گِنتی 16

16
قورحؔ داتنؔ اَور ابیرامؔ
1قورحؔ جو لیوی کا پرپوتا قُہات کا پوتا اَور اِضہاؔر کا بیٹا تھا اِلیابؔ کے بیٹوں داتنؔ اَور ابیرامؔ اَور پِلیتھ کے بیٹے اَونؔ جَیسے چند بنی رُوبِنؔ کے ساتھ مِل کر گستاخی کر بیٹھے۔ 2وہ مَوشہ کے خِلاف اُٹھ کھڑے ہویٔے۔ بنی اِسرائیل میں سے ڈھائی سَو لوگ اُن کے ساتھ تھے جو جماعت کے نامور سردار اَور مجلس کے نامزد رُکن تھے۔ 3وہ مَوشہ اَور اَہرونؔ کی مُخالفت کرنے کے لئے ایک گِروہ کی طور پر اِکٹھّے ہوکر اُن سے کہنے لگے، ”تُم حَد سے بڑھ چُکے ہو! ساری جماعت اَور اُس کا ہر ایک فرد مُقدّس ہے اَور یَاہوِہ اُن کے ساتھ ہیں۔ پھر تُم یَاہوِہ کی جماعت میں اَپنے آپ کو کیوں بالاتر رکھتے ہیں؟“
4جَب مَوشہ نے یہ باتیں سُنی تو وہ اَپنے مُنہ کے بَل گرا۔ 5تَب اُس نے قورحؔ اَور اُس کے تمام پیروکاروں سے کہا: ”کل صُبح کے وقت یَاہوِہ صَاف ظاہر کر دیں گے کہ کون اُن کا ہے اَور کون مُقدّس ہے اَور وہ اُس شخص کو اَپنے قریب آنے دیں گے۔ جسے وہ آپ نے آپ مُنتخب کریں گے اُسے وہ اَپنی قربت بھی بخشیں گے۔ 6لہٰذا اَے قورحؔ! تُم اَور تمہارے تمام پیروکار اَپنا اَپنا بخُوردان لیں 7اَور کل اُن میں آگ رکھ کر تُم یَاہوِہ کے حُضُور بخُور جَلاؤ۔ تَب جِس شخص کو یَاہوِہ مُنتخب کریں وُہی مُقدّس ٹھہرے گا۔ اَے لیویو! تُم حَد سے زِیادہ بڑھ گیٔے ہو!“
8مَوشہ نے قورحؔ سے یہ بھی کہا، ”اَے لیویو سُنو! 9کیا تمہارے لیٔے یہ کافی نہیں کہ اِسرائیل کے خُدا نے تُمہیں بنی اِسرائیل کی جماعت سے الگ کرکے اَپنی قربت میں لیا ہے تاکہ تُم یَاہوِہ کے مَسکن کی خدمت کرو اَور جماعت کے سامنے کھڑے ہوکر اُس کی بھی خدمت بجا لاؤ۔ 10اِس طرح یَاہوِہ نے تُمہیں اَور تمہارے سَب لیوی بھائیوں کو بھی اَپنی قربت میں لے آئے، لیکن اَب تُم کہانت بھی حاصل کرنا چاہتے ہو۔ 11دراصل وہ یَاہوِہ ہی ہیں جِس کے خِلاف تُم اَور تمہارے سَب پیروکار اِکٹھّے ہو گئے ہو۔ اَہرونؔ کون ہے، جو تُم اُس کے خِلاف بُڑبُڑاتے ہو؟“
12تَب مَوشہ نے اِلیابؔ کے بیٹوں داتنؔ اَور ابیرامؔ کو بُلوا بھیجا لیکن اُنہُوں نے کہا، ”ہم نہیں آتے! 13کیا یہ کافی نہیں کہ تُم ہمیں ایک اَیسے مُلک سے جِس میں دُودھ اَور شہد بہتا ہے، اِس لیٔے نکال لائے ہو، ہمیں بیابان میں مار ڈالو؟ اَب تُم حاکم بَن کر ہم پر اِختیار بھی جتاتے ہو؟ 14اِس کے علاوہ تُم نے ہمیں اُس مُلک میں بھی نہیں پہُنچایا جہاں دُودھ اَور شہد بہتا ہے اَور نہ ہمیں کھیتوں اَور تاکستانوں کا وارِث بنایا۔ کیا تُم اُن لوگوں کے ساتھ غُلام جَیسا برتاؤ کرنا چاہتے ہو؟ نہیں، ہم نہیں آئیں گے!“
15تَب مَوشہ بےحد غُصّہ ہُوا اَور یَاہوِہ سے کہنے لگے، ”اُن کا ہدیہ قبُول نہ کرنا۔ مَیں نے اُن سے ایک گدھا بھی نہیں لیا نہ اُن میں سے کسی کو کویٔی نُقصان پہُنچایا ہے۔“
