105
زبُور 105
1یَاہوِہ کا شُکر بجا لاؤ۔ اُن کے نام سے دعا کرو؛
قوموں کو اُن کے کاموں کے بارے میں بتاؤ۔
2اُن کی سِتائش میں گاؤ، اُن کی مدح سرائی کرو؛
اُن کے تمام حیرت اَنگیز کارناموں کا بَیان کرو۔
3اُن کے پاک نام پر فخر کرو؛
اُن کے دِل، جو یَاہوِہ کے طالب ہیں، شادمان ہوں۔
4یَاہوِہ اَور اُن کی قُوّت کے طالب ہو؛
اَور ہمیشہ اُن کے دیدار کے خواہاں رہو۔
5اُن کے حیرت اَنگیز کارناموں کو جو اُنہُوں نے اَنجام دئیے،
اُن کے معجزات کو اَور اُن کے سُنائے ہُوئے فیصلوں کو یاد کرو،
6تُم جو اُن کے خادِم اَبراہامؔ کی نَسل ہو،
اَور تُم جو یعقوب کی اَولاد اَور اُن کے برگُزیدہ ہو۔
7وُہی یَاہوِہ، ہمارے خُدا ہیں؛
ساری دُنیا میں اُن ہی کے فیصلے رائج ہیں۔
8وہ اَپنے عہد کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں،
یعنی اُس کلام کو جو اُنہُوں نے ہزار پُشتوں کے لیٔے فرمایاہے،
9وہ عہد، جو اُنہُوں نے اَبراہامؔ سے باندھا،
اَور وہ قَسم، جو اُنہُوں نے اِصحاقؔ سے کھائی۔
10اَور اُسی کو اُنہُوں نے یعقوب کے لیٔے قوانین،
اَور اِسرائیل کے لیٔے اَبدی عہد ٹھہرایا:
11”مَیں کنعانؔ کا مُلک تُمہیں دُوں گا۔
جو تمہارا قَطعہ، موروثی حِصّہ ہوگا۔“
12اُس وقت خُدا کے لوگ تعداد میں بہت کم تھے، یعنی بالکُل تھوڑے
اَور اُس مُلک میں پردیسی تھے،
13وہ ایک قوم سے دُوسری قوم میں،
اَور ایک سلطنت سے دُوسری سلطنت میں پھرتے رہے۔
14خُدا نے کسی آدمی کو اُن پر سِتم نہیں کرنے دیا؛
بَلکہ خُدا نے خُود بادشاہوں کو اُن کی خاطِر یہ تنبیہ دی؛
15”میرے ممسوحوں#105:15 ممسوحوں چُنا ہُوا خادِم کو مت چھُونا؛
اَور میرے نبیوں کو کویٔی نُقصان مت پہُنچانا!“
16تَب خُدا نے زمین پر قحط نازل کیا
اَور اُن کے اشیائے خوردنی کے تمام ذرائع تباہ کر ڈالے؛
17اَور خُدا نے اُن سے پہلے ایک آدمی کو بھیجا۔
اُن کا نام یُوسیفؔ تھا جنہیں غُلام کے طور پر بیچا گیا۔
18اُنہُوں نے یُوسیفؔ کے پاؤں کو بِیڑیوں کے ذریعہ اِیذا پہُنچائی،
اَور اُن کی گردن لوہے کی زنجیروں سے جکڑی رہی،
19جَب تک کہ اُن کی پیشین گوئی پُوری نہ ہو گئی،
اَور یَاہوِہ کے کلام نے اُنہیں حق ثابت کر دیا۔
20تَب مِصر کے بادشاہ نے یُوسیفؔ کو چھُڑانے کا حُکم بھیجا،
اَور قوموں کے حُکمراں نے اُنہیں آزاد کیا۔
21اُس نے اُنہیں اَپنے گھر کا مختار،
اَور اَپنی ساری مِلکیّت پر حاکم مُقرّر کیا۔
22تاکہ یُوسیفؔ اُن کے حاکموں کو جَب چاہے ہدایت دیں
اَور اُن کے وزیروں کو دانش سکھائیں۔
23تَب اِسرائیل مِصر میں داخل ہُوا؛
