29
جَلاوطنوں کے نام خط
1یہ اُس خط کا مضمون ہے جسے یرمیاہؔ نبی نے اُن جَلاوطن لوگوں میں سے بچے ہُوئے اُن بُزرگوں، کاہِنوں، نبیوں اَور تمام لوگوں کو بھیجا تھا جنہیں نبوکدنضرؔ یروشلیمؔ سے جَلاوطن کرکے بابیل لے گیا تھا۔ 2یہ خط شاہِ یکونیاہؔ اَور اُس کی مادرِ ملِکہ، شاہی درباری حاکموں، یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے اُمرا، کاریگروں اَور فنکاروں کے جَلاوطن ہوکر یروشلیمؔ سے چلے جانے کے بعد بھیجا گیا تھا۔ 3یرمیاہؔ نبی نے یہ خط العاسہؔ بِن شافانؔ اَور گمریاہؔ بِن خِلقیاہؔ کے سُپرد کیا جنہیں شاہِ یہُودیؔہ صِدقیاہؔ نے بابیل کے شاہ نبوکدنضرؔ کے پاس اِن لفظوں میں بھیجا تھا،
4قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا اُن تمام لوگوں سے جو یروشلیمؔ سے بابیل میں جَلاوطن ہیں، یُوں فرماتے ہیں، 5”تُم مکانات تعمیر کرو اَور اُس میں بس جاؤ، باغ لگاؤ اَور اُن کی پیداوار کھاؤ۔ 6شادی کرو تاکہ تمہارے یہاں بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہوں۔ اَپنے بیٹوں کے لیٔے بیویاں تلاش کرو اَور اَپنی بیٹیوں کی شادی کرو تاکہ اُن کے بھی بیٹے اَور بیٹیاں پیدا ہوں۔ وہاں تعداد میں کم نہیں بَلکہ اِضافہ کرتے جاؤ۔ 7اَور اُس شہر کی اَمن اَور خُوشحالی چاہو جہاں مَیں نے تُمہیں جَلاوطن کیا ہے۔ اَور اُس کے لیٔے یَاہوِہ سے دعا کرو کیونکہ اگر وہاں خُوشحالی رہے گی تو تُم بھی خُوشحال رہوگے۔“ 8ہاں، قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں: ”وہ نبی اَور غیب بین جو تمہارے درمیان ہیں تُمہیں گُمراہ نہ کریں۔ اَور اَپنے اُن خواب بینوں کی نہ سُنو، جنہیں وہ تمہارے ہی کہنے سے دیکھتے ہیں۔ 9کیونکہ وہ میرے نام سے تمہارے درمیان باطِل نبُوّت کرتے ہیں۔ مَیں نے اُنہیں نہیں بھیجا ہے،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
10یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”جَب بابیل میں ستّر بَرس گزر جائیں گے، تَب مَیں تمہاری خبر لُوں گا اَور تُمہیں اِس جگہ واپس لانے کا اَپنا پُرفضل وعدہ پُورا کروں گا۔ 11کیونکہ مَیں تمہارے حق میں اَپنے مقصد کو جانتا ہُوں،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”وہ تمہاری خُوشحالی کے ہیں، تمہارے نُقصان کے نہیں ہیں، میرے پاس تمہارے حق میں اُمّید اَور مُستقبِل دینے کے منصُوبے ہیں۔ 12تَب تُم میرا نام لے کر مُجھے پُکارو گے اَور میرے پاس آکر مُجھ سے دعا کروگے اَور مَیں تمہاری سُنوں گا۔ 13تُم مُجھے ڈھونڈوگے اَور پاؤگے بھی جَب تُم مُجھے اَپنے پُورے دِل سے ڈھونڈوگے۔ 14مَیں تُمہیں مِل جاؤں گا،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اَور میں تُمہیں اسیری سے نکال کر واپس لے آؤں گا؛ اَور تُمہیں اُن تمام قوموں اَور جگہوں میں سے جہاں تُمہیں جَلاوطن کیا گیا تھا جمع کروں گا،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اَور اُس جگہ واپس لاؤں گا جہاں سے مَیں نے تُمہیں قَیدی بنا کر جَلاوطن کیا تھا۔“
