8
عزراؔ کے ہمراہ لَوٹنے والوں کی فہرست
1ارتخشستاؔ بادشاہ کے دَورِ حُکومت میں جو لوگ بابیل سے میرے ہمراہ آئے اُن کے آبائی خاندانوں کے سردار اَور اُن کے ساتھ شاملِ فہرست کے افراد یہ ہیں:
2بنی فِنحاسؔ میں سے؛
گیرشوم:
بنی اِتمارؔ سے
دانی ایل؛
بنی داویؔد میں سے
حطُّوشؔ 3بنی شِکنیاہؔ؛
بنی پرعوش میں سے
زکریاؔہ، اَور اُس کے ساتھ نَسب نامہ کی رو سے 150 مَرد درج کئے گیٔے؛
4بنی پخت مُوآب میں سے:
الِیہُوعنائی بِن زراخیاہؔ اَور اُس کے ساتھ 200 مَرد؛
5اَور بنی زتُّو میں سے
شِکنیاہؔ بِن یحزی ایل اَور اُس کے ساتھ 300 مَرد۔
6اَور بنی عدِین میں سے
عبیدؔ بِن یُوناتانؔ اَور اُس کے ساتھ 50 مَرد؛
7اَور بنی عیلامؔ میں سے
یِشعیہ بِن عتلیاہؔ اَور اُس کے ساتھ 70 مَرد؛
8اَور بنی شفطیاہؔ میں سے
زبدیاہؔ بِن مِیکاایلؔ اَور اُس کے ساتھ 80 مَرد؛
9اَور بنی یُوآبؔ سے
عبدیاہؔ بِن یحی ایل اَور اُس کے ساتھ 218 مَرد؛
10اَور بنی بانیؔ میں سے
شلُومیتؔ بِن یُوسفیاہؔ اَور اُس کے ساتھ 160 مَرد؛
11اَور بنی ببئیؔ میں سے
زکریاؔہ بِن ببئیؔ اَور اُس کے ساتھ 28 مَرد؛
12اَور بنی عزگادؔ میں سے
یوحانانؔ بِن حقّاطانؔ اَور اُس کے ساتھ 110 مَرد؛
13اَور آخِر میں بنی ادُونِقامؔ میں جو لوگ آئے اُن کے نام یہ ہیں:
الیفلطؔ اَور یعی ایل اَور شمعیاہؔ اَور اُن کے ساتھ 60 مَرد؛
14اَور بنی بِگوئی میں سے
عوطیؔ اَور زکُورؔ اَور اُن کے ساتھ 70 مَرد؛
یروشلیمؔ کو واپسی۔
15مَیں نے اُنہیں اُس نہر کے پاس جو اہاواؔ کی طرف بہتا ہے جمع کیا اَور ہم نے وہاں تین دِن پڑاؤ کیا۔ جَب مَیں نے لوگوں اَور کاہِنوں کا جائزہ لیا تو بنی لیوی میں سے کسی کو نہ پایا۔ 16پس مَیں نے الیعزرؔ، اریئیلؔ، شمعیاہؔ، الناتھانؔ، یرِیبؔ، الناتھانؔ، ناتنؔ، زکریاؔہ اَور مِشُلّامؔ کو جو سردار تھے اَور یُویرِیبؔ اَور الناتھانؔ کو جو مُعلّم تھے بُلوایا۔ 17اَور مَیں نے اُنہیں عِدّوؔ کے پاس بھیجا جو کَسِیفیاؔ میں رہنما تھا اَور اُنہیں بتایا کہ کَسِیفیاؔ جا کر عِدّوؔ اَور اُس کے بھائیوں سے جو بیت المُقدّس کے خُدّام ہیں کیا کچھ کہنا ہے تاکہ وہ وہاں سے خُدا کے گھر کے لیٔے خدمت گار ہمارے پاس لے آئیں۔ 18چونکہ ہمارے خُدا کا مہربان ہاتھ ہم پر تھا اِس لیٔے وہ محلیؔ بِن لیوی بِن اِسرائیل کی اَولاد میں سے ایک ہوشیار شخص شیرِبیاہؔ کو اَور اُس کے بیٹوں اَور بھائیوں یعنی اٹھّارہ آدمیوں کو؛ 19اَور حشبیاہؔ کو اَور اُس کے ساتھ بنی مِراریؔ میں سے یِشعیہ کو اَور اُس کے بھائیوں اَور اُن کے بیٹوں کو یعنی 20 آدمیوں کو ہمارے پاس لے آئے۔ 20وہ دو سَو بیس بیت المُقدّس کے خُدّام کو بھی لے کر آئے۔ یہ اُن لوگوں میں سے تھے جنہیں داویؔد اَور اُمرا نے لیویوں کی مدد کے لیٔے مُقرّر کیا تھا۔ سبھوں کو نام بنام فہرست میں درج کئےگئے تھے۔
