40
زبُور 40
موسیقی ہدایت کار کے لیٔے۔ داویؔد کا زبُور۔
1میں صبر سے یَاہوِہ کا منتظر رہا؛
اُنہُوں نے میری طرف توجّہ فرمائی اَور میری فریاد سُنی۔
2اُنہُوں نے مُجھے ہولناک گڑھے،
اَور کیچڑ اَور دلدل سے باہر کھینچ لیا؛
اُنہُوں نے میرے پاؤں چٹّان پر رکھے
اَور کھڑے رہنے کے لیٔے مضبُوط جگہ دی۔
3یَاہوِہ نے ہمارے خُدا کی سِتائش کا نیا نغمہ،
میرے مُنہ میں ڈالا۔
کیٔی لوگ یہ دیکھیں گے، اَور ڈریں گے
اَور یَاہوِہ پر توکّل کریں گے۔
4مُبارک ہے وہ آدمی
جِس کا توکّل یَاہوِہ پر ہے،
وہ مغروُروں اَور اُن لوگوں کی طرف مائل نہیں ہوتا،
جو جھُوٹے معبُودوں کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔
5اَے یَاہوِہ، میرے خُدا!
آپ نے کیٔی عجِیب کارنامے کئے ہیں۔
جو تدبیریں آپ نے ہمارے لیٔے کی ہیں
اُنہیں کویٔی شُمار نہیں کر سَکتا؛
اگر مَیں اُن کا ذِکر کروں یا اُنہیں بَیان کرنا چاہُوں،
تو وہ اِس قدر زِیادہ ہیں کہ بَیان سے بھی باہر ہیں۔
6آپ قُربانیاں اَور نذریں نہیں چاہتے،
لیکن آپ نے میرے کان کھول دئیے ہیں۔
سوختنی نذروں اَور خطا کی قُربانیوں کی آپ کو حاجت نہ تھی۔
7تَب مَیں نے کہا، ”اَے خُدا، دیکھئے مَیں حاضِر ہُوں؛
جَیسا کہ چمڑے کے نوشتے میں میری بابت لِکھّا ہُواہے۔
8اَے خُدا، آپ کی مرضی کو پُوری کرنا ہی میری خُوشی کا باعث ہے؛
کیونکہ آپ کے آئین میرے دِل میں ہے۔“
9میں بڑے اِسرائیلی مجمع میں صداقت کی بشارت دیتا ہُوں؛
میں اَپنا مُنہ بند نہیں کرتا،
اَے یَاہوِہ، یہ تو آپ کو مَعلُوم ہی ہے۔
10مَیں آپ کی راستبازی اَپنے دِل میں چھُپا کر نہیں رکھتا؛
مَیں آپ کی وفاداری اَور نَجات کا اِظہار کرتا ہُوں۔
مَیں آپ کی شفقت و مَحَبّت اَور آپ کی سچّائی کو
بڑے اِسرائیلی مجمع میں پوشیدہ نہیں رکھتا۔
11اَے یَاہوِہ، اَپنی رحمت سے مُجھے محروم نہ رکھیں؛
آپ کی شفقت و مَحَبّت اَور آپ کی سچّائی ہمیشہ میری حِفاظت کریں۔
12بے شُمار مُصیبتوں نے مُجھے گھیرلیا ہے؛ میرے گُناہوں نے مُجھے آ پکڑا ہے؛
یہاں تک کہ میں دیکھ نہیں سَکتا۔
میرے گُناہ میرے سَر کے بالوں سے بھی زِیادہ ہیں،
اَور میرا دِل میرے اَندر ٹوٹ چُکاہے۔
13اَے یَاہوِہ، براہِ کرم مُجھے جلد نَجات بخشیں؛
اَے یَاہوِہ، میری مدد کے لیٔے جلد آئیں۔
14جو میری جان کے درپے ہیں
وہ سَب شرمندہ اَور پریشان ہوں؛
اَورجو میری بربادی کے خواہاں ہیں
وہ سَب رُسوا ہوکر پسپا کئے جایٔیں۔
15وہ جو میرے دشمن مُجھ پر، ”آہ! آہ!“ کرتے ہیں!
وہ سَب اَپنی رُسوائی کے باعث تباہ کئے جایٔیں۔
16لیکن جو آپ کی جُستُجو میں ہیں
آپ میں خُوش و شادمان ہوں؛
اَورجو آپ کی نَجات کے مُشتاق ہیں وہ ہمیشہ یہ کہا کریں،
”یَاہوِہ عظیم ہیں!“
17اَے خُداوؔند، میں تو مسکین اَور مُحتاج ہُوں؛
اِس لئے مُجھ پر نظرِکرم کریں۔
آپ ہی میرے مددگار اَور میرے چھُڑانے والے ہیں؛
”آپ میرے خُدا ہیں!“ اَب دیر نہ کریں۔