YouVersion Logo
تلاش

عِبرانیوں 7

7
مَلکِ صِدقؔ کی مانند اعلیٰ کاہِنؔ
1یہ مَلکِ صِدقؔ، سالمؔ کا بادشاہ اَور خُداتعالیٰ کا کاہِنؔ تھا۔ جَب حضرت اِبراہیمؔ چند بادشاہوں کو شِکست دے کر واپس آ رہے تھے تو مَلکِ صِدقؔ نے اُن کا اِستِقبال کیا اَور اُنہیں برکت دی۔ 2حضرت اِبراہیمؔ نے سَب مالِ غنیمت کا دسواں حِصّہ بھی اُسے نذر کیا۔ اوّل تو مَلکِ صِدقؔ کے نام کا لَفظی مطلب ہے ”راستبازی کا بادشاہ“ اَور پھر سالمؔ کا بادشاہ یعنی ”صُلح کا بادشاہ“ ہے۔ 3نہ تو اُس کا باپ یا ماں ہے، اَور نہ ہی اُس کا کویٔی نَسب نامہ ہے، اُس کی زندگی کی نہ تو اِبتدا ہے اَور نہ ہی اِنتہا۔ وہ خُدا کے بیٹے کی مانند اَبدیّت تک کاہِنؔ ہے۔
4پس اَب غور کرو کہ وہ کِتنا عظیم تھا۔ جسے قوم کے بُزرگ یعنی حضرت اِبراہیمؔ نے سَب مالِ غنیمت کا دسواں حِصّہ دیا۔ 5اَور اَب شَریعت طلب کرتی ہے کہ وہ بنی لیوی میں سے جو کاہِنؔ مُقرّر کیٔے جاتے ہیں،#7‏:5 گِن 18‏:21‏‏ اُنہیں حُکم دیا گیا ہے کہ وہ اَپنی اُمّت یعنی اَپنے بھائیوں سے دسواں حِصّہ لیں حالانکہ اُن کے بھایٔی بھی حضرت اِبراہیمؔ ہی کی نَسل سے ہیں۔ 6مگر جِس کی نِسبَت لیوی سے جُدا ہے اُس نے حضرت اِبراہیمؔ سے دسواں حِصّہ لیا اَور جِس سے وعدے کیٔے گیٔے تھے اُسے برکت دی۔ 7اَور اِس میں کویٔی شک نہیں کہ چھوٹا بَڑے سے برکت پاتاہے۔ 8اَور یہاں تو فانی اِنسان دسواں حِصّہ لیتے ہیں مگر وہاں وُہی دسواں حِصّہ لیتا ہے جِس کے بارے میں یہ گواہی دی جاتی ہے کہ وہ زندہ ہے۔ 9پس ہم کہہ سکتے ہیں کہ لیوی نے بھی جو دسواں حِصّہ لیتا ہے، حضرت اِبراہیمؔ کے ذریعہ دسواں حِصّہ دیا۔ 10کیونکہ جِس وقت مَلکِ صِدقؔ نے حضرت اِبراہیمؔ کا اِستِقبال کیا تھا تو لیوی اُس وقت پیدا نہیں ہُوا تھا مگر اَپنے باپ کی صُلب میں مَوجُود تھا۔
حُضُور عیسیٰ مَلکِ صِدقؔ کی مانند
11پس اگر بنی لیوی کی کہانت سے کاملیت حاصل ہوتی (جِس کی بنا پر اُمّت کو شَریعت عطا کی گئی تھی) تو پھر ہارونؔ کی مانند کاہِنؔ کے بجائے مَلکِ صِدقؔ کے طور پر ایک دُوسرے کاہِنؔ کے برپا ہونے کی کیا ضروُرت تھی؟ 12کیونکہ جَب کہانت بدل گئی تو شَریعت کا بدل جانا بھی ضروُری ہے۔ 13کیونکہ ہمارے خُداوؔند کی بابت یہ باتیں کہی جاتی ہیں وہ ایک دُوسرے قبِیلہ سے تھا اَور اُس قبِیلہ کے کسی فرد نے کبھی قُربان گاہ کی خدمت نہیں کی تھی۔ 