YouVersion Logo
تلاش

رُومیوں 16

16
دعا اَور سلام
1میں تُم سے فیبےؔ کی سِفارش کرتا ہُوں۔ وہ المسیؔح میں ہماری بہن ہے۔ اَور کِنخِریہؔ شہر کی جماعت کی دیانتدار خادِمہ ہے۔ 2اُسے خُداوؔند میں قبُول کرو جَیسا کہ مَسیحی مُومِنِین کو کرنا چاہئے۔ اُس نے میری اَور بہت سے لوگوں کی مدد کی ہے۔ لہٰذا جِس کام میں وہ تمہاری مدد کی محتاج ہو، اُس کی مدد کرو۔
3پرسِلّہؔ اَور اَکوِلہؔ سے میرا سلام کہو۔ وہ المسیؔح عیسیٰ میں میرے ہم خدمت رہے ہیں۔ 4بَلکہ اُنہُوں نے مُجھے بچانے کے لیٔے اَپنی جان خطرہ میں ڈال دی تھی۔ صِرف میں ہی نہیں بَلکہ غَیریہُودیوں کی تمام جماعتیں بھی اُن کی شُکرگزار ہیں۔
5اُن کے گھر کی جماعت سے بھی میرا سلام کہو۔
میرے عزیز اِپینتُسؔ سے سلام کہو۔ وہ صُوبہ آسیہؔ کا سَب سے پہلا شخص ہے جو المسیؔح پر ایمان لایا۔
6مریمؔ سے سلام کہو جِس نے تمہاری خاطِر بےحَد محنت کی ہے۔
7اندرُنیکُسؔ اَور یُونِیاسؔ سے سلام کہو۔ وہ میرے رشتہ دار ہیں اَور میرے ساتھ قَید میں بھی رہے تھے۔ وہ رسولوں میں مشہُور ہیں اَور مُجھ سے پہلے المسیؔح پر ایمان لا چُکے تھے۔
8اَمپلیاطُسؔ سے جو خُداوؔند میں میرا عزیز ہے، سلام کہو۔
9اُربانُسؔ سے جو المسیؔح کی خدمت کرنے میں میرا ساتھی ہے اَور میرے عزیز اِستُخس سے سلام کہو۔
10اَپلّیِسؔ سے سلام کہو جو المسیؔح کا وفادار خادِم ہے۔
اَرِستُبُولُسؔ کے گھروَالوں سے سلام کہو۔
11میرے رشتہ دار ہیرودیوں سے سلام کہو۔
نرکِسُّسؔ کے گھروَالوں میں سے اُنہیں جو خُداوؔند میں ہیں، سلام کہو۔
12ترُوفَینہؔ اَور ترُوفَوسہؔ سے سلام کہو جو خُداوؔند کی خدمت میں بہت محنت کرتی ہیں۔
عزیزہ پرسِسؔ سے سلام کہو جِس نے خُداوؔند کی خاطِر بہت محنت کی ہے۔
13رُوفُسؔ جو خُداوؔند کا برگُزیدہ ہے اَور اُس کی ماں جو میری بھی ماں ہے، دونوں سے سلام کہو۔
14اَسُنکرتُسؔ اَور فلیگونؔ اَور ہرمیسؔ اَور پتُرباسؔ اَور ہِرماسؔ اَور اُن بھائیوں اَور بہنوں سے جو اُن کے ساتھ ہیں سلام کہو۔
15فِللُگُسؔ، یُولیؔہ، نِریُوسؔ اَور اُس کی بہن اَور اُلُمپاسؔ اَور سَب مُقدّسین سے جو اُن کے ساتھ ہیں، سلام کہو۔
16آپَس میں پاک بوسہ لے کر ایک دُوسرے کو میرا سلام کہنا۔
المسیؔح کی سَب جماعتیں تُمہیں سلام کہتی ہیں۔
17پس اَے بھائیو اَور بہنوں! میں تُم سے اِلتماس کرتا ہُوں کہ جو لوگ اُس تعلیم کی راہ میں جو تُم نے پائی ہے روڑے اَٹکاتے اَور لوگوں میں پھُوٹ ڈالتے ہیں، اُن سے ہوشیار رہو اَور اُن سے دُور ہی رہو۔ 18کیونکہ اَیسے لوگ ہمارے خُداوؔند المسیؔح کی نہیں بَلکہ اَپنے پیٹ کی خدمت کرتے ہیں اَور چِکنی چُپڑی باتوں اَور خُوشامد سے سادہ دلوں کو بہکاتے ہیں۔ 19چونکہ تمہاری فرمانبرداری سَب لوگوں میں مشہُور ہے اِس لیٔے میں تُم سے بہت خُوش ہُوں۔ لیکن میں چاہتا ہُوں کہ تُم نیکی کے اعتبار سے عقلمند اَور بدی کے اعتبار سے معصُوم بنے رہو۔
20خُدا جو اِطمینان کا چشمہ ہے شیطان کو تمہارے پاؤں سے جلد کُچلوا دے گا۔
ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا فضل تمہارے ساتھ ہو!
21میرا ہم خدمت تِیمُتھِیُس اَور میرے رشتہ دار لُوکِیُسؔ، یاسونؔ اَور سوسِپطرُسؔ تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
22اِس خط کا کاتِب تِرتیُسؔ تُمہیں خُداوؔند میں سلام کہتاہے۔
23گیُسؔ جو میرا اَور ساری جماعت کا مہمان نواز ہے تُم سے سلام کہتاہے۔
اِراستُسؔ جو شہر کا خازِن#16‏:23 خازِن یعنی خزانچی ہے اَور بھایٔی کوارتُس تُمہیں سلام کہتے ہیں۔
24ہمارے خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح کا فضل تُم سَب کے ساتھ ہو۔ آمین۔#16‏:24 کچھ قدیمی نسخوں میں یہ آیت شامل نہیں کی گئی ہے۔‏
25اَور اَب خُدا کی جو اِس بات پر قادر ہے کہ تُمہیں تمہارے مَسیحی ایمان میں مضبُوط کرے، اُس ایمان میں جو حُضُور عیسیٰ المسیؔح کی انجیل کے مُطابق ہے اَور جِس کی میں مُنادی کرتا ہُوں وہ ایک اَیسا راز ہے جو اَزل سے پوشیدہ رہا۔ 26لیکن اَب اَزلی خُدا کے حُکم کے مُطابق اَور نَبیوں کے نَوِشتوں کے ذریعہ تمام غَیریہُودی قوموں کو بتا دیا گیا ہے تاکہ وہ ایمان لائیں اَور خُدا کے فرمانبردار بنیں۔ 27اُسی واحد اَور حکیِم خُدا کی حُضُور عیسیٰ المسیؔح کے وسیلہ سے ہمیشہ تک تمجید ہوتی رہے! آمین۔

موجودہ انتخاب:

رُومیوں 16: UCV

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in