8
1جَب ساتواں مہینہ آیا اَور اِسرائیلی اَپنے اَپنے شہروں میں بسے ہُوئے تھے تو تمام لوگ اِکٹھّے جَیسے ایک ہوکر پانی کے پھاٹک کے سامنے کے چَوک میں جمع ہُوئے۔ اُنہُوں نے شَریعت کے مُعلّم عزراؔ سے کہا کہ مَوشہ کی کِتاب تورہ کو جِس کا یَاہوِہ نے اِسرائیل کو حُکم دیا تھا لایٔے۔
2چنانچہ ساتویں مہینے کی پہلی تاریخ کو عزراؔ کاہِنؔ تورہ (شَریعت) کو مَردوں اَور عورتوں اَور اُن سبھوں کی جماعت کے سامنے لے آیا جو اُسے سُن کر سمجھ سکتے تھے۔ 3اَور اُس نے اُسے صُبح سے لے کر دوپہر تک پانی کے پھاٹک کے سامنے چَوک کی طرف مُنہ کرکے مَردوں، عورتوں اَور دُوسرے سمجھدار لوگوں کے سامنے بُلند آواز سے پڑھا اَور سَب لوگ کِتاب تورہ کو پُوری توجّہ سے سُنتے رہے۔
4شَریعت کا مُعلّم عزراؔ ایک بُلند چوبی مِنبر پرجو اُس موقع کے لیٔے بنایا گیا تھا کھڑا ہو گیا۔ اُس کے ساتھ داہنی طرف متّتیاہؔ، شِمعؔ، عنایاہؔ، اورِیّاہؔ، خِلقیاہؔ اَور معسیاہؔ کھڑے ہُوئے۔ اَور بائیں طرف پِدائیاہؔ، میشاایلؔ، ملکیاہؔ، حاشُومؔ، حشبدّانہؔ، زکریاؔہ اَور مِشُلّامؔ تھے۔
5عزراؔ نے کِتاب تورہ کھولی۔ سَب لوگ اُسے دیکھ سکتے تھے کیونکہ وہ اُن سَب سے اُونچی جگہ پر کھڑا تھا۔ اَور جَب اُس نے اُسے کھولا تو لوگ کھڑے ہو گئے۔ 6عزراؔ نے یَاہوِہ خُدائے عظیم کی تمجید کی اَور تمام لوگوں نے ہاتھ کھڑے اُٹھاکر، ”جَواب میں آمین آمین بولا!“ پھر اُنہُوں نے مُنہ کے بَل زمین پر جھُک کر یَاہوِہ کو سَجدہ کیا۔
7اَور یہوشُعؔ، بانیؔ، شیرِبیاہؔ، یامِنؔ، عقُّوبؔ، شبّتائی، ہُودیاہؔ، معسیاہؔ قِلیطاؔ، عزریاہؔ، یُوزبادؔ، حاننؔ، پِلائییاہؔ اَور لیوی لوگوں کو تورہ سمجھاتے گیٔے اَور اُس دَوران لوگ اَپنی اَپنی جگہ کھڑے رہے۔ 8پہلے اُنہُوں نے خُدا کی کِتاب تورہ میں سے صَاف صَاف پڑھا، پھر اُس کی تشریح کرکے اُس کے معنی بتائے تاکہ جو کچھ پڑھا جا رہاتھا لوگ اُسے سمجھ سکیں۔
9تَب نحمیاہ حاکم، عزراؔ کاہِنؔ اَور شَریعت کے مُعلّم اَور لیویوں نے جو لوگوں کو تعلیم دے رہے تھے اُن سَب سے کہا، ”یہ دِن یَاہوِہ تمہارے خُدا کے لیٔے مُقدّس ہے۔ نہ ماتم کرو نہ روؤ۔“ کیونکہ تمام لوگ تورہ کی باتیں سُنتے وقت رو رہے تھے۔
10نحمیاہ نے کہا، ”جاؤ اَور اَپنا پسندِیدہ کھانا کھاؤ اَور میٹھے شربت پیو اَور اُن کے لیٔے بھی کچھ بھیجو جِن کے پاس کچھ تیّار نہیں۔ یہ دِن ہمارے خُدا کے لیٔے مُقدّس ہے۔ رنجیدہ نہ ہو کیونکہ یَاہوِہ کی شادمانی ہی تمہاری قُوّت ہے۔“
11لیویوں نے لوگوں کو یہ کہتے ہُوئے چُپ کرایا کہ، ”خاموش ہو جاؤ کیونکہ یہ مُقدّس دِن ہے۔ پس رنجیدہ مت ہو۔“
12تَب لوگ کھانے پینے اَور کھانے کا کچھ حِصّہ بھیجنے اَور خُوشی سے جَشن منانے کے لیٔے چلے گیٔے کیونکہ اَب اُنہُوں نے اُن باتوں کو جو اُنہیں سُنایٔی گئی تھیں، سمجھ لیا تھا۔
13مہینے کے دُوسرے دِن آبائی خاندانوں کے سردار کاہِنوں اَور لیویوں کے ہمراہ شَریعت کے مُعلّم عزراؔ کے پاس جمع ہویٔے تاکہ تورہ کی باتوں پر غور کریں۔ 14اَور اُنہیں تورہ میں یہ لِکھّا مِلا جِس کا یَاہوِہ نے مَوشہ کی مَعرفت حُکم دیا تھا کہ اِسرائیل ساتویں مہینے کی عید کے دَوران جھونپڑیوں میں رہا کریں۔ 15اَور وہ اَپنے تمام شہروں میں اَور یروشلیمؔ میں اِشتہار دیں اَور مُنادی کرایٔیں: ”پہاڑی علاقہ میں جاؤ اَور جھونپڑیاں بنانے کے لیٔے زَیتُون اَور مہندی کی شاخیں اَور کھجور کی اَور گھنے درختوں کی شاخیں لے کر آؤ،“ جَیسا کہ لِکھّا ہے۔
16پس لوگ باہر جا کر شاخیں لایٔے اَور اُنہُوں نے اَپنے اَپنے مکان کی چھت پر، اَپنے صحن میں، خُدا کے گھر میں، پانی کے پھاٹک کے پاس میدان میں اَور اِفرائیمؔ کے پھاٹک کے پاس اَپنے لیٔے جھونپڑیاں بنائیں۔ 17لوگوں کی ساری جماعت جو جَلاوطنی سے واپس آئی تھی جھونپڑیاں بنا کر اُن میں رہی۔ یہوشُعؔ بِن نُونؔ کے دِنوں سے لے کر اُس دِن تک اِسرائیلیوں نے اِسے کبھی اِس طرح نہیں منایا تھا اَور اُن کی خُوشی کا کویٔی ٹھکانا نہ تھا۔
18عزراؔ نے پہلے دِن سے لے کر آخِری دِن تک روزانہ خُدا کی کِتاب تورہ میں سے پڑھا اَور اُنہُوں نے سات دِن تک عید منائی اَور آٹھویں دِن دستور کے مُطابق اِجتماع ہُوا۔