15تُم کہتے ہو، ”یَاہوِہ نے ہمارے لیٔے بابیل میں نبی برپا کئے ہیں،“ 16لیکن یَاہوِہ اُس بادشاہ کی بابت یُوں فرماتے ہیں، جو داویؔد کے تخت پر تخت نشین ہے اَور اُن سَب لوگوں کے متعلّق جو اِس شہر میں رہتے ہیں یعنی تمہارے ہم وطن بھائیوں کے بارے میں جو تمہارے ساتھ جَلاوطن نہ ہُوئے تھے، 17سُنو، قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”میں اُن کے خِلاف تلوار، قحط اَور وَبا بھیجوں گا اَور مَیں اُنہیں ردّی اَنجیروں کی مانند بنا دُوں گا جو اِتنے خَراب ہونے کی وجہ سے کھائے نہیں جا سکتے۔ 18میں تلوار، قحط اَور وَبا سے اُن کا تعاقب کروں گا اَور دُنیا کی تمام سلطنتوں کے درمیان حقیر بنا دُوں گا تاکہ وہ اُن قوموں میں جہاں میں اُنہیں پراگندہ کروں گا؛ لعنت، نفرت اَور ملامت کا باعث ہوں گے۔ 19کیونکہ اُنہُوں نے میرے اُس کلام پر غور نہیں کیا،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”جو مَیں نے اَپنے خادِموں اَور نبیوں کے ذریعہ بار بار اُن تک پہُنچایا تھا، لیکن تُم جَلاوطنوں نے نہ سُنا۔“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
20اِس لیٔے اَے تمام جَلاوطنوں، جنہیں مَیں نے یروشلیمؔ سے بابیل روانہ کیا ہے، تُم یَاہوِہ کا کلام سُنو۔ 21قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا احابؔ بِن قولایاہؔ اَور صِدقیاہؔ بِن معسیاہؔ کے متعلّق جو میرا نام لے کر: تمہارے درمیان باطِل نبُوّت کرتے ہیں، یُوں فرماتے ہیں سُنو، ”میں اُنہیں شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے حوالہ کر دُوں گا اَور وہ اُنہیں تمہاری آنکھوں کے سامنے قتل کر دے گا۔ 22اَور یہُودیؔہ کے تمام جَلاوطن لوگ جو بابیل میں رہتے ہیں، اُن کی وجہ سے لعنت کے طور پر یہ مثل فرمایا کریں گے: ’یَاہوِہ تمہارے ساتھ صِدقیاہؔ اَور احابؔ جَیسا سلُوک کرے جنہیں شاہِ بابیل نے آگ میں جَلا دیا تھا۔‘ 23کیونکہ اُنہُوں نے بنی اِسرائیل میں نہایت شرمناک کام کئے، اُنہُوں نے اَپنے پڑوسیوں کی بیویوں کے ساتھ زنا کیا اَور میرا نام لے کر جھُوٹی باتیں کہیں جِن کی مَیں نے اُنہیں اِجازت نہ دی تھی۔ میں یہ جانتا ہُوں اَور اِس بات کا گواہ ہُوں،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں۔
شمعیاہؔ کے نام پیغام
24نحلامی شمعیاہؔ سے تُم یُوں کہنا، 25”قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، اِس لئے کہ تُم نے اَپنے ہی نام سے یروشلیمؔ کے باشِندوں کے نام اَور صفنیاہؔ بِن معسیاہؔ کاہِنؔ اَور دُوسرے تمام کاہِنوں کو خُطوط بھیجے ہیں۔ جِن میں یہ لِکھا گیا تھا، 26’یَاہوِہ نے تُمہیں یہویادعؔ کی جگہ کاہِنؔ مُقرّر کیا ہے تاکہ آپ یَاہوِہ کے بیت المُقدّس کے ناظِم ہوں اَور ہر ایک اُس پاگل شخص کو جو نبُوّت کا دعویٰ کرتا ہے اُسے قَیدخانہ میں ڈال کر اُس کے پیروں میں بیڑیاں اُس کی گردن میں لوہے کی زنجیریں ڈالے۔ 27پھر آپ نے عناتوت کے یرمیاہؔ کی تنبیہ کیوں نہ کی جو آپ کے درمیان نبُوّت کا دعویٰ کرتا ہے؟ 28اُس نے ہمیں بابیل میں یہ پیغام بھیجا ہے کہ یہ عرصہ کافی لمبا ہوگا۔ چنانچہ مکانات تعمیر کرو اَور بس جاؤ؛ نباتات لگاؤ اَور اُن کی پیداوار کھاؤ۔‘ “
29صفنیاہؔ کاہِنؔ نے وہ خط یرمیاہؔ نبی کو پڑھ کر سُنایا۔ 30تَب یَاہوِہ کا کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا: 31”تمام جَلاوطن لوگوں کو یہ پیغام بھیج، ’نحلامی شمعیاہؔ کے متعلّق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، چونکہ شمعیاہؔ نے تُم سے نبُوّت کی حالانکہ مَیں نے اُسے نہیں بھیجا اَور اُس نے تُمہیں جھُوٹ پر یقین کرنے کو اُکسایا ہے، 32اِس لیٔے یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں، میں یقیناً نحلامی شمعیاہؔ اَور اُس کی نَسل کو سزا دُوں گا۔ اِس قوم میں اُس کا کویٔی بشر نہ بچے گا نہ وہ اُن بھلے کاموں دیکھ پایٔےگا جو میں اَپنی قوم کے لیٔے کروں گا کیونکہ اُس نے میرے خِلاف بغاوت کا اعلان کیا ہے۔‘ “