14چنانچہ یہ ظاہر ہے کہ ہمارے خُداوؔند یہُوداؔہ کی نَسل میں پیدا ہویٔے تھے اَور حضرت مُوسیٰ نے اِس فرقہ کی کہانت کے حق میں کُچھ ذِکر نہیں کیا ہے۔ 15اَور یہ مُعاملہ اَور بھی صَاف ہو جاتا ہے جَب مَلکِ صِدقؔ کی مانند ایک اَور کاہِنؔ برپا ہوتاہے۔ 16جو اَپنے جِسمانی اَحکام کی شَریعت کی بنا پر نہیں بَلکہ غَیر فانی زندگی کی قُوّت کے مُطابق کاہِنؔ مُقرّر ہُوا۔ 17کیونکہ اُس کے بارے میں یہ تصدیق کی گئی ہے،
”تُو مَلکِ صِدقؔ کے طور پر،
اَبد تک کاہِنؔ ہے۔“#7‏:17 زبُور 110‏:4‏‏
18چنانچہ وہ پہلا حُکم کمزور اَور بے فائدہ ہونے کے سبب سے منسُوخ ہو گیا، 19کیونکہ شَریعت نے کسی بھی چیز کو کامِل نہیں کیا۔ اَور اُس کی جگہ ہمیں ایک بہتر اُمّید دی گئی ہے جِس کے وسیلہ سے ہم خُدا کے نَزدیک جا سکتے ہیں۔
20اَور یہ نیا نظام خُدا کی قَسم سے ہی قائِم ہُوا۔ مگر دُوسرے کاہِنؔ تو قَسم کے بغیر مُقرّر ہوتے تھے۔ 21مگر حُضُور عیسیٰ قَسم کے ساتھ کاہِنؔ مُقرّر کیٔے گیٔے جَب خُدا نے اُن سے فرمایا،
”خُداوؔند نے قَسم کھائی ہے
اَور وہ اَپنا اِرادہ بدلےگا نہیں؛
’تُم اَبد تک کاہِنؔ ہو۔‘ “#7‏:21 زبُور 110‏:4‏‏
22اِس قَسم کی وجہ سے حُضُور عیسیٰ ایک بہتر عہد کا ضامن ٹھہرے۔
23چونکہ کاہِنؔ موت کے سبب سے قائِم نہ رہ سکتے تھے اِس لیٔے وہ کثرت سے مُقرّر کیٔے جاتے تھے۔ 24مگر حُضُور عیسیٰ اَبد تک زندہ ہیں اِس لیٔے اُن کی کہانت کبھی بھی ختم نہیں ہوگی۔ 25پس جو لوگ حُضُور عیسیٰ کے وسیلہ سے خُدا کے پاس آتے ہیں وہ اُنہیں مُکمّل طور سے نَجات دے سکتے ہیں کیونکہ وہ اُن کی شفاعت کرنے کے لیٔے ہمیشہ زندہ ہیں۔
26ہمیں اَیسے ہی اعلیٰ کاہِنؔ کی ضروُرت تھی جو پاک، بے قُصُور، بے داغ، گنہگاروں سے الگ اَور آسمانوں سے بھی بُلند تر کیا گیا ہو۔ 27حُضُور عیسیٰ کو دُوسرے اہم کاہِنؔوں کی طرح اِس کی ضروُرت نہیں کہ روز بہ روز پہلے اَپنے گُناہوں کے لیٔے اَور پھر لوگوں کے گُناہوں کے لیٔے قُربانیاں پیشں کریں۔ کیونکہ حُضُور نے تو اَپنے آپ کو ایک ہی بار میں قُربان کرکے تمام لوگوں کے گُناہوں کا کفّارہ ہمیشہ کے لیٔے اَدا کر دیا۔ 28مُوسوی شَریعت تو غَیر کامل آدمیوں کو اعلیٰ کاہِنؔ مُقرّر کرتی ہے مگر شَریعت کے بعد خُدا نے قَسم کھا کر اَپنے کلام سے اَپنے بیٹے کو مُقرّر کیا جو اَبد تک کامِل کیا جاچُکا ہے۔

موجودہ انتخاب:

عِبرانیوں 7: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in