YouVersion Logo
تلاش

یَشعیاہ 35

35
نَجات یافتہ لوگوں کی خُوشی
1بیابان اَور ویرانہ خُوش ہوں گے؛
صحرا بھی خُوش ہوگا اَور پھُولے گا۔
2زعفران کی مانند کھِل اُٹھیں گے۔
وہ نہایت شادمان ہوگا اَور خُوشی سے چِلّا اُٹھے گا۔
لبانونؔ کی شوکت،
اَور کرمِلؔ اَور شارونؔ کی زینت اُسے بخشی جائے گی؛
اَور وہ یَاہوِہ کا جلال
اَور ہمارے خُدا کی حشمت دیکھیں گے۔
3کمزور ہاتھوں کو تقویّت دو،
ناتواں گھٹنوں کو مضبُوط کرو؛
4خوفزدہ دِلوں سے کہہ دو،
”ہمّت سے کام لو، ڈرو نہیں
تمہارا خُدا آئے گا،
وہ بدلہ لینے کے لیٔے؛
جزا اَور سزا لے کر،
تُمہیں نَجات دینے آئے گا۔“
5تَب اَندھوں کی آنکھیں کھولی جایٔیں گی
اَور بہروں کے کان کھولے جایٔیں گے۔
6تَب لنگڑے ہِرن کی مانند چوکڑیاں بھریں گے،
اَور گُونگے کی زبان خُوشی سے گائے گی۔
بیابان میں پانی کے چشمے پھوٹ نکلیں گے
اَور صحرا میں ندیاں بہنے لگیں گی۔
7جلتی ہُوئی ریت تالاب بَن جائے گی،
اَور پیاسی زمین میں چشمے اُبل پڑیں گے۔
جِن ماندوں میں کبھی گیدڑ پڑے رہتے تھے،
وہاں گھاس، سَرکنڈے اَور نرسل اُگیں گے۔
8وہاں ایک شاہراہ ہوگی؛
جو مُقدّس راہ کہلائے گی۔
کویٔی ناپاک اُس سے گزر نہ پایٔےگا؛
وہ صِرف راست رَو لوگوں ہی کے لیٔے ہوگی۔
احمق لوگ بھی اُس سے گزر نہ پائیں گے۔
9وہاں شیرببر نہ ہوگا،
نہ کویٔی حَیوان اُس پر چڑھ پایٔےگا؛
نہ وہ وہاں پایٔے جایٔیں گے۔
لیکن صِرف نَجات یافتہ لوگ ہی وہاں سیر کریں گے،
10اَور وہ جِن کا یَاہوِہ نے فدیہ دیا ہے لَوٹیں گے۔
اَور گاتے ہُوئے صِیّونؔ میں داخل ہوں گے؛
اَبدی خُوشی اُن کے سَر کا تاج ہوگی۔
وہ خُوشی اَور شادمانی پائیں گے،
اَور غم و آہ کافُور ہو جایٔیں گے۔

موجودہ انتخاب:

یَشعیاہ 35: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in