72
زبُور 72
شُلومونؔ کا زبُور۔
1اَے خُدا، بادشاہ کو اَپنے اِنصاف سے،
اَور شہزادہ کو اَپنی راستبازی سے مُزیّن کریں۔
2وہ راستی سے آپ کے لوگوں کی،
اَور اِنصاف سے آپ کے مُصیبت زدہ لوگوں کی عدالت کرےگا۔
3پہاڑوں سے لوگوں کے لیٔے خُوشحالی کے،
اَور پہاڑیوں سے راستی کے پھل پیدا ہوں گے۔
4لوگوں میں جو مُصیبت زدہ ہیں وہ اُن کے حُقُوق کا تحفُّظ کرےگا،
اَور مُحتاجوں کے بچّوں کو بچائے گا؛
اَور ظالِم کو چُورچُور کر دے گا۔
5جَب تک سُورج اَور چاند قائِم ہیں،
آپ کے لوگ پُشت در پُشت آپ کا خوف مانیں گے۔
6بادشاہ اُس کھیت پر مینہ کی مانند برسے گا جِس کی گھاس کاٹی گئی ہو،
اَور اُس بارش کی مانند آئے گا جو زمین کو سیراب کرتی ہے۔
7اُس کے ایّام میں راستباز سرفراز ہوں گے؛
اَور جَب تک چاند قائِم ہے خُوب خُوشحالی رہے گی۔
8وہ سمُندر سے سمُندر تک
اَور دریائے فراتؔ سے زمین کی اِنتہا تک حُکومت کرےگا۔
9بیابان کے قبیلے اُس کے آگے جھُکیں گے
اَور اُس کے دُشمن خاک چاٹیں گے۔
10ترشیشؔ#72:10 ترشیشؔ ترشیشؔ یعنی اِسپینؔ اَور دُور دراز کے جزیروں کے بادشاہ
اُسے نذرانے پیش کریں گے؛
شیبا اَور سیبا کے بادشاہ
اُس کے لیٔے عطیات لائیں گے۔
11سَب بادشاہ اُس کے آگے سَجدہ کریں گے
اَور ساری قومیں اُس کی اِطاعت کریں گی۔
12بادشاہ فریاد کرنے والے مُحتاجوں،
اَور بے یارومددگار مُصیبت کے مارو کو چھُڑائے گا۔
13وہ کمزوروں اَور مُحتاجوں پر ترس کھائے گا
اَور مُحتاجوں کو موت سے بچائے گا۔
14وہ اُنہیں ظُلم و تشدّد سے رِہائی بخشےگا،
کیونکہ اُن کا خُون#72:14 اُن کا خُون اُن کی زندگیاں۔ اُس کی نظر میں نہایت قیمتی ہے۔
15اُس کی عمر دراز ہو!
شیبا کا سونا اُسے دیا جائے۔
لوگ ہمیشہ اُس کے حق میں دعا کرتے رہیں
اَور دِن بھر اُسے برکت دیتے رہیں۔
16مُلک میں ہر طرف کثرت سے اناج ہو؛
پہاڑیوں کی چوٹیوں پر وہ لہلہائے۔
اُس کی پیداوار لبانونؔ کی طرح بڑھے؛
اَور شہری لوگ میدان کی گھاس کی مانند سرسبز رہیں گے۔
17بادشاہ کا نام اَبد تک مُبارک ہو؛
اَور جَب تک سُورج ہے، وہ بھی قائِم رہے۔
اُس کے ذریعہ سَب قومیں برکت پائیں گی،
اَور وہ اُسے مُبارک کہیں گی۔
18یَاہوِہ خُدا! اِسرائیل کے خُدا کی سِتائش ہو،
فقط وُہی عجِیب و غریب کام کرتے ہیں۔
19بادشاہ کا جلالی نام اَبد تک مُبارک ہو؛
اَور ساری زمین اُن کے جلال سے معموُر ہو۔
آمین ثُمّ آمین۔
20یِشائی کے بیٹے داویؔد کی دعائیں یہاں ختم ہوتی ہیں۔