YouVersion Logo
تلاش

گلتِیوں 2

2
شاگردوں کا پَولُسؔ کو قبُول کرنا
1چودہ بَرس بعد، میں پھر یروشلیمؔ چَلا گیا، اَور بَرنباسؔ اَور طِطُسؔ کو ساتھ لے گیا۔ 2میرا وہاں جانا خُدائی مُکاشفہ کے تحت ہُوا، میں نے اُن کو وُہی مُنادی کی، جِس خُوشخبری کی تبلیغ میں نے غَیریہُودیوں کو کی تھی، خُفیہ طور سے جماعت میں مُعتبر سمجھے جانے والے اُن لوگوں سے مُلاقات کی، اِس خوف سے کہیں اَیسا نہ ہو کہ میری پہلے کی یا اَب تک کی گئی دَوڑ دھوپ، بے فائدہ جائے۔ 3چنانچہ میرے ساتھی طِطُسؔ کو، ختنہ کرانے پر مجبُور نہیں کیا گیا، جَب کہ وہ یُونانی تھا۔ 4ختنہ کا سوال اُن مَسیحی منافقین کی طرف سے اُٹھایا گیا تھا، جو چُپکے سے ہم لوگوں میں داخل ہو گئے تھے تاکہ المسیؔح عیسیٰ میں حاصل ہوئی اُس آزادی کی جاسُوسی کرکے، ہمیں پھر سے یہُودی رَسم و رِواج کا غُلام بنا دیں۔ 5لیکن ہم نے دَم بھرکے لیٔے بھی اُن کی اِطاعَت قبُول نہ کی تاکہ خُوشخبری کی سچّائی تُم میں قائِم رہے۔
6جماعت کے اُن اراکین سے جو اہم سمجھے جاتے تھے، مُجھے کویٔی بھی نئی بات حاصل نہ ہُوئی (وہ کیسے بھی تھے، مُجھے اِس سے کویٔی واسطہ نہیں کیونکہ خُدا کی نظر میں سَب بَرابر ہیں)۔ 7اِس کے برعکس، ہمیں مَعلُوم ہُوا کہ جِس طرح یہُودی مختونوں کو خُوشخبری سُنانے کا کام پطرس کے سُپرد ہُوا، اُسی طرح غَیریہُودی نامختونوں کو خُوشخبری سُنانے کا کام میرے سُپرد ہُوا۔ 8کیونکہ جِس خُدا نے پطرس پر اثر ڈالا کہ وہ مختونوں کے لیٔے رسول بنے، اُسی نے مُجھ پر اثر ڈالا کہ میں غَیریہُودیوں کے لیٔے رسول بنُوں۔ 9وہاں یعقُوب، کیفؔا اَور یُوحنّؔا جماعت کے سربراہ سمجھے جاتے تھے، جَب اُن پر یہ حقیقت کھُلی کہ خُدا نے مُجھے بھی رِسالت کی تَوفیق عطا فرمائی ہے تو اُنہُوں نے مُجھ سے اَور بَرنباسؔ سے دایاں ہاتھ مِلا کر ہمیں اَپنی رِفاقت میں قبُول کر لیا۔ تاکہ ہم غَیریہُودیوں میں خدمت کریں، اَور وہ مختونوں میں۔ 10اُنہُوں نے صِرف یہ کہا کہ غریبوں کو یاد رکھنا، اَور دراصل یہ تو میں پہلے ہی سے کرنے کو تیّار تھا۔
پطرس پر پَولُسؔ کی ملامت
11جَب کیفؔا انطاکِیہؔ شہر میں آیا، تو میں نے سَب کے سامنے کیفؔا کی مُخالفت کی، کیونکہ وہ ملامت کے لائق تھا۔ 12بات یہ تھی کہ وہ یعقُوب کی طرف سے چند اَشخاص کے بھیجے جانے سے پیشتر، غَیریہُودیوں کے ساتھ کھانا کھا لیا کرتے تھے۔ مگر جَب وہ لوگ وہاں پہُنچے، تو پطرس نے مختونوں کے خوف سے غَیریہُودیوں سے کنارہ کر لیا۔ 13باقی یہُودی مَسیحی بھائیوں نے اِس ریاکاری میں پطرس کا ساتھ دیا، یہاں تک کہ اُن کی ریاکاری سے بَرنباسؔ کے قدم بھی ڈگمگا گیٔے۔
14جَب میں نے دیکھا کہ اُن کی یہ حرکت خُوشخبری کی سچّائی کے برخلاف ہے تو میں نے سَب کے سامنے کیفؔا سے کہا، ”تُم یہُودی ہونے کے باوُجُود، غَیریہُودیوں کی طرح زندگی گزارتے ہو۔ تو کِس مُنہ سے، غَیریہُودیوں کو مجبُور کرتے ہو کہ وہ یہُودیوں کے رَسم و رِواج کی پیروی کریں؟
15”ہم پیدائشی یہُودی ضروُر ہیں اَور غَیریہُودی گنہگاروں میں سے نہیں 16پھر بھی ہم یہ جانتے ہیں کہ اِنسان جِسمانی شَریعت پر عَمل کرنے سے نہیں، بَلکہ صِرف خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح پر ایمان لانے سے راستباز ٹھہرایا جاتا ہے۔ اِس لیٔے، ہم بھی، المسیؔح عیسیٰ پر ایمان لایٔے تاکہ شَریعت پر عَمل کرنے سے نہیں بَلکہ المسیؔح پر ایمان لانے سے راستباز ٹھہرائے جایٔیں، کیونکہ شَریعت کے اعمال سے کویٔی اِنسان راستباز نہیں ٹھہرایا جا سَکتا۔
17”لیکن، ہم جو یہ چاہتے ہیں کہ المسیؔح میں راستباز ٹھہرائے جایٔیں، اگر خُود ہی گنہگار نکلیں تو کیا المسیؔح گُناہ کا باعث ہیں؟ ہر گز نہیں! 18شَریعت کی جو دِیواریں میں نے گِرا دی تھیں، اگر اُنہیں پھر سے کھڑا کرنے لگُوں تو اَپنے آپ کو ہی قُصُوروار ٹھہراتا ہُوں۔
19‏-20”شَریعت کے اعتبار سے تو میں صلیب پر مَر چُکا ہُوں تاکہ میں خُدا کے اعتبار سے زندہ ہو جاؤں۔ میں المسیؔح کے ساتھ جِسمانی طور سے مصلُوب ہو چُکا ہُوں اَور میں زندہ نہیں ہُوں، بَلکہ المسیؔح مُجھ میں زندہ ہے۔ اَورجو زندگی میں اَب گزار رہا ہُوں، وہ خُدا کے بیٹے پر ایمان لانے کی وجہ سے گزار رہا ہُوں، جِس نے مُجھ سے مَحَبّت کی اَور میرے لیٔے اَپنی جان قُربان کر دی۔ 21میں خُدا کے اِس فضل کو ردّ نہیں کرتا، کیونکہ اگر راستبازی شَریعت کے وسیلہ سے حاصل کی جا سکتی تھی، تو المسیؔح نے بِلا مقصد اَپنی جان قُربان کی!“

موجودہ انتخاب:

گلتِیوں 2: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in