4
پطرس کی مَجالس عالیہ میں پیشی سے قبل
1ابھی پطرس اَور یُوحنّؔا لوگوں سے کلام ہی کر رہے تھے کہ کچھ کاہِنؔ بیت المُقدّس کے رہنما اَور بعض صدُوقی#4:1 صدُوقی یہُودیوں کا ایک فرقہ جو شریعتِ مُوسوی کو مانتا تھا مگر فرشتوں، رُوحوں اَور قیامت کا مُنکر تھا۔ یہ فرقہ فریسیوں کا اَور حضرت عیسیٰ کا بھی مُخالف تھا۔ وہاں پہُنچے۔ 2وہ سخت رَنجیدہ تھے کیوں کہ رسول لوگوں کو یہ تعلیم دیتے تھے، جِس طرح حُضُور عیسیٰ مُردوں میں سے زندہ ہوگیٔے ہیں اُسی طرح سَب لوگ موت کے بعد زندہ ہو جایٔیں گے۔ 3اُنہُوں نے پطرس اَور یُوحنّؔا کو گِرفتار کر لیا اَور، چونکہ شام کا وقت تھا، اُنہیں اگلے دِن تک کے لیٔے قَید خانہ میں ڈال دیا۔ 4پھر بھی کیٔی لوگ اُن کا پیغام سُن کر ایمان لایٔے؛ اَور اُن کی تعداد بڑھتے بڑھتے پانچ ہزار کے قریب جا پہنچی۔
5اگلے دِن یہُودیوں کے رہنما، بُزرگ اَور شَریعت کے عالِم یروشلیمؔ میں جمع ہوئے۔ 6اعلیٰ کاہِنؔ حنّاؔ وہاں مَوجُود تھا، اَور کائِفؔا، یُوحنّؔا، اِسکندر اَور اعلیٰ کاہِنؔ کے خاندان کے دُوسرے لوگ بھی مَوجُود تھے۔ 7اُنہُوں نے پطرس اَور یُوحنّؔا کو اَپنے سامنے بُلوایا اَور اُن سے پُوچھا: ”تُم نے کِس قُدرت یا کِس کے نام سے یہ کام کیا ہے؟“
8تَب پطرس، پاک رُوح سے معموُر ہوکر اُن سے یُوں گویا ہویٔے: ”قوم کے رہنما اَور بُزرگو! 9اگر آج ہم سے اِس اِحسَان کی بابت بازپُرس کی جاتی ہے جو ایک ناتواں پر ہُوا جو ہم نے ایک مفلُوج کے لیٔے کیا اَور اُسے شفا دی، 10پھر اَب یہ، تُمہیں اَور ساری اِسرائیلی قوم کو مَعلُوم ہو: یہ شخص حُضُور عیسیٰ المسیؔح ناصری، جسے تُم نے مصلُوب کیا، لیکن جسے خُدا نے اُنہیں مُردوں میں سے زندہ کر دیا، کے نام کی قُدرت سے شفایاب ہوکر تمہارے سامنے مَوجُود ہے، 11حُضُور عیسیٰ ہی
” ’وُہی پتّھر ہیں جسے تُم مِعماروں نے ردّ کر دیا،
لیکن وُہی کونے کے سِرے کا پتّھر ہو گئے۔‘#4:11 زبُور 118:22
12نَجات کسی اَور کے وسیلہ سے نہیں ہے، کیونکہ آسمان کے نیچے لوگوں کو کویٔی دُوسرا نام نہیں دیا گیا ہے جِس کے وسیلہ سے ہم نَجات پا سکیں۔“
13جَب اُنہُوں نے پطرس اَور یُوحنّؔا کی دِلیری دیکھی اَور اُنہیں مَعلُوم ہُوا کہ وہ اَن پڑھ، مَعمولی آدمی ہیں، تو بہت حیران ہویٔے اَور تَب اُنہُوں نے جان لیا کہ یہ آدمی حُضُور عیسیٰ کے ساتھ رہ چُکے ہیں۔ 14لیکن وہ اُن کے خِلاف کچھ نہ کہہ سکے اِس لیٔے کہ جِس شخص نے شفا پائی تھی وہ اُن کے ساتھ کھڑا ہُوا تھا۔ 15چنانچہ اُنہُوں نے پطرس اَور یُوحنّؔا کومَجلِس عامہ سے باہر جانے کو کہا اَور آپَس میں مشورہ کرکے کہنے لگے، 16”ہم اِن آدمیوں کے ساتھ کیا کریں؟ یروشلیمؔ کے سَب لوگ جانتے ہیں کہ اُنہُوں نے ایک بڑا معجزہ کر دکھایا ہے، اَور جِس کا ہم بھی اِنکار نہیں کرسکتے۔ 17لیکن ہم نہیں چاہتے کہ یہ بات لوگوں میں زِیادہ مشہُور ہو، بہتر یہی ہے کہ ہم اُنہیں تنبیہ کر دیں کہ وہ آئندہ حُضُور عیسیٰ کا نام لے کر کسی سے بات نہ کریں۔“