اَور یعقوب حامؔ کی سرزمین میں مُسافر رہے۔
24اَور یَاہوِہ نے اَپنے لوگوں کو خُوب برکت دی،
اَور اُن کے مُخالفوں کی بہ نِسبت اُن کا شُمار بڑھا دیا؛
25خُدا نے مِصریوں کے دِل برگشتہ کر دئیے،
تاکہ اُن میں اُن کی اُمّت کے خِلاف عداوت پیدا ہو جائے،
اَور وہ خُدا کے خادِموں کے خِلاف سازش کرنے لگے۔
26تَب خُدا نے اَپنے خادِم مَوشہ کو بھیجا،
اَور اَہرونؔ کو بھی بھیجا جسے خُدا نے چُن لیا تھا۔
27اُنہُوں نے اُن کے درمیان اُس کے کرشمے،
اَور حامؔ کی سرزمین میں عجائبات دِکھائے۔
28خُدا نے اَندھیرا بھیج کر مُلک کو تاریک کر دیا۔
کیونکہ اُنہُوں نے اُن کے کلام سے بغاوت کی تھی۔
29خُدا نے اُن کے دریاؤں کے پانی کو خُون میں بدل دیا،
جِس کے باعث اُن کی مچھلیاں مَر گئیں۔
30اُن کا مُلک مینڈکوں سے بھر گیا،
جو اُن کے بادشاہوں کی خوابگاہوں میں داخل ہو گیٔے۔
31خُدا نے حُکم فرمایا اَور مکھّیوں کے غول آ گئے،
اَور مچھّر آکر اُن کے سارے مُلک میں پھیل گیٔے۔
32بارش کے بدلے خُدا نے اُن پر اولے برسائے،
اَور سارے مُلک میں بجلی گرا کر؛
33خُدا نے اُن کی انگور کی بیلیں اَور اَنجیر کے درخت
اَور اُن کے حُدوُد میں تمام درخت تباہ کر دئیے۔
34اُنہُوں نے حُکم فرمایا تو ٹِڈّیاں آ گئیں،
اَور بے شُمار ٹِڈّے بھی نکل آئے؛
35اَور وہ اُن کے مُلک کی تمام سرسبز چیزیں چٹ کر گیٔے،
اَور اُن کی زمین کی سَب پیداوار کھا لی۔
36تَب خُدا نے مُلک مِصر کے تمام خاندانوں کے سَب پہلوٹھوں کو مار ڈالا،
جو اُن کی قُوّتِ مردانہ کے پہلے پھل تھے۔
37پھر وہ اِسرائیلیوں کو مع چاندی اَور سونے کے نکال لائے،
اَور اُن کے قبیلوں میں سے کسی کے قدم نہ ڈگمگائے۔
38جَب وہ چلے گیٔے تو مِصری خُوش تھے،
کیونکہ اُن پر اِسرائیلیوں کا خوف طاری تھا۔
39خُدا نے ایک بادل کو سائبان کے طور پر پھیلا دیا،
اَور آگ کو مُقرّر کیا کہ وہ اُنہیں رات کو رَوشنی دے۔
40اِسرائیلیوں کے مانگنے پر خُدا نے اُن کے لیٔے بٹیریں بھیجیں؛
اَور اُنہیں آسمانی روٹی سے سَیر کیا۔
41خُدا نے چٹّان کو چیرا اَور پانی نکل آیا؛
اَور وہ بیابان میں ندی کی مانند بہنے لگا۔
42کیونکہ اُنہیں اَپنا مُقدّس وعدہ یاد آیا
جو اُنہُوں نے اَپنے خادِم اَبراہامؔ سے کیا تھا۔
43وہ اَپنے لوگوں کو خُوشی مناتے ہُوئے،
اَور اَپنے برگُزیدوں کو نغمہ گاتے ہُوئے نکال لائے؛
44اَور خُدا نے اُنہیں اِسرائیلیوں کے مُلک دے دئیے،
اَور وہ دُوسروں کی محنت کے پھل کے وارِث بَن گیٔے۔
45تاکہ وہ اُن کے اَحکام پر چلیں
اَور اُن کے آئین پر عَمل کریں۔#105:45 یہُو 11:16‑23
یَاہوِہ کی حَمد کرو۔