۱-کُرِنتِھیوں 10:3-15
۱-کُرِنتِھیوں 10:3-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
مَیں نے اُس تَوفِیق کے مُوافِق جو خُدا نے مُجھے بخشی دانا مِعمار کی طرح نیو رکھّی اور دُوسرا اُس پر عِمارت اُٹھاتا ہے۔ پس ہر ایک خبردار رہے کہ وہ کَیسی عِمارت اُٹھاتا ہے۔ کیونکہ سِوا اُس نیو کے جو پڑی ہُوئی ہے اور وہ یِسُوعؔ مسِیح ہے کوئی شخص دُوسری نہیں رکھ سکتا۔ اور اگر کوئی اُس نیو پر سونا یا چاندی یا بیش قِیمت پتّھروں یا لکڑی یا گھاس یا بُھوسے کا ردا رکھّے۔ تو اُس کا کام ظاہِر ہو جائے گا کیونکہ جو دِن آگ کے ساتھ ظاہِر ہو گا وہ اُس کام کو بتا دے گا اور وہ آگ خُود ہر ایک کا کام آزما لے گی کہ کَیسا ہے۔ جِس کا کام اُس پر بنا ہُؤا باقی رہے گا وہ اَجر پائے گا۔ اور جِس کا کام جَل جائے گا وہ نُقصان اُٹھائے گا لیکن خُود بچ جائے گا مگر جَلتے جَلتے۔
۱-کُرِنتِھیوں 10:3-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خُدا کے فضل سے مَیں نے ایک ماہر مِعمار کی طرح بُنیاد رکھی ہے اَور کویٔی دُوسرا اُس پر عمارت کھڑی کر رہاہے۔ لیکن ہر ایک کو خبردار رہنا چاہیے کہ وہ کیسی عمارت اُٹھاتا ہے۔ یِسوعؔ المسیح وہ بُنیاد ہیں جو پہلے سے رکھی جا چُکی ہے۔ اَب کویٔی شخص دُوسری بُنیاد نہیں رکھ سَکتا۔ اگر کویٔی اِس بُنیاد پر عمارت اُٹھاتے وقت سونے، چاندی، قیمتی پتھّروں، لکڑی، گھاس پھُوس یا بھُوسے کو اِستعمال میں لایٔے، تو اِنصاف کے دِن اُس کا کام صَاف ظاہر ہو جائے گا۔ کیونکہ وہ دِن آگ کے ساتھ آئے گا، اَور آگ اَپنے آپ ہر ایک کا کام آزما لے گی کہ کیسا ہے۔ اِس بُنیاد پر جِس کسی بنانے والے کا کام آگ سے سلامت رہے گا وہ اجر پایٔےگا اَور جِس کا کام جَل جائے گا وہ نُقصان تو اُٹھائے گا مگر وہ خُود بچ نکلے گا، پھر بھی وہ جلتے جلتے بھی بچ جائے گا وَیسا ہوگا۔
۱-کُرِنتِھیوں 10:3-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اللہ کے اُس فضل کے مطابق جو مجھے بخشا گیا مَیں نے ایک دانش مند ٹھیکے دار کی طرح بنیاد رکھی۔ اِس کے بعد کوئی اَور اُس پر عمارت تعمیر کر رہا ہے۔ لیکن ہر ایک دھیان رکھے کہ وہ بنیاد پر عمارت کس طرح بنا رہا ہے۔ کیونکہ بنیاد رکھی جا چکی ہے اور وہ ہے عیسیٰ مسیح۔ اِس کے علاوہ کوئی بھی مزید کوئی بنیاد نہیں رکھ سکتا۔ جو بھی اِس بنیاد پرکچھ تعمیر کرے وہ مختلف مواد تو استعمال کر سکتا ہے، مثلاً سونا، چاندی، قیمتی پتھر، لکڑی، سوکھی گھاس یا بھوسا، لیکن آخر میں ہر ایک کا کام ظاہر ہو جائے گا۔ قیامت کے دن کچھ پوشیدہ نہیں رہے گا بلکہ آگ سب کچھ ظاہر کر دے گی۔ وہ ثابت کر دے گی کہ ہر کسی نے کیسا کام کیا ہے۔ اگر اُس کا تعمیری کام نہ جلا جو اُس نے اِس بنیاد پر کیا تو اُسے اجر ملے گا۔ اگر اُس کا کام جل گیا تو اُسے نقصان پہنچے گا۔ خود تو وہ بچ جائے گا مگر جلتے جلتے۔