25
اسیری کی میعاد ستّر سال
1شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے چوتھے سال میں جو شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے حُکومت کا پہلا سال تھا، یہُودیؔہ کے تمام لوگوں کے متعلّق یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا۔ 2جسے یرمیاہؔ نبی نے یہُودیؔہ کے تمام لوگوں اَور یروشلیمؔ کے سَب باشِندوں کو کہہ سُنایا، 3گذشتہ تئیس سال سے یعنی شاہِ یہُودیؔہ یُوشیاہؔ بِن امُونؔ کے دَورِ حُکومت کے تیرہویں سال سے آج تک یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہوتا رہاہے اَور مَیں بار بار اُسے تُمہیں سُناتا رہا لیکن تُم لوگوں نے اُسے سُن کر فراموش کر دیا۔
4اَور حالانکہ یَاہوِہ نے اَپنے تمام خادِموں یعنی نبیوں کو بار بار تمہارے پاس بھیجا لیکن تُم نے نہ تو اُنہیں سُنا اَور نہ ہی اُن کے کلام پر کان لگایا۔ 5نبیوں نے تُمہیں آگاہ کیا تھا، ”اَب تُم میں سے ہر ایک اَپنی بُری روِشوں اَور اَپنے بُرے اعمال سے باز آئے تاکہ تُم اِس مُلک میں رہ سکو جو یَاہوِہ نے تُمہیں اَور تمہارے آباؤاَجداد کو ہمیشہ کے لیٔے دیا ہے۔ 6غَیر معبُودوں کی پیروی کرکے اُن کی پرستش اَور عبادت نہ کرو اَور اَپنے ہاتھوں کی بنائی ہُوئی بُتوں سے میرے غضب کو مت بھڑکاؤ۔ تَب میں تُمہیں کویٔی نُقصان نہ پہُنچاؤں گا۔“
7”لیکن تُم نے میری نہ سُنی،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اَور تُم نے اَپنے ہاتھوں کی بنائی ہُوئی چیزوں سے مُجھے غضبناک کیا اَور خُود اَپنا نُقصان کیا۔“
8اِس لیٔے قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”چونکہ تُم نے میرے حُکموں پر عَمل نہیں کیا، 9اِس لیٔے میں شمال کے تمام لوگوں کو اَور اَپنے خادِم شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کو بُلاؤں گا،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اَور مَیں اُنہیں اِس مُلک پر اَور اِس کے تمام باشِندوں پر اَور اُس کے گِردونواح کی تمام قوموں کے خِلاف حملہ کرنے کو چڑھا لاؤں گا اَور مَیں اُنہیں بالکُل برباد کر دُوں گا تاکہ وہ دہشت اَور طعن اَور اَبدی تباہی اَور بربادی کی مثال بَن جایٔیں۔ 10اَور اِس کے علاوہ میں اِن مُلکوں میں سے خُوشی اَور شادمانی کی آوازیں، دُلہا دُلہن کی صدائیں اَور چکّی کا شور اَور چراغ کی رَوشنی دُور کر دُوں گا۔ 11یہ تمام مُلک غَیر آباد ویرانہ بَن جائے گا اَور یہ قومیں ستّر بَرس تک شاہِ بابیل کی خدمت گذار ہُوں گی۔
12”لیکن ستّر بَرس پُورے ہونے پر میں شاہِ بابیل اَور اُس کی قوم اَور کَسدیوں کے مُلک کو اُن کی بدکاری کے باعث سزا دُوں گا۔“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اَور اُسے ہمیشہ کے لیٔے ویران کر دُوں گا۔ 13اِس مُلک کے خِلاف مَیں نے جو کچھ فرمایاہے اَورجو کچھ اِس کِتاب میں درج کیا ہے اَورجو مُختلف قوموں کے خِلاف یرمیاہؔ نے بطور نبُوّت فرمایاہے سَب پُورا کیا جائے گا۔ 14وہ خُود مُختلف قوموں اَور بڑے بڑے بادشاہوں کے غُلام بَن جایٔیں گے اَور مَیں اُن کے اعمال اَور اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابق اُنہیں بدلہ دُوں گا۔“
خُدا کے غضب کا پیالہ
15یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا نے مُجھ سے یُوں فرمایا: ”میرے ہاتھ سے اِس مَے کے پیالے کو لے لو جو میرے قہر کی مَے سے بھرا ہُواہے اَور اُسے اُن تمام قوموں کو پلا دو جِن کے پاس میں تُمہیں بھیجوں گا۔ 16جَب وہ پی چُکیں گے تو اُس تلوار کے باعث جو میں اُن کے درمیان چلاؤں گا وہ لڑکھڑا جایٔیں گے اَور پاگل ہو جایٔیں گے۔“ 17چنانچہ مَیں نے یَاہوِہ کے ہاتھ سے اُس پیالے کو لیا اَور اُن تمام قوموں کو پِلایا جِن کے پاس یَاہوِہ نے مُجھے بھیجا تھا:
18یعنی یروشلیمؔ، یہُودیؔہ کے شہروں، اُس کے بادشاہوں اَور حاکموں کو پِلایا تاکہ وہ برباد ہُوں اَور دہشت اَور طعن اَور لعنت کا باعث ٹھہریں جَیسا کہ آج بھی دیکھا جا سکتا ہے؛
19مِصر کے بادشاہ فَرعوہؔ، اُس کے حاکموں، اُس کے خادِم اَور اُس کے تمام لوگوں کو، 20اَور تمام غَیر مُلکی لوگ جو وہاں تھے؛
اَور عُوضؔ کی سرزمین کے تمام بادشاہوں؛
اَور فلسطینیوں کے تمام بادشاہوں کو یعنی اشقلونؔ، غزّہؔ، عقرونؔ اَور اشدُودؔ کے باقی بچے ہُوئے لوگوں کے بادشاہ؛
21بنی اِدُوم، بنی مُوآب اَور بنی عمُّون؛
22اَور صُورؔ اَور صیدونؔ کے تمام بادشاہوں کو،
اَور سمُندر پار کے بحری ممالک کے بادشاہوں کو؛
23بنی دِدانؔ، تیمانیوں اَور بوزیوں اَور دُور دراز کے مُلکوں#25:23 مُلکوں چند نُسخوں میں جو اَپنے کنپٹی کے بالوں کو مُنڈوانے والے کے باشِندے۔
24عربؔ کے تمام بادشاہوں کو اَور اُن غَیر مُلکی لوگوں کے تمام بادشاہوں کو جو صحرا میں رہتے ہیں؛
25اَور زِمریؔ، عیلامؔ اَور مِدائی کے سَب بادشاہوں کو؛
26اَور شمال کے تمام بادشاہوں کو، جو دُور اَور نزدیک تھے، یکے بعد دیگرے رُوئے زمین کی تمام سلطنتوں کے سبھی بادشاہوں کو پِلایا،
اَور اِن سَب کے بعد شیشاقؔ کا بادشاہ بھی اُسے پیئے گا۔
27”پھر اُن سے کہنا کہ قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا فرماتے ہیں، ’پیو اَور متوالے ہو جاؤ اَور قَے کرو اَور گِر پڑو اَور پھر کبھی نہ اُٹھو، یہ اُس تلوار کی وجہ سے ہوگا جو مَیں تمہارے درمیان چلاؤں گا۔‘ 28لیکن اگر وہ تمہارے ہاتھ سے پیالہ لے کر پینے سے اِنکار کریں تو اُن سے کہنا، ’قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، تُمہیں اُسے ضروُر پینا ہی ہوگا! 29قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: دیکھو، مَیں اِس شہر پرجو میرے نام سے جانا جاتا ہے، آفت لانا شروع کر رہا ہُوں۔ تَب کیا تُم واقعی سزا سے بچ نکلوگے؟ تُم بے سزا نہ چھُوٹو گے کیونکہ مَیں دُنیا کے تمام لوگوں پر تلوار کو طلب کر رہا ہُوں۔‘
30”اِس لئے تُمہیں اَب اُن سَب کے خِلاف یہ سَب باتیں نبُوّت کے ذریعہ اُن سے کہنی ہُوں گی:
” ’یَاہوِہ بُلندی پر سے گرجیں گے؛
اَور اَپنی مُقدّس قِیام گاہ سے للکاریں گے؛
اَور نہایت زور و شور سے اَپنی چراگاہ پر گرجیں گے۔
وہ انگور کُچلنے والوں کی طرح چِلّائیں گے،
اَور دُنیا کے تمام باشِندوں کو للکاریں گے۔
31شور و غُل کی آواز زمین کی اِنتہا تک گونج اُٹھے گی،
کیونکہ سَب قوموں سے یَاہوِہ کا مُقدّمہ ہے؛
وہ تمام بشر کو عدالت میں کھینچ لائیں گے،
وہ سَب بدکاروں کو تلوار کے حوالہ کر دیں گے،‘ “
یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
32قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں:
”دیکھو، ایک قوم سے دُوسری قوم تک
بَلا پھیل رہی ہے؛
اَور زمین کی اِنتہا سے
ایک خوفناک آندھی اُٹھ رہی ہے۔“
33اُس وقت یَاہوِہ کے قتل کئے ہُوئے لوگوں کی لاشیں زمین کے ایک سِرے سے دُوسرے سِرے تک ہر جگہ پڑی ہُوں گی۔ اُن پر نہ تو کویٔی ماتم کرےگا، نہ وہ جمع کی جایٔیں گی اَور نہ دفنائی جایٔیں گی، بَلکہ گوبر کی طرح زمین پر پڑی رہیں گی۔
34اَے چرواہوں روؤ اَور ماتم کرو؛
اَے گلّہ کے سربراہوں، گَرد میں لیٹ جاؤ۔
کیونکہ تمہارے قتل کا وقت آ گیا ہے؛
تُم گروگے اَور مٹّی کے ایک نفیس برتن#25:34 برتن چند نُسخوں میں نفیس برّہ کی مانند لِکھا ہے۔ کی طرح چَکنا چُور ہو جاؤگے۔
35چرواہوں کو بھاگنے کی کویٔی راہ نہ ملے گی،
اَور نہ گلّہ سرداروں کو بچ نکلنے کی۔
36چرواہوں کا نالہ،
اَور گلّہ کے سرداروں کا نوحہ سُنو،
کیونکہ یَاہوِہ اُن کی چراگاہ کے برباد کر رہے ہیں۔
37اَور یَاہوِہ کے قہر شدید کے باعث
پُراَمن چراگاہیں تباہ ہو جایٔیں گی۔
38شیرببر کی مانند وہ اَپنی ماند سے نکلیں گے،
ستمگر کی تلوار کی وجہ سے،
اَور یَاہوِہ کے قہر شدید کی وجہ سے،
اُن کا مُلک ویران ہو جائے گا۔