُن کی گزرگاہ، مخارج یکساں اَور ہو بہُو شمال کی جانِب بنے ہُوئے دروازوں کے مُطابق تھے۔ 12جُنوب میں بنے ہُوئے کمروں کے دروازے تھے۔ مشرق کی جانِب بڑھتی ہُوئی دیوار کے سامنے کی راہ کے سِرے پر ایک دروازہ تھا جہاں سے لوگ کمروں میں داخل ہوتے تھے۔ جُنوب کی طرف کے کمروں کے دروازے تھے۔ کمروں میں داخل ہونے کے لئے راستے کے شروع میں ایک دروازہ تھا۔ یہ راستہ مشرق کی طرف پھیلی ہوئی مساوی دیوار کے مدّمقابل تھا۔
13پھر اُس نے مُجھ سے کہا، ”شمالی اَور جُنوبی کمرے جِن کا رُخ بیت المُقدّس کے صحن کی طرف ہے کاہِنوں کے کمرے ہیں جہاں یَاہوِہ کے حُضُور میں جانے والے کاہِنؔ نہایت مُقدّس قُربانیاں کھایٔیں گے۔ وہاں وہ نہایت مُقدّس قُربانیاں رکھیں گے جَیسے نذر کی قُربانیاں، گُناہ کی قُربانیاں اَور خطا کی قُربانیاں وغیرہ کیونکہ وہ مقام مُقدّس ہے۔ 14ایک بار کاہِنؔ مُقدّس علاقہ میں داخل ہو جایٔیں تو وہ اُس وقت تک بیرونی صحن میں نہیں جا سکتے جَب تک کہ وہ اَپنے کپڑے نہ اُتاریں جنہیں پہن کر وہ خدمت کرتے ہیں کیونکہ وہ مُقدّس ہوتے ہیں۔ جَب وہ اُن جگہوں میں جاتے ہیں جو عوام کے لیٔے ہوتی ہیں تَب دُوسرے کپڑے پہن کر جایٔیں۔“
15جَب اُس نے بیت المُقدّس کے اَندر کی چیزیں ناپ لیں تَب اُس نے مُجھے مشرقی پھاٹک کی راہ سے باہر نکالا اَور چاروں طرف کے علاقہ کی پیمائش کرلی۔ 16اُس نے پیمائش کے سَرکنڈے سے مشرق کی طرف کا حِصّہ ناپا جو پانچ سَو ہاتھ#42:16 پانچ سَو ہاتھ تقریباً میٹر265 تھا۔ 17اُس نے شمال کی طرف کا حِصّہ ناپا؛ وہ بھی پیمائش کے سَرکنڈے کے مُطابق پانچ سَو ہاتھ تھا۔ 18اُس نے جُنوب کی طرف کا حِصّہ ناپا۔ وہ بھی پیمائش کے سَرکنڈے کے مُطابق پانچ سَو ہاتھ نِکلا۔ 19پھر وہ مغرب کی جانِب مُڑا اَور وہ حِصّہ ناپا۔ وہ بھی پیمائش کے سَرکنڈے کے مُطابق پانچ سَو ہاتھ تھا۔ 20اِس طرح اُس نے چاروں سمت کی جگہیں ناپیں۔ اُس کے چاروں طرف دیوار تھی جو پانچ سَو ہاتھ لمبی اَور پانچ سَو ہاتھ چوڑی تھی تاکہ مُقدّس علاقہ کو عام علاقہ سے جُدا کرے۔