4
نصیحتیں
1اِس لیٔے میرے عزیز بھائیو اَور بہنو، جِن کا میں مُشتاق ہُوں، اَور تُم جو میری خُوشی اَور میرا تاج ہو، اَے میرے عزیزو، خُداوؔند میں اِسی طرح قائِم رہو!
2یُوؤدیہؔ اَور سُنتؔخے دونوں خواتین کو میری نصیحت یہ ہے کہ وہ خُداوؔند میں یکدل ہوکر رہیں۔ 3اَور میرے سچّے ہم خدمت! میں تُم سے بھی درخواست کرتا ہُوں کہ اِن دونوں خواتین کی مدد کرو، کیونکہ اُنہُوں نے کلیمینسؔ اَور میرے باقی ہم خدمتوں سمیت، میرے ساتھ خُوشخبری پھیلانے میں بڑی محنت کی، اِن سَب کے نام کِتاب حیات میں درج ہیں۔
آخِری ہدایت
4خُداوؔند میں ہر وقت خُوش رہو، میں پھر کہتا ہُوں: خُوش رہو! 5تمہاری نرم مِزاجی سَب لوگوں پر ظاہر ہو۔ خُداوؔند جلد واپس لَوٹنے والے ہیں۔ 6کسی بات کی فکر نہ کرو، اَور اَپنی سَب دعاؤں میں خُدا کے سامنے اَپنی ضروُرتیں، اَور مَنّتیں شُکر گُزاری کے ساتھ خُدا کے سامنے پیش کیا کرو۔ 7تَب خُدا کا وہ اِطمینان حاصل ہوگا، جو اِنسان کی سمجھ سے بالکُل باہر ہے، اَورجو تمہارے دلوں اَور خَیالوں کو المسیؔح عیسیٰ میں محفوظ رکھےگا۔
8غرض، اَے میرے بھائیو اَور بہنوں! جِتنی باتیں سچ ہیں، لائق ہیں، مُناسب ہیں، پاک ہیں، دلکش ہیں اَور پسندِیدہ ہیں یعنی جو اَچھّی اَور قابلِ تَعریف ہیں، اُن ہی باتوں پر غور کیا کرو۔ 9جو باتوں کو تُم نے مُجھ سے سیکھا یا حاصل کیا یا سُنا ہے یا مُجھ میں دیکھا بھی ہے، اُن پر عَمل کرتے رہوگے۔ تو خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے تمہارے ساتھ رہے گا۔
مالی اِمداد کے لیٔے شُکر گُزاری
10میں خُداوؔند میں بہت خُوش ہُوں کہ اِتنی مُدّت کے بعد تُمہیں پھر سے میری مدد کرنے کا خیال آیا۔ بے شک، پہلے بھی تُمہیں میرا خیال تھا، مگر تُمہیں اُسے ظاہر کرنے کا موقع نہ مِلا تھا۔ 11میں یہ اِس لئے نہیں کہہ رہا ہُوں کہ محتاج ہُوں، کیونکہ میں نے کسی بھی حالات میں راضی رہنا سیکھ لیا ہے۔ 12میں نے ناداری اَور فراوانی کے دِن بھی دیکھے ہیں، چاہے فاقہ کشی ہو یا آسودگی اَور کثرت ہو یا قِلّت ہر حالت میں مطمئن رہنا سیکھ لیا ہے۔ 13جو مُجھے طاقت بخشتا ہے اُس کی مدد سے میں سَب کچھ کر سَکتا ہُوں۔
14تو بھی تُم نے اَچھّا کیا کہ میری مُصیبت میں شریک ہویٔے۔ 15اَے اہلِ فِلِپّی! تُم اَچھّی طرح جانتے ہو کہ شروع شروع میں جَب میں خُوشخبری سُناتا ہُوا، صُوبہ مَکِدُنیہؔ سے روانہ ہُوا تھا، تو تمہارے سِوا کسی جماعت نے لینے دینے کے مُعاملہ میں، میری مدد نہ کی؛ 16جَب میں تھِسلُنِیکے شہر میں تھا، تو تُم نے میری ضرورتوں کو پُورا کرنے کے لیٔے ایک دفعہ نہیں بَلکہ دو دفعہ کچھ بھیجاتھا۔ 17یہ نہیں کہ میں تمہاری بھیجی ہُوئی رقم کا مُشتاق ہُوں؛ بَلکہ اَیسے اِنعام کی خواہش کرتا ہوں، جِس سے آپ کی رُوحانی برکتوں میں اِضافہ ہو جائے۔ 18میرے پاس سَب کچھ ہے بَلکہ کثرت سے ہے۔ تمہارے بھیجے ہویٔے تُحفے اِپفرُدِتُسؔ کے ہاتھ سے مُجھے مِل گیٔے ہیں، اَور میں اَور بھی آسُودہ ہو گیا ہُوں۔ یہ خُوشبُو اَور قُربانی اَیسی ہے، جو خُدا کی نظر میں پسندِیدہ ہے۔ 19میرا خُدا، المسیؔح عیسیٰ کے ذریعہ اَپنے جلال کی دولت سے تمہاری تمام ضروُرتیں پُوری کر دے گا۔
20ہمارے خُدا اَور باپ کی تمجید ہمیشہ تک ہوتی رہے۔ آمین۔
سلام و مُبارکبادی
21ہر ایک مُقدّس سے المسیؔح عیسیٰ میں سلام کہو۔
جو مَسیحی بھایٔی اَور بہن میرے ساتھ ہیں، تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
22خُدا کے تمام مُقدّسین، خصوصاً تمام اہلِ ایمان جو قَیصؔر کے محل وَالوں میں سے ہیں، تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
23خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا فضل تمہاری سَب کی رُوح کے ساتھ ہوتا رہے۔ آمین۔