7
باطِل عبادت فُضول
1یہ وہ کلام ہے جو یَاہوِہ کی طرف سے یرمیاہؔ نبی پر نازل ہُوا: 2”یَاہوِہ کے گھر کے پھاٹک پر کھڑے ہو جاؤ اَور وہاں اِس پیغام کی مُنادی کرو:
” ’اَے یہُودیؔہ کے سَب لوگوں، تُم جو یَاہوِہ کی عبادت کرنے کے لیٔے اِن پھاٹکوں سے داخل ہوتے ہو، یَاہوِہ کا کلام سُنو۔ 3اَے قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، اَپنی روِشیں اَور اَپنے اعمال دُرست کر لو، تو مَیں تُمہیں اِس جگہ میں بُودوباش کرنے دوں گا۔ 4تُم اِس بہکانے والی بات پر یقین مت کرو اَور نہ یہ دعویٰ کرو، ”یہ تو یَاہوِہ کا بیت المُقدّس ہے، یہ تو یَاہوِہ کا بیت المُقدّس ہے، یہ تو یَاہوِہ کا بیت المُقدّس ہے!“ 5اگر تُم واقعی اَپنی روِشیں اَور اَپنے اعمال دُرست کر لو اَور ایک دُوسرے کے ساتھ اِنصاف سے پیش آؤ، 6اَور اگر تُم پردیسی، یتیم اَور بِیوہ پر ظُلم نہ کرو اَور اِس جگہ بےگُناہ کا خُون نہ بہاؤ اَور اگر تُم غَیر معبُودوں کی پیروی نہ کرو جِس سے تمہارا نُقصان ہو، 7تَب میں تُمہیں اِس جگہ اَور اِس مُلک میں جسے مَیں نے تمہارے آباؤاَجداد کو بُودوباش کرنے کو اَبدیّت کے لیٔے دیا تھا۔ 8لیکن دیکھو تُم جھُوٹی باتوں پر یقین کرتے ہو جِن سے کچھ فائدہ نہیں ہو سَکتا۔
9” ’کیا تُم چوری، خُون، زنا کرکے اَور جھُوٹی قَسم#7:9 جھُوٹی قَسم جھوٹے معبُودوں کی قَسم کھانا۔ کھا کر، معبُود بَعل کے لیٔے بخُور جَلا کر اَور اُن غَیر معبُودوں کی پیروی کرتے ہو جنہیں تُم نہیں جانتے تھے۔ 10اَور پھر آکر اِس گھر میں جو میرے نام سے کہلاتا ہے، میرے حُضُور میں کھڑے ہوکر یہ کہو، ”اَب ہم محفوظ ہیں،“ کیا یہ سَب مکرُوہ کام کرنے کے لیٔے تُم محفوظ ہو؟ 11کیا یہ گھر جو میرے نام سے کہلاتا ہے تمہاری نظر میں ڈاکوؤں کا اڈّا بَن گیا ہے؟ یَاہوِہ فرماتے ہیں، دیکھو، مَیں یہ سَب دیکھ رہا ہُوں!
12” ’لیکن اَب شیلوہؔ میں اُس مقام پر چلے جاؤ جہاں مَیں نے سَب سے پہلے اَپنے نام کا گھر مُقرّر کیا تھا، تُم وہاں جا کر دیکھو کہ مَیں نے اَپنی قوم بنی اِسرائیل کی بدکاریوں کے سبب سے اُس جگہ کا کیا حال کر دیا ہے؟ 13یَاہوِہ فرماتے ہیں، جَب تُم یہ سَب کام کر رہے تھے، تَب مَیں نے تُم سے بار بار کلام کیا لیکن تُم نے نہ سُنا، اَور مَیں تُمہیں پُکارتا رہا لیکن تُم نے مُجھے کوئی جَواب نہ دیا۔ 14اِس لیٔے یہ گھر جو میرے نام سے کہلاتا ہے، بیت المُقدّس پر تمہارا یقین ہے اَور یہ جگہ جو مَیں نے تُمہیں اَور تمہارے آباؤاَجداد کو عطا کی تھی اِس حالت میں شیلوہؔ کی مانند کر دُوں گا، 15اَور جِس طرح مَیں نے تمہارے سَب بھائیوں کو یعنی بنی اِفرائیمؔ کو اَپنی حُضُوری سے دُور کر دیا ہے، وَیسے ہی تُم سَب کو بھی دُور کر دُوں گا۔‘
16”لہٰذا تُم میری اِس قوم کے واسطے نہ تو دعا کرنا نہ کویٔی ہی مناجات پیش کرنا؛ اِن کے لئے مجھ سے کوئی فریاد مت کرنا کیونکہ مَیں تمہاری نہ سُنوں گا۔ 17کیا تُم نہیں دیکھتے کہ وہ یہُودیؔہ کے شہروں میں اَور یروشلیمؔ کی گلیوں میں کیا کر رہے ہیں؟ 18دیکھ بچّے تو لکڑی جمع کرتے ہیں، باپ آگ سُلگاتے ہیں اَور عورتیں آٹا گوندھتی ہیں کہ آسمان کی ملِکہ کے واسطے روٹی پکاتی ہیں، اَور غَیر معبُودوں کو تپاون دے کر میرے غُصّہ کو بھڑکاتے ہیں۔ 19لیکن یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ کیا وہ مُجھ کو ہی غُصّہ دِلاتے ہیں؟ کیا وہ خُود اَپنا نُقصان نہیں کر رہے جِس سے اُن کی رُسوائی ہو؟
