YouVersion Logo
تلاش

زبُور 86

86
زبُور 86
داویؔد کی دعا۔
1اَے یَاہوِہ، میری دعا سُنیں اَور مُجھے جَواب دیں،
کیونکہ مَیں مسکین اَور مُحتاج ہُوں۔
2میری جان کی حِفاظت کریں کیونکہ مَیں آپ کا جاں نثار ہُوں؛
اَپنے خادِم کو بچا لیں جِس کا آپ پر توکّل ہے۔
آپ میرے خُدا ہیں؛ 3اَے خُداوؔند، مُجھ پر رحم کریں،
کیونکہ مَیں دِن بھر آپ سے فریاد کرتا ہُوں۔
4اَپنے خادِم کے دِل کو شاد کر دیں،
کیونکہ اَے خُداوؔند، میں اَپنی جان آپ کی طرف اُٹھاتا ہُوں۔
5اَے خُداوؔند، آپ غفور اَور بھلےہیں،
اَور جتنے آپ کو پُکارتے ہیں، اُن سَب پر آپ کی بڑی شفقت و مَحَبّت ہے۔
6اَے یَاہوِہ، میری دعا سُنیں؛
اَور رحم کے لیٔے میری فریاد پر کان لگائیں۔
7میں اَپنی مُصیبت کے دِن آپ کو پُکاروں گا،
کیونکہ آپ مُجھے جَواب دیں گے۔
8اَے خُداوؔند، معبُودوں میں آپ سا کویٔی نہیں؛
اَور آپ کی صنعت گری بے نظیر ہے۔
9اَے خُداوؔند، جِتنی قومیں آپ نے بنائی ہیں
سَب آکر آپ کو سَجدہ کریں گی؛
اَور آپ کے نام کی تمجید کریں گی۔
10کیونکہ آپ عظیم ہیں اَور عجِیب و غریب کام کرتے ہیں؛
صِرف آپ ہی خُدا ہیں۔
11اَے یَاہوِہ، مُجھے اَپنی راہ کی تعلیم دیں،
اَور مَیں آپ کی راہِ راست پر چلُوں گا؛
میرے دِل کو یکسوئی عنایت فرمائیں۔
تاکہ مَیں آپ کے نام کا خوف مانوں۔
12اَے میرے خُداوؔند، خُدا، میں پُورے دِل سے آپ کی حَمد کروں گا؛
میں اَبد تک آپ کے نام کی تمجید کروں گا۔
13کیونکہ مُجھ پر آپ کی بڑی شفقت و مَحَبّت ہے؛
اَور آپ نے مُجھے پاتال کی گہرائیوں سے چُھڑا لیا ہے۔
14اَے خُدا، مغروُر مُجھ پر حملہ کر رہے ہیں؛
اَور سنگدل لوگوں کی جماعت میری جان کے درپے ہے۔
اَیسے لوگ آپ کو پیشِ نظر نہیں رکھتے۔
15لیکن اَے خُداوؔند، آپ رحیم و کریم خُدا ہیں،
جو قہر کرنے میں دھیمے اَور شفقت اَور وفاداری میں غنی ہیں۔
16میری طرف متوجّہ ہوں اَور مُجھ پر رحم کریں؛
اَپنے خادِم کو اَپنی قُوّت بخشیں
اَور اَپنی خادِمہ کے بیٹے کو بچا لیں۔
17مُجھے اَپنی بھلائی کا کویٔی نِشان دِکھائیں،
تاکہ میرے دُشمن اُسے دیکھیں اَور شرمندہ ہوں،
کیونکہ آپ نے اَے یَاہوِہ، میری مدد کی اَور مُجھے تسلّی بخشی ہے۔

موجودہ انتخاب:

زبُور 86: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in