21وہاں اہاواؔ نہر کے پاس مَیں نے روزہ رکھنے کی مُنادی کرائی تاکہ ہم اَپنے آپ کو خُدا کے حُضُور حلیم بنائیں اَور خُدا سے دعا کریں کہ وہ ہمارے سفر کو مُبارک کریں اَور ہمیں، ہمارے بال بچّوں اَور مال و متاع کو محفوظ رکھیں۔ 22چونکہ ہم نے بادشاہ سے کہاتھا کہ، ”ہمارے خُدا کا مہربان ہاتھ اُس پر بھروسا کرنے والے ہر ایک شخص پر ہوتاہے لیکن اُن سَب پر اُن کا عتاب نازل ہوتاہے جو اُنہیں ترک کر دیتے ہیں۔ اِس لیٔے میں شرماتا تھا کہ بادشاہ سے راستے میں دُشمنوں سے حِفاظت کے لیٔے فَوجی سپاہیوں اَور گُھڑسواروں کے لیٔے درخواست کروں۔ 23سَو ہم نے روزہ رکھا اَور اُس بارے میں اَپنے خُدا کی بارگاہ میں اِلتماس کی۔ اَور اُنہُوں نے ہماری دعا کا جَواب دیا۔“
24پھر مَیں نے شیرِبیاہؔ، حشبیاہؔ اَور اُن کے دس بھائیوں سمیت بَارہ سربراہ کاہِنوں کو الگ کیا۔ 25اَور چاندی اَور سونے کے عطیات اَور وہ اَشیا جو بادشاہ، اُس کے مُشیروں اَور اُس کے افسروں اَور وہاں مَوجُود تمام اِسرائیلیوں نے ہمارے خُدا کے گھر کے لیٔے نذر کی تھیں تول کر اُنہیں دیں۔ 26مَیں نے اُنہیں 650 تالنت#8:26 650 تالنت تقریباً بائیس ہزار کِلو چاندی، چاندی کے برتن 100 تالنت،#8:26 چاندی کے برتن 100 تالنت 3 ہزار 4 سو کِلو سونا 100 تالنت، 2720 سونے کے پیالے جِن کی قیمت 1,000 دِرہم#8:27 1,000 دِرہم تقریباً ساڑھے آٹھ کِلو تھی اَور چمکائے ہُوئے کانسے کے دو نفیس برتن جو سونے کی طرح قیمتی تھے تول کر دیئے۔
28مَیں نے اُن سے کہا، ”تُم بھی اَور یہ اَشیا بھی یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہیں۔ یہ چاندی سونا تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا یَاہوِہ کے لیٔے رضا کی قُربانی ہے۔ 29جَب تک تُو اُنہیں سرکردہ کاہِنوں، لیویوں اَور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کے سامنے تول کر یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے گھر کے مال خانوں میں جمع نہ کروادے تَب تک احتیاط سے اُن کی حِفاظت کرنا۔“ 30تَب کاہِنوں اَور لیویوں نے چاندی، سونا اَور مُقدّس برتن تول کر لے لیٔے تاکہ اُنہیں یروشلیمؔ میں ہمارے خُدا کے گھر پہُنچا دیں۔
31پہلے مہینے کی بارہویں تاریخ کو ہم اہاواؔ نہر سے یروشلیمؔ جانے کے لیٔے روانہ ہُوئے۔ ہمارے خُدا کا ہاتھ ہم پر تھا اَور اُنہُوں نے راستہ میں ہمیں دُشمنوں اَور رَہزنوں سے محفوظ رکھا۔ 32اِس طرح ہم یروشلیمؔ پہُنچے اَور وہاں تین دِن تک ٹھہرے رہے۔
33چوتھے دِن ہم نے چاندی اَور سونا اَور مُقدّس ظروف کو تول کر یَاہوِہ کے گھر میں مریموتؔ بِن اورِیّاہؔ کاہِنؔ کے ہاتھ میں دے دیا۔ اُس وقت الیعزرؔ بِن فِنحاسؔ اُس کے ساتھ تھا۔ اَور اِسی طرح لیوی یُوزبادؔ بِن یہوشُعؔ اَور نوعیدیاہؔ بِن بِنّوئی بھی اُس کے ساتھ تھے۔ 34تمام اَشیا کا اُن کی تعداد اَور وزن کے مُطابق پُورا پُورا حِساب دیا گیا اَور تمام وزن اُسی وقت درج کر لیا گیا۔
35تَب بابیل کی اسیری سے واپس آنے والوں نے تمام اِسرائیل کے لیٔے بَارہ بچھڑے، چھیانوے مینڈھے اَور ستّر نر برّے لیٔے اَور گُناہ کی قُربانی کے لیٔے بَارہ بکرے لیٔے اَور اُنہیں اِسرائیل کے یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذروں کے طور پر چڑھایا۔ 36اُنہُوں نے بادشاہ کے فرمان بھی دریائے فراتؔ کے پار صُوبہ داروں اَور حاکموں کے حوالہ کئے اَور اُنہُوں نے بھی لوگوں کی اَور خُدا کے گھر کی مدد کی۔