20
یرمیاہؔ اَور پشحُورؔ
1جَب کاہِنؔ پشحُور بِن اِمّیرؔ نے، جو یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں مختار اَعظم تھا، یرمیاہؔ کو اِن مُدّوں پر نبُوّت کرتے ہُوئے سُنا، 2تَب پشحُور نے یرمیاہؔ نبی کو پِٹوایا اَور اُسے یَاہوِہ کے بیت المُقدّس میں بِنیامین کے بالائی پھاٹک کے پاس لکڑی میں جکڑ کر کال کوٹھری میں ڈلوا دیا۔ 3دُوسرے دِن جَب پشحُور نے اُسے کال کوٹھری سے نکلوایا تَب یرمیاہؔ نے اُس سے فرمایا، ”یَاہوِہ نے تمہارا نام پشحُورؔ نہیں بَلکہ ماگور مِسّابِیب یعنی ہر طرف دہشت رکھا ہے۔ 4کیونکہ یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ’میں تُمہیں خُود تمہارے لیٔے اَور تمہارے سارے دوستوں کے لیٔے دہشت کا باعث ٹھہراؤں گا؛ تُم اَپنی آنکھوں سے اُنہیں اَپنے دُشمنوں کی تلوار سے قتل ہوتے ہُوئے دیکھوگے۔ اَور مَیں تمام یہُودیؔہ کے لوگوں کو شاہِ بابیل کے حوالہ کر دُوں گا جو اُنہیں بابیل لے جائے گا یا تلوار سے قتل کر دے گا۔ 5میں اِس شہر کی تمام دولت، اِس کی ساری فصل اَور اِس کی تمام قیمتی اَشیا اَور شاہانِ یہُودیؔہ کے تمام خزانے اُن کے دُشمنوں کے حوالہ کر دُوں گا۔ وہ اُسے مالِ غنیمت کی طرح بابیل لے جایٔیں گے۔ 6اَور اَے پشحُور، تُم اَور تمہارے گھرانے کے سبھی لوگ اسیر ہوکر بابیل کو جائیں گے اَور وہاں تُم اَور تمہارے تمام رفیق جِن کے لیٔے تُم نے باطِل نبُوّت کی ہے مَر جائیں گے اَور دفنائے جائیں گے۔‘ “
یرمیاہؔ کی شکایت
7اَے یَاہوِہ، آپ نے مُجھے ترغیب دی اَور مَیں فریب کا شِکار ہو گیا؛
آپ مُجھ سے زورآور تھے اِس لئے مُجھ پر غالب ہُوئے۔
میں دِن بھر ہنسی کا باعث بنتا ہُوں؛
اَور ہر کویٔی میرا مذاق اُڑاتا ہے۔
8جَب کبھی میں بولتا ہُوں، تو میں زور زور سے رونے لگتا ہُوں۔
مَیں نے غضب اَور تباہی کا اعلان کیا۔
کیونکہ یَاہوِہ کا کلام دِن بھر میری ملامت
اَور ہنسی کا باعث ہوتاہے۔
9لیکن اگر مَیں کہُوں، ”میں یَاہوِہ کا ذِکر نہ کروں گا،
نہ اُن کے نام سے پھر کبھی کلام کروں گا،“
تو آپ کا کلام میرے دِل میں آگ کی مانند دہکنے لگتا ہے،
گویا میری ہڈّیوں میں جلتی ہوئی آگ ہو۔
جسے میں ضَبط کرتے کرتے تھک گیا؛
اَور اَب مُجھ سے رہا نہیں جاتا۔
10کیونکہ مَیں نے بہُتوں کی تہمت سُنی ہے،
”اَور چاروں طرف دہشت ہی دہشت ہے!
اُس کی مذمّت کرو، آؤ، ہم اُس کی مذمّت کریں!“
میرے تمام دوست،
میرے ٹھوکر کھانے کے منتظر ہیں اَور کہتے ہیں،
”شاید وہ فریب کھائے؛
تَب ہم اُس پر غالب آئیں گے
اَور اُس سے اَپنا اِنتقام لیں گے۔“
11لیکن یَاہوِہ نہایت زبردست سُورما کی مانند میرے ساتھ ہیں؛
اِس لیٔے میرے ستانے والے ٹھوکر کھایٔیں گے اَور غالب نہ ہوں گے۔
وہ ناکام ہوں گے اَور بےحد رُسوا ہوں گے؛
اَور اُن کی بدنامی کبھی فراموش نہ ہوگی۔
12پس اَے قادرمُطلق یَاہوِہ، آپ جو صادقوں کو آزماتے ہیں،
اَور دِل و دماغ کو ٹٹولتے ہیں،
اُن سے اِنتقام لے کر مُجھے دِکھائیں،
کیونکہ مَیں نے اَپنا مُقدّمہ آپ کے سُپرد کر دیا ہے۔
13یَاہوِہ کی مدح سرائی کرو!
یَاہوِہ کی سِتائش کرو!
کیونکہ اُنہُوں نے ضروُرت مند کی جان کو،
بدکاروں کے ہاتھوں سے چھُڑایا ہے۔
14لعنت ہو اُس دِن پر جِس دِن میں پیدا ہُوا!
وہ دِن ہرگز مُبارک نہ ہو جِس دِن میری ماں نے مُجھے پیدا کیا!
15لعنت ہو اُس شخص پر
جِس نے میرے باپ کو یہ خبر دے کر مسرُور کیا کہ،
”تمہارے ہاں بیٹا پیدا ہُوا!“
16وہ آدمی اُن شہروں کی مانند ہو،
جنہیں یَاہوِہ نے نہایت بے رحمی سے تباہ کر دیا۔
کاش کہ وہ صُبح کو ماتم کی آواز سُنے،
اَور دوپہر کو جنگ کی للکار۔
17کیونکہ اُس نے مُجھے رِحم میں ہی فنا نہیں کیا،
تاکہ میری ماں کا پیٹ ہی میری قبر ہوتی،
اَور میری ماں ہمیشہ حاملہ ہی رہتی۔
18میں رِحم سے باہر ہی کیوں نِکلا،
کہ رنج و غم دیکھوں
اَور اَپنے دِن رُسوائی میں گزاروں؟