8
یَشعیاہ کے بیٹے نِشانی کی طرح
1یَاہوِہ نے مُجھ سے کہا، ”ایک بڑا طُومار لے اَور اُس پر کسی مَعمولی قلم سے لِکھ: مَہیر شالال حاش بزؔ۔“#8:1 مَہیر شالال حاش بزؔ یعنی فَوری لُوٹ مار، اَور تیزی سے شِکار کرنا 2اَور مَیں اورِیّاہؔ کاہِنؔ اَور یبرکیاہؔ کے بیٹے زکریاؔہ کو اَپنے مُعتبر گواہوں کے طور پر بُلاؤں گا۔ 3پھر مَیں نبیّہ کے پاس گیا اَور وہ حاملہ ہُوئی اَور اُن کے ہاں بیٹا پیدا ہُوا۔ اَور یَاہوِہ نے مُجھ سے کہا، ”اُس کا نام مَہیر شالال حاش بزؔ رکھ۔ 4اِس سے پہلے کہ یہ بچّہ اَبّا یا امّاں کہنا سیکھے اشُور کا بادشاہ، دَمشق کا خزانہ اَور سامریہؔ کا مالِ غنیمت اُٹھالے جائے گا۔“
5یَاہوِہ نے پھر مُجھ سے کہا:
6”چونکہ اِن لوگوں نے
شیلوہؔ کے چشمہ کے نرم رَو پانی کو ردّ کر دیا
اَور رِضینؔ پر خُوش ہوتاہے۔
اَور رملیاہؔ کے بیٹے پر مائل ہو گئے،
7اِس لیٔے خُداوؔند دریائے فراتؔ
کے خوفناک سیلاب کو
یعنی شاہِ اشُور کو اُس کی پُوری شان و شوکت کے ساتھ اُن کے خِلاف چڑھا لایٔے گا۔
جِس سے اُن کے سبھی نالوں میں طغیانی آ جائے گی
اَور اُن کے کنارے لبریز ہو جایٔیں گے۔
8وہ پانی کی طرح تمام بنی یہُوداہؔ میں پھیل جائے گا،
یہاں تک کہ اُس کی گردن تک پہُنچ جائے گا۔
اَور اُس کے پھیلے ہُوئے پروں کے نیچے تیری زمین کی ساری وسعت چھُپ جائے گی۔
اَے عِمّانُوایلؔ!“
9اَے قومو! جنگ کا نعرہ بُلند کرو اَور تُم ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جاؤگے۔
اَے دُور دُور کے مُلکوں کے لوگو، سُنو،
جنگ کے لیٔے تیّار ہو جاؤ تمہارے ٹکڑے ٹکڑے کر دئیے جایٔیں گے!
جنگ کے لیٔے تیّار ہو جاؤ، تمہارے پُرزے پُرزے ہو جایٔیں گے۔
10اَپنی حِکمت عملی تیّار کر لو لیکن وہ ناکام رہے گی؛
اَپنا منصُوبہ بنالو لیکن وہ قائِم نہ رہ سکےگا،
کیونکہ خُدا ہمارے ساتھ ہے۔
11یَاہوِہ کا ہاتھ مُجھ پر بھاری تھا تو اُس نے مُجھے تاکید کی اَور کہا کہ اُس قوم کی راہ پر ہرگز نہ چلنا۔
12”ہر اُس چیز کو جسے یہ لوگ سازش مانتے ہیں،
تُم اُسے سازش نہ مانو؛
اَور جِس چیز سے وہ ڈرتے ہیں، تُم اُس سے نہ ڈرو۔
اَور نہ اُس سے خوفزدہ ہو۔
13قادرمُطلق یَاہوِہ ہی وہ ہستی ہے جسے تُم مُقدّس جانو،
وہ ہی ہے جِس سے تُم ڈرو،
اَور صِرف اُسی کا خوف مانو،
14اَور وہ ایک پاک مقام ہوگا؛
لیکن اِسرائیل کے دونوں گھرانوں کے لیٔے
وہ ٹھیس لگنے کا پتّھر
اَور ٹھوکر کھانے کی چٹّان۔
اَور یروشلیمؔ والوں کے لیٔے
جال اَور پھندا ہوگا۔
15اُن میں سے اکثر ٹھوکر کھایٔیں گے؛
اَور گِر کر چکنا چُور ہو جایٔیں گے
اَور پھندے میں پھنس کر پکڑے جایٔیں گے۔“
16شہادت نامہ کو بند کر دو
اَور میرے شاگردوں کے لیٔے ہدایات پر مُہر لگا دو۔
17میں یَاہوِہ کا اِنتظار کروں گا،
جو اَپنا چہرہ یعقوب کے گھرانے سے چُھپائے ہُوئے ہے۔
میں اُس پر توکّل کروں گا۔
18میں یہاں ہُوں اَور اُن فرزندوں کے ساتھ ہُوں جنہیں یَاہوِہ نے مُجھے دیا ہے۔ ہم قادرمُطلق یَاہوِہ کی جانِب سے جو کوہِ صِیّونؔ پر رہتاہے، بنی اِسرائیل کے درمیان نِشانات اَور معجزے ہیں۔
تاریکی رَوشنی میں بدل جاتی ہے۔
19جَب لوگ تُمہیں حاضراتیوں اَور اَرواح پرستوں سے رُجُوع کرنے کو کہتے ہیں جو محض پھُسپھُساتے اَور بُڑبُڑاتے ہیں، تو پھر کیا مُناسب نہیں کہ قوم خُود اَپنے ہی خُدا سے دریافت کر لے؟ زندوں کی خاطِر مُردوں سے مشورہ کرنے کی کیا ضروُرت ہے؟ 20شَریعت اَور شہادت پر نظر ڈالو۔ اگر وہ اِس کلام کے مُطابق بات نہ کریں تو اُن کے لیٔے صُبح کبھی طُلوع نہ ہوگی۔ 21وہ پریشان حال اَور بھُوکے مُلک میں بھٹکتے پھریں گے اَور جَب فاقہ کی نَوبَت آئے گی تو زندگی سے بیزار ہوکر اَور اُوپر نگاہ کرکے اَپنے بادشاہ اَور اَپنے خُدا کو کوسنے لگیں گے۔ 22پھر وہ زمین کی طرف نگاہ کریں گے اَور صِرف تنگ حالی، تاریکی اَور خوفناک اُداسی ہی دیکھ پائیں گے اَور وہ گہری تاریکی میں دھکیل دئیے جایٔیں گے۔