6
تعمیر کی مزید مُخالفت
1جَب سنبلّطؔ، طُوبیاہؔ، گیشمؔ عربی اَور ہمارے باقی دُشمنوں کو خبر مِلی کہ مَیں نے دیوار دوبارہ تعمیر کرلی ہے اَور اُس میں کویٔی بھی شگاف باقی نہیں رہا۔ اگرچہ مَیں نے ابھی تک پھاٹکوں میں دروازے نہیں لگائے تھے۔ 2سنبلّطؔ اَور گیشمؔ نے مُجھے یہ پیغام بھیجا: ”بڑا اَچھّا ہوگا اگر ہم اُونوؔ کے میدان کے کسی گاؤں میں باہم مُلاقات کر سکیں۔“
مگر حقیقت یہ تھی کہ وہ مُجھے ضرر پہُنچانے کے منصُوبے باندھ رہے تھے۔ 3اِس لیٔے مَیں نے اِس جَواب کے ساتھ اُن کی طرف قاصِد بھیجے: ”میں ایک بڑے منصُوبہ پر کام میں مصروف ہُوں اِس لیٔے نہیں آسکتا۔ یہ کام چھوڑکر تمہارے پاس میرے آنے سے کام کیوں بندہو؟“ 4چار بار اُنہُوں نے مُجھے یہی پیغام بھیجا اَور مَیں نے بھی ہر دفعہ اُنہیں یہی جَواب دیا۔
5تَب پانچویں مرتبہ سنبلّطؔ نے یہی پیغام دے کر اَپنے ایک مُعاوِن کو میرے پاس بھیجا جو اَپنے ہاتھ میں ایک کھُلا خط لیٔے ہُوئے تھا 6جِس میں لِکھّا تھا:
”قوموں میں یہ افواہ پھیلی ہُوئی ہے اَور گیشمؔ کہتاہے کہ یہ سچ ہے کہ تُو اَور یہُودی مِل کر بغاوت کرنے کی سازش کر رہے ہو۔ اَور اِسی لیٔے تُو فصیل تعمیر کر رہاہے۔ اِن باتوں سے صَاف ظاہر ہے کہ تُو اُن کا بادشاہ بننا چاہتاہے۔ 7اَور تُونے یروشلیمؔ میں نبی بھی مُقرّر کئے ہیں جو تیرے حق میں یہ اعلان کریں: ’یہُوداہؔ میں ایک بادشاہ ہے!‘ اَب یہ خبر بادشاہ تک بھی جا پہُنچے گی۔ لہٰذا آ ہم باہم صلاح مشورہ کریں۔“
8مَیں نے اُسے یہ جَواب بھیجا: ”جو کچھ تُو کہتاہے اَیسی کویٔی بات نہیں ہُوئی اَور یہ صِرف تیرے اَپنے دماغ کی ایجاد ہے۔“
9وہ سَب یہ سوچ کر ہمیں ڈرانے کی کوشش کر رہے تھے، ”ہمارے ہاتھ کام کرنے کے لیٔے کمزور پڑ جایٔیں، لہٰذا کام مُکمّل نہیں ہو پایٔےگا۔“
لیکن مَیں نے دعا کی، ”میرے ہاتھوں کو مضبُوط کیجئے۔“
10ایک دِن میں شمعیاہؔ بِن دلایاہ بِن مہَیطبیلؔ کے گھر گیا جو اَپنے کمرہ میں بند تھا۔ اُس نے کہا، ”آؤ، ہم خُدا کے گھر میں ہیکل کے اَندر ملیں اَور ہیکل کے دروازے اَندر سے بند کر لیں کیونکہ وہ لوگ تُجھے قتل کرنے پرتُلے ہُوئے ہیں۔ یقیناً وہ رات ہی کے وقت آئیں گے کہ تُجھے قتل کر ڈالیں۔“
11لیکن مَیں نے کہا، ”کیا میرے جَیسا کوئی آدمی بھاگ نکلے؟ یا کیا مُجھ جَیسا آدمی ہیکل میں گھُس کر زندہ رہ پایٔےگا؟ میں نہیں جاؤں گا!“ 12تَب مُجھے مَعلُوم ہُوا کہ اُس کی نبُوّت خُدا کی طرف سے نہیں تھی بَلکہ اُس نے میرے خِلاف صِرف اِس لیٔے پیشین گوئی کی تھی کیونکہ سنبلّطؔ اَور طُوبیاہؔ نے اُسے کچھ رقم دی تھی۔ 13مُجھے پست ہمّت کرنے کے لیٔے اُسے اُجرت دی گئی تھی تاکہ مَیں یہ کرکے گُناہ کا مُرتکب ٹھہروں اَور وہ میری ساکھ ختم کرنے کے لیٔے مُجھے بدنام کر سکیں۔
14اَے میرے خُدا! طُوبیاہؔ اَور سنبلّطؔ کی اِس حرکت کو یاد رکھنا۔ نبیّہ نوعیدیاہؔ اَور باقی نبیوں کو بھی یاد رکھنا جو مُجھے پست ہمّت کرنے کی کوشش میں لگے ہُوئے ہیں۔ 15چنانچہ فصیل باون دِن میں الُولؔ مہینے کی پچّیسویں تاریخ کو مُکمّل ہو گئی۔
1 فصیل کی تکمیل
16جَب ہمارے سَب دُشمنوں نے سُنا تو اِردگرد کی تمام قومیں ڈر گئیں اَور اُن کی خُود اِعتمادی جاتی رہی کیونکہ اُنہُوں نے جان لیا کہ یہ کام ہم نے اَپنے خُدا کی مدد سے کیا ہے۔
17اُن دِنوں میں بھی یہُوداہؔ کے اُمرا طُوبیاہؔ کو خُطوط بھیجتے رہتے تھے اَور طُوبیاہؔ کی جانِب سے اُنہیں جَواب بھی آتے رہتے تھے۔ 18کیونکہ یہُوداہؔ میں سے بعض نے اُس سے عہدوپیمان کر رکھے تھے، اِس لیٔے کہ وہ شِکنیاہؔ بِن ارخؔ کا داماد تھا اَور اُس کے بیٹے یِہُوحنانؔ نے مِشُلّامؔ بِن بیرکیاہ کی بیٹی سے شادی کی ہُوئی تھی۔ 19وہ میرے سامنے اُس کے اَچھّے کاموں کا ذِکر کرتے تھے اَورجو کچھ میں کہتا تھا، جا کر اُسے بتا دیتے تھے۔ اَور طُوبیاہؔ مُجھے پست ہمّت کرنے کے لیٔے خُطوط بھی بھیجتا رہتا تھا۔