16پھر مَوشہ نے قورحؔ سے کہا، ”کل تُم اَپنے سَب پیروکاروں کو ساتھ لے کر یَاہوِہ کے آگے حاضِر ہو۔ تُم، اَور تمہارے وہ لوگ اَور اَہرونؔ بھی۔ 17ہر شخص اَپنا اَپنا بخُوردان لے اَور اُس میں بخُور ڈالے اَور اُسے یَاہوِہ کے حُضُور پیش کرے۔ کُل ڈھائی سَو بخُوردان ہوں۔ تُم اَور اَہرونؔ بھی اَپنا اَپنا بخُوردان پیش کرنا۔“ 18چنانچہ سارے آدمی اَپنا اَپنا بخُوردان لے کر اُن میں آگ اَور بخُور ڈال کر مَوشہ اَور اَہرونؔ کے ساتھ خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر آ کھڑے ہویٔے۔ 19جَب قورحؔ نے اَپنے سارے فریق والوں کو اُن کے خِلاف خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر جمع کیا تو یَاہوِہ کا جلال ساری جماعت کے سامنے ظاہر ہُوا۔ 20یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے کہا: 21”اَپنے آپ کو اِس جماعت سے الگ کر لو تاکہ میں پل بھر میں اُن کا خاتِمہ کر دُوں۔“
22لیکن مَوشہ اَور اَہرونؔ مُنہ کے بَل گِر کر کہنے لگے، ”اَے خُدا! اَے بنی نَوع اِنسان کی رُوحوں کے خُدا! کیا آپ ساری جماعت پر اَپنا قہر نازل کریں گے جَب کہ صِرف ایک آدمی نے گُناہ کیا ہے؟“
23تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: 24”اِس جماعت سے کہہ، ’وہ قورحؔ داتنؔ اَور ابیرامؔ کے خیموں کے آس پاس سے ہٹ جائے۔‘ “
25مَوشہ اُٹھ کر داتنؔ اَور ابیرامؔ کی طرف گیا اَور اِسرائیل کے بُزرگ اُس کے پیچھے پیچھے گیٔے۔ 26اُس نے جماعت کو آگاہ کیا، ”اِن بدکار آدمیوں کے خیموں کے پاس سے پیچھے ہٹ جاؤ اَور اُن کی کسی چیز کو نہ چھوؤ۔ کہیں اَیسا نہ ہو کہ تُم بھی اُن کے سَب گُناہوں کے باعث برباد ہو جاؤ۔“ 27چنانچہ وہ قورحؔ، داتنؔ اَور ابیرامؔ کے خیموں کے آس پاس سے ہٹ گیٔے۔ لیکن داتنؔ اَور ابیرامؔ باہر نکل آئے اَور اَپنی بیویوں اَور چُھوٹے بچّوں کے ساتھ اَپنے اَپنے خیموں کے دروازوں پر کھڑے ہو گئے۔
28تَب مَوشہ نے کہا، ”اِس سے تُم جان لوگے کہ یَاہوِہ نے مُجھے یہ سَب کام کرنے کے لیٔے بھیجا ہے اَور یہ بھی کہ یہ میرا اَپنا منصُوبہ نہیں تھا۔ 29اگر یہ اِنسان قُدرتی موت مَریں اَور اُن کے ساتھ وُہی ہو جو سَب لوگوں کے ساتھ ہُوا کرتا ہے تو میں یَاہوِہ کا بھیجا ہُوا نہیں ہُوں۔ 30لیکن اگر یَاہوِہ کویٔی انوکھا کرشمہ دِکھائیں اَور زمین اَپنا مُنہ کھول دے اَور اُنہیں اَور اُن کا سَب کچھ نگل جائے اَور وہ زندہ ہی قبر میں سما جایٔیں تَب تُم جان لوگے کہ اِن لوگوں نے خُدا کی تحقیر کی ہے۔“
31جوں ہی اُس نے یہ باتیں ختم کیں اُن کے قدموں کے نیچے کی زمین پھٹ گئی 32اَور زمین نے اَپنا مُنہ کھول دیا اَور اُنہیں، اُن کے گھر بار اَور قورحؔ کے یہاں کے سَب آدمیوں کو اَور اُن کے تمام مال و اَسباب کو ہڑپ کر لیا۔ 33وہ اَپنے تمام مال و اَسباب کے ساتھ زندہ ہی قبر میں جا پڑے اَور زمین اُن کے اُوپر برابر ہو گئی اَور وہ جماعت میں سے نابود ہو گئے۔ 34اُن کا چِلّانا سُن کر تمام اِسرائیلی جو اُن کے آس پاس تھے وہ یہ کہتے ہویٔے بھاگ نکلے، ”زمین ہمیں بھی نگل لے گی!“
