YouVersion Logo
تلاش

مرقُس 3

3
حُضُور عیسیٰ کا سَبت کے دِن شفا بخشنا
1پھر سے حُضُور عیسیٰ یہُودی عبادت گاہ میں داخل ہوئے اَور وہاں، ایک آدمی تھا جِس کا ایک ہاتھ سُوکھا ہُوا تھا۔ 2اَور فرِیسی حُضُور عیسیٰ کی تاک میں تھے اِس لیٔے حُضُور کو قریب سے دیکھنے لگے کہ اگر حُضُور سَبت کے دِن اُس آدمی کو شفا بَخشیں تو وہ حُضُور پر اِلزام لگاسکیں۔ 3حُضُور عیسیٰ نے اُس سُوکھے ہاتھ والے آدمی سے کہا، ”اُٹھو اَور آکر سَب کے بیچ میں کھڑے ہو جاؤ۔“
4حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”سَبت کے دِن کیا کرنا روا ہے: نیکی کرنا یا بدی کرنا، جان بچانا یا ہلاک کرنا؟“ لیکن وہ خاموش رہے۔
5وہ اُن کی سخت دِلی پر نہایت ہی غمگین ہوئے اَور، اُن پر غُصّہ سے نظر کرکے، حُضُور عیسیٰ نے اُس آدمی سے کہا، ”اَپنا ہاتھ بڑھا۔“ اُس نے جَیسے ہی ہاتھ آگے بڑھایا اُس کا ہاتھ بالکُل ٹھیک ہو گیا تھا۔ 6یہ دیکھ کر فرِیسی فوراً باہر چلے گیٔے اَور ہیرودیوں کے ساتھ حُضُور عیسیٰ کو ہلاک کرنے کی سازش کرنے لگے۔
ہُجوم کا حُضُور عیسیٰ کے پیچھے چلنا
7حُضُور عیسیٰ اَپنے شاگردوں کے ساتھ جھیل کی طرف تشریف لے گیٔے، اَور صُوبہ گلِیل اَور یہُودیؔہ سے لوگوں کا ایک بڑا ہُجوم بھی آپ کے پیچھے چل رہاتھا۔ 8اَور یہُودیؔہ، یروشلیمؔ، اِدوُمیہؔ، دریائے یردؔن کے پار اَور صُورؔ اَور صیؔدا کے علاقوں کے لوگ بھی آ پہُنچے، کیونکہ اُنہیں پتہ چَلاتھا کہ حُضُور عیسیٰ بہت بَڑے بَڑے کام کرتے ہیں۔ 9ہُجوم کو دیکھ کر حُضُور عیسیٰ نے اَپنے شاگردوں سے کہا، میرے لیٔے ایک چھوٹی کشتی تیّار رکھو لوگ بہت ہی زِیادہ ہیں، کہیں اَیسا نہ ہو کہ وہ مُجھے دبا دیں۔ 10حُضُور عیسیٰ نے بہت سے لوگوں کو شفا بخشی تھی، لہٰذا جتنے لوگ بیمار تھے آپ کو چھُونے کی کوشش میں اُن پر گِرے پڑتے تھے۔ 11بَدرُوحیں بھی حُضُور عیسیٰ کو دیکھتی تھیں، اُن کے سامنے گِرکر چِلّانے لگتی تھیں، ”آپ خُدا کے بیٹے ہیں۔“ 12حُضُور عیسیٰ نے اُنہیں سخت تَاکید کی کہ وہ دُوسروں کو اُن کے بارے میں نہ بتائیں۔
حُضُور عیسیٰ کا بَارہ شاگردوں کا اِنتخاب کرنا
13پھر حُضُور عیسیٰ ایک پہاڑی پر چڑھ گیٔے اَور وہ جنہیں چاہتے تھے، اُنہیں اَپنے پاس بُلایا اَور وہ حُضُور کے پاس چلے آئے۔ 14حُضُور عیسیٰ نے بَارہ کو بطور رسول مُقرّر کیا تاکہ وہ اُن کے ساتھ رہیں اَور وہ اُنہیں مُنادی کرنے کے لیٔے بھیجیں 15اَور بَدرُوحوں کو نکالنے کا اِختیّار حاصل ہو۔
16چنانچہ حُضُور عیسیٰ نے اِن بَارہ کو مُقرّر کیا:
شمعُونؔ (جسے حُضُور عیسیٰ نے پطرس کا نام دیا)،
17یعقوب اُس کا بھایٔی یُوحنّؔا جو زبدیؔ کا بیٹے تھے (حُضُور عیسیٰ نے اُن کا تخّلص بُوانِرگِسؔ یعنی ”رَعد کا بیٹا رکھا“)،
