۲-توارِیخ 1:15-7
۲-توارِیخ 1:15-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُدا کی رُوح عزریاہ بِن عودِؔد پر نازِل ہُوئی۔ اور وہ آسا سے مِلنے کو گیا اور اُس سے کہا اَے آسا اور سارے یہُوداؔہ اور بِنیمِین میری سُنو۔ خُداوند تُمہارے ساتھ ہے جب تک تُم اُس کے ساتھ ہو اور اگر تُم اُس کے طالِب ہو تو وہ تُم کو مِلے گا پر اگر تُم اُسے ترک کرو تو وہ تُم کو ترک کرے گا۔ اب بڑی مُدّت سے بنی اِسرائیل بغَیر سچّے خُدا اور بغَیر سِکھانے والے کاہِن اور بغَیر شرِیعت کے رہے ہیں۔ پر جب وہ اپنے دُکھ میں خُداوند اِسرائیل کے خُدا کی طرف پِھر کر اُس کے طالِب ہُوئے تو وہ اُن کو مِل گیا۔ اور اُن دِنوں میں اُسے جو باہر جاتا تھا اور اُسے جو اندر آتا تھا مُطلق چَین نہ تھا بلکہ مُمالِک کے سب باشِندوں پر بڑی اذِیّتیں تِھیں۔ قَوم قَوم کے مُقابلہ میں اور شہر شہر کے مُقابلہ میں پِس گئے کیونکہ خُدا نے اُن کو ہر طرح مُصِیبت سے تنگ کِیا۔ لیکن تُم مضبُوط بنو اور تُمہارے ہاتھ ڈِھیلے نہ ہونے پائیں کیونکہ تُمہارے کام کا اجر مِلے گا۔
۲-توارِیخ 1:15-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
خُدا کی رُوح عزریاہؔ بِن عودِدؔ پر نازل ہُوئی۔ اَور عزریاہؔ آساؔ بادشاہ سے مُلاقات کرنے باہر گیا، جَب وہ میدانِ جنگ سے واپس آ رہاتھا۔ اَور عزریاہؔ نے آساؔ سے کہا، ”اَے آساؔ اَور تمام یہُوداہؔ اَور بِنیامین کے لوگوں، میری سُنو۔ یَاہوِہ اُس وقت تک تمہارے ساتھ ہیں جَب تک تُم اُن کے ساتھ ہو اَور اگر تُم اُن کے طالب ہوگے تو وہ تُمہیں ملیں گے۔ لیکن اگر تُم یَاہوِہ کو ترک کروگے تو وہ تُمہیں ترک کر دیں گے۔ بنی اِسرائیل ایک طویل عرصہ تک بغیر سچّے خُدا، بغیر تعلیم دینے والے کاہِنؔ اَور بغیر آئین کے رہتے چلے آئے ہیں۔ لیکن جَب اُن پر مُصیبت آئی وہ بنی اِسرائیل کے خُدا یَاہوِہ کی طرف پھرے اَور اُن کے طالب ہُوئے تو یَاہوِہ اُنہیں مِل گئے۔ اُن دِنوں میں لوگوں کی آمدورفت محفوظ نہ تھی کیونکہ تمام ممالک کے باشِندے بڑی افراتفری کے شِکار تھے۔ ایک قوم دُوسری قوم کو اَور ایک شہر دُوسرے شہر کو نِیست و نابود کر رہے تھے کیونکہ خُدا نے اُنہیں مُختلف مُصیبتیں دے کر مُبتلا کر رکھا تھا۔ مگر تُم لوگ مضبُوط بنو اَور اَپنے ہاتھوں کو ڈھیلے نہ ہونے دو کیونکہ تُم اَپنے کام کا اجر پاؤگے۔“
۲-توارِیخ 1:15-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اللہ کا روح عزریاہ بن عودید پر نازل ہوا، اور وہ آسا سے ملنے کے لئے نکلا اور کہا، ”اے آسا اور یہوداہ اور بن یمین کے تمام باشندو، میری بات سنو! رب تمہارے ساتھ ہے اگر تم اُسی کے ساتھ رہو۔ اگر تم اُس کے طالب رہو تو اُسے پا لو گے۔ لیکن جب بھی تم اُسے ترک کرو تو وہ تم ہی کو ترک کرے گا۔ لمبے عرصے تک اسرائیلی حقیقی خدا کے بغیر زندگی گزارتے رہے۔ نہ کوئی امام تھا جو اُنہیں اللہ کی راہ سکھاتا، نہ شریعت۔ لیکن جب کبھی وہ مصیبت میں پھنس جاتے تو دوبارہ رب اسرائیل کے خدا کے پاس لوٹ آتے۔ وہ اُسے تلاش کرتے اور نتیجے میں اُسے پا لیتے۔ اُس زمانے میں سفر کرنا خطرناک ہوتا تھا، کیونکہ امن و امان کہیں نہیں تھا۔ ایک قوم دوسری قوم کے ساتھ اور ایک شہر دوسرے کے ساتھ لڑتا رہتا تھا۔ اِس کے پیچھے اللہ کا ہاتھ تھا۔ وہی اُنہیں ہر قسم کی مصیبت میں ڈالتا رہا۔ لیکن جہاں تک تمہارا تعلق ہے، مضبوط ہو اور ہمت نہ ہارو۔ اللہ ضرور تمہاری محنت کا اجر دے گا۔“