1
غزل الغزلات
1شُلومونؔ کی غزل الغزلات۔
محبُوبہ
2وہ مُجھے اَپنے مُنہ کے بوسوں سے چُومے
کیونکہ تمہاری مَحَبّت مَے سے زِیادہ راحت بخش ہے۔
3تمہارے عِطر کی خُوشبو لطیف ہے؛
تمہارا نام عِطرِ ریختہ کی مانند ہے۔
اِس لیٔے کوئی تعجُّب نہیں کہ نوجوان خواتین تُم پر فدا ہیں۔
4مُجھے اَپنے ساتھ لے چلو۔ آؤ ہم کہیں دُور چلیں!
کاش! بادشاہ مُجھے اَپنی خواب گاہ میں لے جائے۔
سہیلیاں
ہم تُم میں شادمان اَور مسرُور ہوں گے؛
ہم مَے سے زِیادہ تمہاری مَحَبّت کی تعریف کریں گے۔
محبُوبہ
تمہاری تعریف وہ بالکُل مُناسب ہی کرتی ہیں!#1:4 2 توا 1:16
5اَے یروشلیمؔ کی بیٹیوں،
میں اگرچہ سیاہ فام ہُوں لیکن پھر بھی خُوبصورت ہُوں،
قیدارؔ کے خیموں کی مانند سیاہ فام،
اَور شُلومونؔ کے خیموں کے پردوں کی مانند خُوبصورت ہُوں۔
6اِس لیٔے مُجھے گھُور کر مت دیکھو کیونکہ مَیں سیاہ فام ہُوں،
کیونکہ مَیں دھوپ سے جھُلس گئی ہُوں۔
میرے سگے بھایٔی مُجھ سے ناراض تھے؛
اِس لیٔے اُنہُوں نے مُجھ سے تاکستانوں کی نگہبانی کروائی،
لیکن مَیں نے اَپنے تاکستان کی نگہبانی کو نظرانداز کر دیا۔
7اَے میرے محبُوب، مُجھے بتاؤ کہ
تُم اَپنے گلّہ کہاں چراتے ہو،
اَور دوپہر کو اَپنی بھیڑوں کو آرام کرنے کو کہاں بِٹھاتے ہو۔
میں ایک نقاب پوش عورت کی مانند
تمہارے دوستوں کے بھیڑ بکریوں کے گلّوں کے پاس کیوں گھُومتی پھروں؟
سہیلیاں
8اَے عورتوں میں حسین ترین، اگر تُم نہیں جانتی ہو،
تو بھیڑوں کے نقش قدم پر چلی جاؤ
اَور اَپنے بُزغالوں کو
چرواہوں کے خیموں کے پاس چراؤ۔
محبُوب
9اَے میری محبُوبہ، تُم میرے لیٔے اُس گھوڑی کی مانند ہو،
جو فَرعوہؔ کے رتھ کے گھوڑوں سے بھی زِیادہ خُوبصورت ہے۔#1:9 2 توا 1:16
10تمہارے رُخسار بالیوں سے،
اَور تمہاری گردن موتیوں کے ہار سے کتنی خُوبصورت لگتی ہیں۔
11ہم تمہارے لیٔے سونے کا اَیسا ہار بنوائیں گے،
جِس میں چاندی کے موتی لگے ہوں گے۔
محبُوبہ
12جَب تک بادشاہ اَپنی کھانے کی میز پر تھے،
میرے جٹاماسی کی مہک چاروں طرف اُڑتی رہی۔
13میرا محبُوب میرے لیٔے مُر کی ڈبیا کی مانند ہے،
جو رات بھر میری چھاتِیوں کے درمیان پڑی رہتی ہے۔
14میرا محبُوب میرے لیٔے حِنا کے پھُولوں کا گلدستہ ہے
جو عینؔ گیدیؔ کے تاکستانوں سے لایا گیا ہے۔
محبُوب
15اَے میری محبُوبہ، تُم کتنی خُوبصورت ہو!
تُم حقیقت میں کتنی حسین ہو!
تمہاری آنکھیں کبُوتروں کی مانند خُوبصورت ہیں۔
محبُوبہ
16اَے میرے محبُوب! تُم کتنے خُوبصورت ہو،
دیکھو، تُم کس قدر دلکش ہو!
اَور ہمارا بِستر کتنا عظیم شان والا ہے۔
محبُوب
17ہمارے گھر کے شہتیر دیودار کے ہیں؛
اَور ہماری چھت کی کڑیاں صنوبر کی ہیں۔