18لہٰذا اُنہُوں نے اُنہیں اَندر بُلاکر حُکم دیا کہ حُضُور عیسیٰ کا نام لے کر ہر گز بات نہ کریں اَور نہ تعلیم دیں۔ 19لیکن پطرس اَور یُوحنّؔا نے اُنہیں جَواب دیا، ”کیا خُدا کی نظر میں یہ بھلا ہے: ہم تمہاری بات مانیں، نہ کہ خُدا کی؟ تُم خُود ہی فیصلہ کرو! 20ہمارے لیٔے ممکن نہیں کہ ہم نے جو کچھ دیکھا اَور سُنا ہے اُس کا بَیان نہ کریں۔“
21تَب اُنہُوں نے اُن کو ڈرا دھمکا کر چھوڑ دیا۔ دراصل وہ فیصلہ نہ کر سکے کہ اُنہیں سزا دیں تو کیسے دیں، کیونکہ تمام لوگ اِس ماجرے کے سبب سے خُدا کی تمجید کر رہے تھے۔ 22اَورجو آدمی معجزانہ طور پر شفایاب ہُوا تھا، چالیس بَرس سے اُوپر کا تھا۔
مُومِنِین کی دعا
23اَپنی رِہائی کے بعد، پطرس اَور یُوحنّؔا اَپنے لوگوں کے پاس چلے گیٔے اَورجو کچھ اہم کاہِنؔوں اَور بُزرگوں نے اُن سے کہاتھا، اُن کا بَیان کیا۔ 24جَب اُنہُوں نے یہ باتیں سُنیں، تو بُلند آواز سے خُدا سے دعا کرنے لگے۔ اُنہُوں نے فرمایا، ”اَے قادرمُطلق خُداوؔند،“ تُونے آسمانوں اَور زمین اَور سمُندر کو اَورجو کچھ اُن میں مَوجُود ہر چیز کو پیدا کیا ہے۔ 25تُونے پاک رُوح کے وسیلہ سے اَپنے خادِم، اَور ہمارے باپ داؤؔد کی زبانی فرمایا:
” ’قومیں طیش میں کیوں ہیں
اَور اُمّتوں نے فُضول منصُوبے باندھے؟
26زمین کے بادشاہ اُٹھ کھڑے ہویٔے
اَور حُکمراں اِکٹھّا ہو گئے
خُداوؔند کے خِلاف
اَور اُس کے ممسوح#4:26 ممسوح یعنی عِبرانی زبان میں مَسح کیا گیا، اصل یُونانی زبان میں خِرستُس لفظ آیا ہے۔ کی مُخالفت کی۔‘#4:26 زبُور 2:1،2
27یہ حقیقت ہے کہ ہیرودیسؔ اَور پُنطِیُس پِیلاطُسؔ نے اُس شہر میں غَیریہُودی اَور اِسرائیلی لوگ یہ سَب مِل کر تیرے مُقدّس خادِم حُضُور عیسیٰ کے خِلاف ہو گئے جسے تُونے المسیؔح مُقرّر کیا۔ 28وہ اِس لیٔے جمع ہویٔے کہ جو کچھ تُو اَپنی قُدرت اَور اِرادہ کے مُطابق پہلے ہی سے ٹھہرا چُکاتھا اُسے عَمل میں لائیں۔ 29اَب، اَے خُداوؔند، اُن کی دھمکیوں کو دیکھ اَور اَپنے بندوں کو تَوفیق بَخش کہ وہ تیرا کلام بڑی دِلیری کے ساتھ لوگوں کو سُنائیں۔ 30خُدا اَپنا ہاتھ بڑھا اَور اَپنے مُقدّس خادِم حُضُور عیسیٰ کے نام سے شفا بَخش، معجزے دِکھا اَور حیرت اَنگیز کام ظاہر کر۔“
31جَب وہ دعا کرچُکے تو وہ جگہ جہاں وہ جمع تھے لرز اُٹھی اَور وہ سَب پاک رُوح سے معموُر ہو گئے اَور خُدا کا کلام دِلیری سے سُنانے لگے۔
مُومِنِین کا مُشتَرکہ مال
32مُومِنِین کی جماعت ایک دل اَور ایک جان تھی۔ کویٔی بھی اَیسا نہ تھا جو اَپنے مال کو صِرف اَپنا سمجھتا ہو بَلکہ دُوسروں کو بھی ساری چیزوں میں شریک سمجھتا تھا۔ 33اَور رسول بڑی قُدرت کے ساتھ خُداوؔند عیسیٰ کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی گواہی دیتے تھے۔ اَور اُن سَب پر خُدا کا بڑا فضل تھا 34اُن میں کویٔی بھی محتاج نہ تھا۔ وقتاً فوقتاً جو لوگ زمین یا مَکان کے مالک تھے وہ اُنہیں بیچ بیچ کر، اُن کی قِیمت لاتے تھے۔ 35اَور اُسے رسولوں کے قدموں میں رکھ دیتے تھے، اَور ہر ایک کو اُس کی ضروُرت کے مُطابق وہ رقم تقسیم کر دیا کرتے تھے۔
36یُوسُفؔ، ایک لاوی جو سائپرسؔ کا باشِندہ تھا، اُس کو رسولوں نے بَرنباسؔ کا نام دیا(جِس کا مطلب ہے ”نصیحت کا بیٹا“)، 37اُس نے اَپنا کھیت بیچا اَور قِیمت لاکر رسولوں کے قدموں میں رکھ دی۔