24
یَاہوِہ کی طرف سے زمین کی بربادی
1دیکھو، یَاہوِہ زمین کو ویران کرکے
تہہ و بالا کر دیں گے؛
وہ اُس کے باشِندوں کو
تِتّر بِتّر کریں گے
2سَب کا حال یکساں ہوگا
کاہِنؔ کا حال قوم کے حال کی طرح،
آقا کا نوکر کی طرح،
مالکن کی خادِمہ کی طرح،
بیچنے والے کا خریدار کی طرح،
اُدھار لینے والے کا اُدھار دینے والے کی طرح،
قرضدار کے لیٔے جَیسا کہ قرض دِہندہ کے لیٔے۔
3زمین بالکُل خالی کی جائے گی
اَور بشِدّت تباہ ہوگی
کیونکہ یہ کلام یَاہوِہ کا ہے۔
4زمین سُوکھ جاتی ہے اَور نباتات مُرجھا جاتی ہے،
دُنیا بیتاب اَور پژمردہ ہو جاتی ہے،
اَور زمین کے بُلند پایہ لوگ ناتواں ہو جاتے ہیں۔
5زمین اَپنے باشِندوں کے باعث ناپاک ہو گئی؛
کیونکہ اُنہُوں نے آئین کو نہ مانا،
اَور شہادتوں سے منحرف ہُوئے،
اَور اَبدی عہد کو توڑ دیا ہے۔
6اِس لیٔے زمین لعنتی ہوکر رہ گئی؛
اَور اُس کے باشِندے مُجرم قرار دیئے گیٔے۔
چنانچہ زمین کے باشِندے جَلائے گیٔے،
اَور صِرف تھوڑے ہی لوگ باقی رہ گیٔے۔
7نئی مہ خشک ہو جاتی ہے اَور انگور کی بیل مُرجھا جاتی ہے؛
اَور رنگ رلیاں منانے والے تمام لوگ کراہتے ہیں۔
8دفوں کی خُوشیاں بندہو گئیں،
رنگ رلیاں منانے والوں کا شور و غُل جاتا رہا۔
اَور سِتار کا مسرّت بخش نغمہ خاموش ہے۔
9اَب وہ نغمہ کے ساتھ پھر مے نہیں پیئیں گے؛
پینے والوں کو مے کڑوی لگتی ہے۔
10تباہ شُدہ شہر سُنسان پڑا ہے؛
ہر گھر کا دروازہ بند ہے۔
11لوگ مہ کے لیٔے سڑکوں پر چِلّا رہے ہیں؛
ہر خُوشی غم میں بدل گئی ہے،
زمین کی تمام خُوشیاں نابود ہو چُکی ہیں۔
12شہر ویران ہو چُکاہے
اَور اُس کا پھاٹک ٹکڑے ٹکڑے کر دیا گیا ہے۔
13اُسی طرح زمین پر اَور قوموں کے درمیان بھی اَیسا ہی ہوگا،
جَیسے زَیتُون کے درخت کو پِیٹا جاتا ہے،
یا جَب انگور کی کٹائی کے بعد اناج باقی رہ جاتے ہیں۔
14وہ اَپنی آوازیں بُلند کرکے خُوشی کے نغمہ گاتے ہیں؛
مغرب کی جانِب سے وہ یَاہوِہ کی عظمت و جلال کے نعرے لگاتے ہیں۔
15چنانچہ مشرق میں یَاہوِہ کی تمجید کرو؛
اَور سمُندر کے جزیروں میں
یَاہوِہ، اِسرائیل کے خُدا کے نام کی تمجید کرو۔
16زمین کی اِنتہا سے ہم یہ نغمہ سُنتے ہیں:
”صادق کے لیٔے جلال و عظمت۔“
لیکن مَیں نے کہا، ”ہائے میں برباد ہُوا، میں برباد ہُوا!
مُجھ پر افسوس!
دغابازوں نے دغا کی!
ہاں، دغابازوں نے بڑی دغا کی!“
17اَے اہلِ زمین،
خوف اَور گڑھا اَور پھندا تمہارے منتظر ہیں۔
18جو کویٔی خوفناک آواز سُن کر بھاگے گا
وہ گڑھے میں گِرے گا؛
اَورجو کویٔی گڑھے میں سے نکل آیا
وہ پھندے میں پھنسے گا۔
آسمان کے دریچے کھول دئیے گیٔے،
اَور زمین کی بُنیادیں ہل رہی ہیں۔
19زمین ریزہ ریزہ ہو گئی،
زمین پھٹ گئی،
اَور وہ شِدّت سے ہلایٔی گئی ہے۔
20زمین متوالے کی مانند ڈگمگا رہی ہے،
وہ یُوں سَرک رہی ہے جَیسے کویٔی جھونپڑی تیز ہَوا میں جھُول رہی ہو۔
اَپنی سرکشی کے گُناہ کا بوجھ اُس پر اِس قدر بھاری ہے
کہ وہ گری جاتی ہے اَور پھر کبھی نہ اُٹھے گی۔
21اُس وقت یُوں ہوگا کہ یَاہوِہ
آسمانی فَوج کو آسمان پر
اَور زمین کے بادشاہوں کو زمین پر سزا دے گا۔
22وہ قَیدخانہ کی کوٹھری میں بند قَیدیوں کی مانند
جمع کئے جایٔیں گے
اَور قَیدخانہ میں ڈالے جایٔیں گے؛
اَور بہت دِنوں کے بعد اُن کو خبر لی#24:22 خبر لییا چھُڑایا جایٔےگا جائے گی۔
23چاند ناراض اَور سُورج شرمندہ ہوگا؛
کیونکہ قادرمُطلق یَاہوِہ
کوہِ صِیّونؔ پر اَور یروشلیمؔ میں
اَپنے بُزرگ خادِموں کے رُوبرو بڑے جاہ و جلال کے ساتھ حُکومت کریں گے۔