3
قوموں کا اِنصاف
1اُن ایّام میں اَور اُس وقت،
جَب مَیں یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے لوگوں کو اسیری سے چھُڑا لاؤں گا،
2تَب میں سَب قوموں کو جمع کرکے
اُنہیں یہوشافاطؔ کی وادی میں لے آؤں گا۔
وہاں میں اَپنی مِیراث یعنی اَپنی قوم اِسرائیل کے متعلّق
اُن کے خِلاف فیصلہ کروں گا،
کیونکہ اُنہُوں نے میرے لوگوں کو مُختلف قوموں میں بِکھیر دیا تھا
اَور میرے مُلک کو تقسیم کر دیا۔
3اُنہُوں نے میرے لوگوں کے لیٔے قُرعہ ڈالا
اَور کسبیوں کے بدلے میں لڑکوں کا سَودا کیا؛
اَور لڑکیوں کو فروخت کیا، تاکہ وہ مَے نوشی کریں۔
4”اَب اَے صُورؔ اَور صیدونؔ اَور فلسطین کے تمام علاقہ، تُمہیں میرے خِلاف کیا شکایت ہے؟ کیا تُم مُجھے میرے کسی کام کا صِلہ دے رہے ہو؟ اگر تُم مُجھے لَوٹا بھی رہے ہو تو میں فوراً نہایت عجلت سے جو کچھ تُم نے کیا ہُواہے، تمہارے ہی سَروں پر ڈال دُوں گا۔ 5کیونکہ تُم نے میری چاندی اَور میرا سونا لے لیا اَور میرے نفیس خزانے اَپنے مَندِروں میں رکھ لیا ہے۔ 6تُم نے یہُودیؔہ اَور یروشلیمؔ کے لوگوں کو یُونانیوں کے ہاتھ فروخت کیا تاکہ تُم اُنہیں اُن کے مادرِ وطن سے دُور کر دو۔
7”دیکھو، میں اُنہیں اُن مقامات سے جہاں تُم نے اُنہیں بیچا ہے اُبھاروں گا اَور تُم نے جو کچھ کیا اُسے تمہارے سَر پر لَوٹاؤں گا۔ 8مَیں تمہارے بیٹوں اَور بیٹیوں کو اہلِ یہُوداہؔ کے ہاتھ بیچوں گا اَور وہ اُنہیں شبائیوں کے ہاتھ فروخت کریں گے جو بہت دُور رہنے والی قوم ہے۔“ یہی یَاہوِہ کا فرمان ہے۔
9مُختلف قوموں میں اعلان کرو،
جنگ کی تیّاری کرو!
سپاہیوں کو جگاؤ!
تمام جنگجو مَرد قریب آکر حملہ کریں۔
10اَپنے اَپنے ہلوں کے پھالوں کو پیٹ کر تلواریں
اَور اَپنے اَپنے درانتیوں کو پیٹ کر نیزے بنالو۔
جو کمزور ہو وہ بھی کہے کہ
”میں زورآور ہُوں!“
11اَے اِردگرد کی تمام قوموں جلدی آ جاؤ،
اَور وہاں جمع ہو جاؤ۔
اَے یَاہوِہ اَپنے جنگجو سپاہیوں کو لے آ!
12”قومیں جاگ اُٹھیں؛
اَور وہ یہوشافاطؔ کی وادی کی طرف کوچ کریں،
کیونکہ مَیں وہاں تخت نشین ہوکر
چاروں طرف کی سَب قوموں کا اِنصاف کروں گا۔
13درانتی لگاؤ،
کیونکہ فصل پک گئی ہے۔
آؤ اَور انگوروں کو روندو،
کیونکہ کی انگوری حوض لبالب بھرا ہے
اَور حوض لبریز ہے۔
کیونکہ اُن کی بدکاری بہت بڑی ہے!“
14فیصلہ کی وادی میں
ہُجوم ہی ہُجوم ہے!
کیونکہ فیصلہ کی وادی میں
یَاہوِہ کا دِن نزدیک ہے۔
15آفتاب اَور مَہتاب تاریک ہو جایٔیں گے،
اَور سِتارے بے نُور ہو جایٔیں گے۔
16یَاہوِہ صِیّونؔ سے دہاڑے گا
اَور یروشلیمؔ سے گرجے گا؛
جِس سے آسمان اَور زمین کانپ اُٹھیں گے۔
لیکن یَاہوِہ اَپنے لوگوں کے لیٔے پناہ گاہ،
اَور بنی اِسرائیل کے لیٔے قلعہ ہوگا۔
خُدا کے لوگوں کے لیٔے برکتیں
17”تَب تُم جان لوگے کہ میں یَاہوِہ تمہارا خُدا،
اَپنے مُقدّس پہاڑ صِیّونؔ میں سکونت کرتا ہُوں۔
یروشلیمؔ مُقدّس مقام ہوگا؛
اَور پردیسی پھر کبھی اُس پر حملہ نہیں کریں گے۔
18”اُس وقت پہاڑوں پر سے نئی مَے ٹپکے گی،
اَور ٹیلوں پر سے دُودھ بہے گا؛
اَور یہُوداہؔ کے تمام نالوں میں پانی بہنا جاری رہے گا۔
اَور یَاہوِہ کے گھر میں سے ایک چشمہ پھوٹ نکلے گا
جو شِطِّیمؔ کی وادی کو سیراب کرےگا۔
19چونکہ اُنہُوں نے یہُوداہؔ پر ظُلم ڈھائے،
اَور اُن کے مُلک میں بےگُناہوں کا خُون بہایا،
اِس لیٔے مِصر ویران ہو جائے گا،
اَور اِدُوم ریگستان بَن جائے گا۔
20لیکن یہُودیؔہ اَب سے اَبد تک آباد رہے گا
اَور یروشلیمؔ پُشت در پُشت قائِم رہے گے۔
21کیا مَیں اُن بےگُناہوں کے قتل کا اِنتقام لئے بغیر جانے دُوں،
نہیں، بالکُل نہیں۔“
یَاہوِہ صِیّونؔ میں سکونت پذیر ہے۔