2
خُدا کا عدل و اِنصاف
1چنانچہ، اَے اِلزام لگانے والو، تمہارے پاس کویٔی عُذر نہیں، کیونکہ تُم جِس بات کا اِلزام دُوسرے پر لگاتے ہو، اَور خُود پر سزا کا حُکم نافز کر رہو ہے، تُم اَپنے آپ کو مُجرم ٹھہراتے ہو۔ 2ہم جانتے ہیں کہ خُدا اَیسے کام کرنے وَالوں کی سچّائی سے عدالت کرتا ہے۔ 3لہٰذا تُم، جو محض اِنسان، ہوتے ہویٔے اَیسے کام کرنے وَالوں پر اِلزام لگاتے ہو اَور خُود وُہی کام کرتے ہو، کیاتُم سمجھتے ہو کہ تُم خُدا کی عدالت سے بچ جاؤگے؟ 4کیاتُم خُدا کی مہربانی، تحمُّل اَور صبر کی دولت کی توہین کرتے ہو، یہ نہیں جانتے کہ خُدا کی مہربانی تُمہیں تَوبہ کی طرف مائل کرتی ہے؟
5لیکن تمہارا دل اِتنا سخت ہو گیا کہ تُم تَوبہ نہیں کرتے، لہٰذا تُم اَپنے حق میں اُس روز قہر کے لیٔے غضب کما رہے ہو، جَب خُدا کا سچّا اِنصاف ظاہر ہوگا۔ 6خُدا ”ہر شخص کو اُس کے اعمال کے مُطابق بدلہ دے گا۔“#2:6 زبُور 62:12؛ امثا 24:12 7جو نیک کاموں کی تلاش میں ہیں جلال، عزّت اَور بَقا چاہتے ہیں، اُنہیں وہ اَبدی زندگی عطا فرمائے گا۔ 8لیکن جو خُود غرض ہیں اَور سچّائی کو ترک کرکے بدی کی پیروی کرتے ہیں، اُن پر خُدا کا قہر اَور غضب نازل ہوگا۔ 9ہر اِنسان پرجو بدی کرتا ہے مُصیبت اَور تنگی آئے گی: پہلے یہُودی پر، پھر غَیریہُودی پر۔ 10لیکن ہر اُس شخص کو جو نیکی کرتا ہے اُن سَب کے لیٔے جلال، عزّت اَور اِطمینان ملے گا۔ پہلے یہُودی کو، پھر غَیریہُودی کو۔ 11کیونکہ خُدا کسی کی طرفداری نہیں کرتا۔
12جو لوگ شَریعت پایٔے بغیر گُناہ کرتے ہیں وہ سَب شَریعت کے بغیر ہلاک بھی ہُوں گے اَورجو شَریعت کے ماتحت رہ کر گُناہ کرتے ہیں اُن کی عدالت شَریعت کے مُطابق ہوگی۔ 13کیونکہ شَریعت کے محض سُننے والے خُدا کی نظر میں راستباز نہیں ہوتے بَلکہ شَریعت پر عَمل کرنے والے ہی راستباز قرار دئیے جایٔیں گے۔ 14اَلبَتّہ جَب وہ غَیریہُودی جو شَریعت نہیں رکھتے اَور طبعی طور پر شَریعت کے مُطابق کام کرتے ہیں تو شَریعت نہ رکھتے ہویٔے بھی وہ خُود اَپنے لیٔے ایک شَریعت ہیں۔ 15اِس طرح وہ یہ ظاہر کرتی ہیں کہ شَریعت کے اَحکام اُن کے دلوں پر نَقش ہیں اَور اُن کا ضمیر بھی اِس بات کی گواہی دیتاہے اَور اُن کے خیالات بھی کبھی اُن پر اِلزام لگاتے ہیں، کبھی اُنہیں بَری ٹھہراتے ہیں۔ 16جَیسا کہ اُس خُوشخبری کے مُطابق جِس کا میں اعلان کرتا ہُوں۔ یہ اُس روز ہوگا جَب خُدا عیسیٰ المسیؔح، کی مَعرفت آدمیوں کی پوشیدہ باتوں کی عدالت کرے گا۔
یہُودی اَور شَریعت
17اگر تُم یہُودی کَہلاتے ہو؛ اَور شَریعت پر ایمان اَور خُدا کے ساتھ اَپنے رشتہ پر فخر کرتے ہو؛ 18اگر تُم اُس کی مرضی جانتے ہو اَور شَریعت کی تعلیم پا کر عُمدہ باتیں پسند کرتے ہو؛ 19اگر تُمہیں اِس بات پر بھی یقین ہے کہ تُم اَندھوں کے رہنما اَور تاریکی میں پڑے ہویٔے لوگوں کے لیٔے رَوشنی ہو، 20نادانوں کی تربّیت کرنے والے اَور بچّوں کے اُستاد ہو اَور علم اَور حق کا اَنجام شَریعت میں ہے اَور وہ تمہارے پاس ہے 21تُم جَب اَوروں کو سکھاتے ہو تُم اَپنے آپ کو کیوں نہیں سکھاتے؟ تُم جو تبلیغ کرتے ہو کہ چوری نہ کرنا، تُم خُود کیوں چوری کرتے ہو؟ 22تُم جو کہتے ہو کہ زنا مت کرنا، خُود کیوں زنا کرتے ہو؟ تُم جو بُتوں سے نَفرت رکھتے ہو، خُود کیوں بُت خانوں کو لُوٹتے ہو؟ 23تُم جو شَریعت پر فخر کرتے ہو، خُود کیوں شَریعت کی نافرمانی کرکے خُدا کی بے عزّتی کرتے ہو؟ 24جَیسا کہ کِتاب مُقدّس میں لِکھّا ہے: ”تمہارے سبب غَیریہُودیوں میں خُدا کے نام پر کُفر بکا جاتا ہے۔“#2:24 یسع 52:5 (دیکھئے ہفتادی ترجُمہ)؛ حِزقی 36:20،22
25ختنہ سے فائدہ ہے بشرطیکہ تُم شَریعت پر عَمل کرو۔ لیکن اگر تُم نے شَریعت کی نافرمانی کی تو تمہارا ختنہ نامختونی کے بَرابر ٹھہرا۔ 26اگر نامختون لوگ شَریعت کے اَحکام پر عَمل کریں تو کیا اُن کی نامختونی ختنہ کے بَرابر نہ گنی جائے گی؟ 27وہ شخص جو نامختون ہے مگر شَریعت پر عَمل کرتا ہے تو وہ تُمہیں شَریعت کی نافرمانی کرنے کے لیٔے قُصُوروار نہ ٹھہرائے گا، جَب کہ تمہارے پاس جو شَریعت مَوجُود ہے، اَور تمہارا ختنہ بھی ہو چُکاہے۔
28جو محض ظاہری ہو وہ یہُودی نہیں ہوتا اَور نہ ہی وہ ختنہ ہوتاہے جو محض ظاہری اَور جِسمانی ہے۔ 29بَلکہ یہُودی وُہی ہے جو باطِن میں یہُودی ہے اَور ختنہ وُہی ہے جو دل کا اَور رُوحانی ہے نہ کہ شَریعت کے وسیلہ سے کیا جاتا ہے۔ اَیسے اِنسان کی تَعریف آدمیوں کی طرف سے نہیں بَلکہ خُدا کی طرف سے ہوتی ہے۔