18اَندریاسؔ،
فِلِپُّسؔ اَور
برتلماؔئی،
متّیؔ، اَور
توماؔ،
حلفئؔی کا بیٹا یعقوب اَور
تدّیؔ،
اَور شمعُونؔ قنانی#3‏:18 قنانی یا زیلوتیسؔ بھی کہتے ہیں۔‏
19اَور یہُوداؔہ اِسکریوتی جِس نے حُضُور عیسیٰ سے دغابازی بھی کی تھی۔
حُضُور عیسیٰ پر اُن کے اہلِ خانہ اَور عُلما کا اِلزام لگایا جانا
20حُضُور عیسیٰ ایک گھر میں داخل ہویٔے، اَور وہاں اِس قدر بھیڑ لگ گئی کہ وہ، اَور اُن کے شاگرد کھانا بھی نہ کھا سکے۔ 21جَب اُن کے اہلِ خانہ کو خبر ہویٔی تو وہ حُضُور عیسیٰ کو اَپنے ساتھ لے جانے کے لیٔے آئے کیونکہ اُن کا کہنا تھا، ”حُضُور المسیؔح اَپنا ذہنی تَوازن کھو بَیٹھے ہیں۔“
22شَریعت کے عالِم جو یروشلیمؔ سے آئےتھے اُن کا کہنا تھا، ”حُضُور عیسیٰ میں بَعل زبُولؔ ہے! اَور یہ بھی کہ وہ بَدرُوحوں کے رہنما کی مدد سے بَدرُوحوں کو نکالتے ہیں۔“
23حُضُور عیسیٰ اُنہیں اَپنے پاس بُلاکر اُن سے تمثیلوں میں کہنے لگے: ”شیطان کو خُود شیطان ہی نِکالے یہ کیسے ہو سَکتا ہے؟ 24اگر کسی سلطنت میں پھُوٹ پڑ جائے، تو اُس کا وُجُود قائِم نہیں رہ سَکتا۔ 25اگر کسی گھر میں پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ قائِم نہیں رہ سَکتا۔ 26اگر شیطان اَپنے ہی خِلاف لڑنے لگے اَور اُس کے اَپنے اَندر پھُوٹ پڑ جائے، تو وہ بھی قائِم نہیں رہ سَکتا؛ بَلکہ اُس کا خاتِمہ ہو جائے گا۔ 27درحقیقت، کویٔی شخص کسی زورآور کے گھر میں گھس کر اُس کا سامان نہیں لُوٹ سَکتا جَب تک کہ وہ پہلے اُس زورآور کو باندھ نہ لے۔ تَب ہی وہ اُس گھر کو لُوٹ سکے گا۔ 28میں تُم سے سچ کہتا ہُوں، اِنسانوں کے سارے گُناہ اَور جِتنا کُفر وہ بکتے ہیں مُعاف کیٔے جایٔیں گے، 29لیکن پاک رُوح کے خِلاف کُفر بکنے والا ایک اَبدی گُناہ کا مُرتکب ہوتاہے؛ اِس لیٔے وہ ہر گز نہ بَخشا جائے گا۔“
30حُضُور عیسیٰ کا اِشارہ اُن ہی کی طرف تھا کیونکہ وہ کہتے تھے، ”حُضُور عیسیٰ میں ایک بَدرُوح ہے۔“
31پھر حُضُور عیسیٰ کی ماں اَور اُن کے بھایٔی آ گئے اَور اُنہُوں نے حُضُور عیسیٰ کو باہر بُلوا بھیجا۔ 32حُضُور کے آس پاس ایک ہُجوم بیَٹھا تھا، لوگوں نے حُضُور کو خبر دی، ”وہ دیکھئے! آپ کی ماں اَور آپ کے بھایٔی اَور بہن باہر کھڑے ہیں اَور آپ سے مُلاقات کرنا چاہتے ہیں۔“
33”میری ماں اَور میرے بھایٔی کون ہیں؟“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا۔
34حُضُور عیسیٰ نے اَپنے اِردگرد بَیٹھے ہویٔے لوگوں پر نظرڈالی اَور فرمایا، ”یہ ہیں میری ماں اَور میرے بھایٔی اَور بہن! 35کیونکہ جو کویٔی خُدا کی مرضی پر چلتا ہے وُہی میرا بھایٔی، میری بہن اَور میری ماں ہے۔“

موجودہ انتخاب:

مرقُس 3: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in