35تَب یَاہوِہ کے پاس سے آگ نکلی اَور اُن ڈھائی سَو آدمیوں کو بھسم کر گئی جو بخُور چڑھا رہے تھے۔
36یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: 37”اَہرونؔ کاہِنؔ کے بیٹے الیعزرؔ سے کہہ کہ وہ بخُوردانوں کو جھلستے ہویٔے انبار میں سے نکال لے اَور اَنگاروں کو کچھ فاصلہ پر بِکھیر دے کیونکہ وہ بخُوردان مُقدّس ہیں۔ 38وہ اُن آدمیوں کے بخُوردان ہیں جنہوں نے اَپنی ہی جان سے دُشمنی کرکے گُناہ کیا تھا۔ اُن بخُوردانوں کو پِیٹ پِیٹ کر پترے بنالو تاکہ وہ مذبح پر منڈھے جایٔیں کیونکہ اُنہیں یَاہوِہ کے حُضُور رکھا گیا تھا۔ اِس لیٔے وہ پاک ہیں۔ وہ بنی اِسرائیل کے لیٔے ایک نِشان ٹھہریں گے۔“
39چنانچہ الیعزرؔ کاہِنؔ نے وہ کانسے کے بخُوردان بٹور لئے جنہیں وہ لوگ لے کر آئےتھے جو بعد کو بھسم کر دیئے گیٔے تھے اَور اُس نے اُن بخُوردانوں کو پِٹوا کر اُن کے پترے بنوائے تاکہ اُن سے مذبح کو منڈھا جائے۔ 40جَیسا کہ یَاہوِہ نے مَوشہ کی مَعرفت حُکم دیا تھا یہ بنی اِسرائیل کو جتانے کے لیٔے تھا کہ اَہرونؔ کی نَسل کے علاوہ کویٔی غَیر شخص بخُور جَلانے کے لیٔے یَاہوِہ کے حُضُور نہ جائے تاکہ اَیسا نہ ہو کہ اُس کا اَنجام بھی قورحؔ اَور اُس کے فریق والوں کی طرح ہو۔
41دُوسرے دِن بنی اِسرائیل کی ساری جماعت یہ کہہ کر مَوشہ اَور اَہرونؔ کے خِلاف بُڑبُڑانے لگی، ”تُم نے یَاہوِہ کے لوگوں کو مار ڈالا ہے۔“
42لیکن جَب وہ جماعت مَوشہ اَور اَہرونؔ کے خِلاف جمع ہو رہی تھی تو اُنہُوں نے خیمہ اِجتماع کی طرف نگاہ کی کہ اَچانک ایک بادل اُن پر چھا گیا اَور یَاہوِہ کا جلال ظاہر ہُوا۔ 43تَب مَوشہ اَور اَہرونؔ خیمہ اِجتماع کے سامنے آئے، 44اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا: 45”اِس جماعت کے بیچ سے ہٹ جاؤ تاکہ میں فوراً اُن کا خاتِمہ کر دُوں۔“ تَب وہ مُنہ کے بَل گِرے۔
46تَب مَوشہ نے اَہرونؔ سے کہا، ”اَپنا بخُوردان لے اُس میں مذبح پر سے آگ لے کر رکھ اَور اُس پر بخُور ڈال اَور جلدی سے جماعت کے پاس جا کر اُن کے لیٔے کفّارہ دے کیونکہ یَاہوِہ کی طرف سے قہر نازل ہُواہے اَور وَبا شروع ہو چُکی ہے۔“ 47چنانچہ اَہرونؔ نے مَوشہ کے کہنے کے مُطابق کیا اَور وہ دَوڑتا ہُوا جماعت کے درمیان گیا۔ حالانکہ لوگوں میں وَبا پھیل چُکی تھی تو بھی اَہرونؔ نے بخُور جَلایا اَور اُن کے لیٔے کفّارہ دیا۔ 48اَور وہ مُردوں اَور زندوں کے درمیان کھڑا ہُوا اَور وَبا رُک گئی۔ 49اَور قورحؔ کی وجہ سے مَرے ہویٔے لوگوں کے علاوہ مزید چودہ ہزار سات سَو لوگ وَبا سے مَر گیٔے۔ 50تَب اَہرونؔ لَوٹ کر خیمہ اِجتماع کے دروازہ پر مَوشہ کے پاس آیا کیونکہ وَبا موقُوف ہو چُکی تھی۔

موجودہ انتخاب:

گِنتی 16: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in