20” ’چنانچہ یَاہوِہ قادر یُوں فرماتے ہیں، میرا غُصّہ اَور غضب اِس مقام پر، ہر اِنسان اَور حَیوان پر، درختوں اَور پَودوں پر اَور میدان کے فصلوں پر اُنڈیل دیا جائے گا جو جلتا ہی رہے گا اَور بُجھایا نہ جائے گا۔
21” ’قادرمُطلق یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا یُوں فرماتے ہیں، اَپنے سوختنی نذریں کے ساتھ باقی کے اَپنے ذبیحوں کو بھی شامل کر لو اَور خُود ہی اُس گوشت کو کھاؤ! 22کیونکہ جَب مَیں تمہارے آباؤاَجداد کو مِصر سے باہر نکال لایا اَور اُن سے بات کی تو اُس وقت مَیں نے اُنہیں صِرف سوختنی نذروں اَور ذبیحوں کے متعلّق ہی اَحکام نہ دئیے تھے، 23بَلکہ مَیں نے اُنہیں یہ حُکم دیا تھا کہ میرا حُکم مانو اَور مَیں تمہارا خُدا ہُوں گا اَور تُم میری قوم ٹھہروگے۔ اَور جِس راہ پر چلنے کا حُکم دُوں، اُس راہ پر چلو تاکہ تمہارا بھلا ہو۔ 24پھر بھی اُنہُوں نے نہ تو میرے حُکموں پر عَمل کیا اَور نہ ہی اُن کی طرف غور کیا؛ بَلکہ اَپنی مصلحتوں اَور بُرے دِلوں کی ضِد پر چلے اَور آگے بڑھنے کی بجائے برگشتہ ہو گئے۔ 25جِس وقت تمہارے آباؤاَجداد مِصر سے باہر نکلے، تَب سے آج تک ہمیشہ میں اَپنے سَب خادِموں یعنی نبیوں کو تمہارے پاس مسلسل بھیجتا رہا۔ 26لیکن اُنہُوں نے میری نہ سُنی اَور نہ ہی میرے پیغام کی طرف غور کیا۔ بَلکہ وہ اَور بھی باغی ہو گئے اَور اَپنے آباؤاَجداد سے بھی زِیادہ بدکاریاں کرتے رہے۔‘
27”جَب تُم اُنہیں یہ سَب بتاؤ گے تو وہ تمہاری بات نہ سُنیں گے اَور جَب تُم اُنہیں پُکارو گے تَب وہ جَواب نہ دیں گے۔ 28اِس لیٔے اُن سے فرما، یہ وُہی قوم ہے جِس نے نہ تو یَاہوِہ اَپنے خُدا کا حُکم مانا، اَور نہ ہی اُن پر تربیّت کا کچھ اثر ہُوا۔ سچّائی نِیست و نابود ہو گئی ہے اَور اُن کے مُنہ سے غائب ہو گئی۔
29” ’اَپنے بال کاٹ کر پھینک دے اَور بنجر ٹیلوں پر جا کر نوحہ کر کیونکہ یَاہوِہ نے اِس قوم کو جِن پر اُس کا قہر ہے، خارج اَور ترک کر دیا ہے۔
قتل عام کی وادی
30” ’یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ بنی یہُوداہؔ نے میری نگاہ میں بدکاریاں کی ہیں۔ اُنہُوں نے اَپنے مکرُوہ بُتوں کو اُس گھر میں جگہ دی ہے جو میرے نام سے کہلاتا ہے اَور اُسے ناپاک کر دیا۔ 31اُنہُوں نے بِن ہِنَّومؔ کی وادی میں تُوفتؔ نام کے اُونچے مقامات تعمیر کئے تاکہ وہاں اَپنے بیٹوں اَور بیٹیوں کو آگ میں جَلا دیں۔ جِس کا نہ مَیں نے حُکم دیا نہ یہ بات کبھی میرے ذہن میں آئی۔ 32اِس لیٔے خبردار رہ، یَاہوِہ فرماتے ہیں کہ وہ دِن آ رہے ہیں جَب لوگ اِسے تُوفتؔ یا بِن ہِنَّومؔ کی وادی نہیں بَلکہ قتل عام کی وادی کہی جائے گی کیونکہ وہ اَپنے مُردے تُوفتؔ میں تَب تک دفن کریں گے جَب تک کہ وہاں اَور کوئی جگہ باقی نہ رہے۔ 33تَب اِس قوم کی لاشیں آسمان کے پرندوں اَور زمین کے جنگلی جانوروں کی خُوراک ہُوں گی اَور اُنہیں ڈرا کر بھگانے والا کویٔی نہ ہوگا۔ 34تَب میں یہُودیؔہ کے شہروں اَور یروشلیمؔ کے بازاروں میں شادیانے، ہر طرح کی خُوشی اَور دُلہا و دُلہن کی آوازیں بند کر دُوں گا کیونکہ مُلک ویران ہو جائے گا۔