50
اِسرائیل کا گُناہ اَور خادِم کی اِطاعت
1یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”وہ طلاق نامہ کہاں ہے
جسے لِکھ کر مَیں نے تمہاری ماں کو چھوڑ دیا تھا؟
یا اَپنے قرض خواہوں میں سے کس کے ہاتھ
مَیں نے تُمہیں بیچا تھا؟
تُم تو اَپنے ہی گُناہوں کے باعث بِک گیٔے؛
اَور تمہاری خطاؤں کی وجہ سے تمہاری ماں کو طلاق دی گئی تھی۔
2کیا وجہ ہے کہ جَب مَیں آیا تَب کویٔی آدمی نہ تھا؟
اَور جَب مَیں نے پُکارا تَب کویٔی جَواب دینے والا نہ تھا؟
کیا میرا ہاتھ اِس قدر کوتاہ ہو گیا تھا کہ تمہارا فدیہ نہ دے سکے؟
یا مُجھ میں اُتنی طاقت نہ تھی کہ تُمہیں چھُڑا سَکتا؟
محض ایک دھمکی سے میں سمُندر کو سُکھا دیتا ہُوں،
اَور دریاؤں کو صحرا میں بدل دیتا ہُوں؛
اُن کی مچھلیاں پانی کی عدم مَوجُودگی میں سڑ جاتی ہیں
اَور پیاس سے مَر جاتی ہیں۔
3میں آسمانوں کو تاریکی کا لباس پہناتا ہُوں
اَور اُنہیں ٹاٹ اوڑھا دیتا ہُوں۔“
4یَاہوِہ قادر نے مُجھے تربیّت یافتہ زبان بخشی ہے،
تاکہ اُس کلام کو جانوں جو تھکے ماندوں کو سہارا دیتاہے۔
وہ مُجھے ہر صُبح جگاتا ہے،
اَور میرا کان کھولتا ہے تاکہ میں ایک شاگرد کی طرح سُنوں۔
5یَاہوِہ قادر نے میرے کان کھول دئیے ہیں،
اَور مَیں سرکش نہ ہُوا؛
نہ پیچھے ہٹا۔
6مَیں نے اَپنی پیٹھ مارنے والوں کے،
اَور اَپنی داڑھی نوچنے والوں کے حوالہ کر دی؛
تضحیک اَور تھُوک سے بچنے کے لیٔے
مَیں نے اَپنا مُنہ نہیں چھپایا۔
7چونکہ یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں،
میں رُسوا نہ ہوں گا۔
اِسی لیٔے مَیں نے اَپنا چہرہ چقماق کی مانند کر لیا،
اَور مُجھے یقین ہے کہ میں شرمندہ نہ ہوں گا۔
8مُجھے بے قُصُور ٹھہرانے والے میرے قریب ہیں۔
پھر کون مُجھ پر اِلزام لگا سَکتا ہے؟
آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہُوں!
میرا مُدّعی کون ہے؟
وہ میرے مقابل ہو!
9یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں۔
کون ہے جو مُجھے مُجرم قرار دے گا؟
وہ سَب کپڑے کی طرح پُرانے ہو جایٔیں گے؛
کیڑے اُنہیں کھا جایٔیں گے۔
10تُم میں کون یَاہوِہ کا خوف رکھتا ہے
اَور اُن کے خادِم کی باتیں سُنتا ہے؟
جو تاریکی میں چلتا ہے،
اَور رَوشنی سے محروم ہے،
وہ یَاہوِہ کے نام پر توکّل کرے
اَور اَپنے خُدا پر بھروسا رکھے۔
11لیکن تُم سَب جو آگ سُلگاتے ہو
اَور اَپنے لیٔے بڑی بڑی مشعلوں کا اہتمام کرتے ہو،
جاؤ، اَپنی آگ کے شُعلوں
اَور اُن مشعلوں کی بھڑکتی رَوشنی میں چلو جنہیں تُم نے سُلگا رکھتا ہے۔
تُم میرے ہاتھ سے یہی پاؤگے:
تُم عذاب میں پڑے رہوگے۔