۲-یوحنا 6:1-9
۲-یوحنا 6:1-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور مُحبّت یہ ہے کہ ہم اُس کے حُکموں پر چلیں۔ یہ وُہی حُکم ہے جو تُم نے شرُوع سے سُنا ہے کہ تُمہیں اِس پر چلنا چاہئے۔ کیونکہ بُہت سے اَیسے گُمراہ کرنے والے دُنیا میں نِکل کھڑے ہُوئے ہیں جو یِسُوع مسِیح کے مُجسّم ہو کر آنے کا اِقرار نہیں کرتے۔ گُمراہ کرنے والا اور مُخالِفِ مسِیح یِہی ہے۔ اپنی بابت خبردار رہو تاکہ جو مِحنت ہم نے کی ہے وہ تُمہارے سبب سے ضائع نہ ہو جائے بلکہ تُم کو پُورا اَجر مِلے۔ جو کوئی آگے بڑھ جاتا ہے اور مسِیح کی تعلِیم پر قائِم نہیں رہتا اُس کے پاس خُدا نہیں۔ جو اُس تعلِیم پر قائِم رہتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے اور بیٹا بھی۔
۲-یوحنا 6:1-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور مَحَبّت اِس میں ہے کہ ہم خُدا کے حُکموں پر فرمانبرداری سے چلیں۔ یہ وُہی حُکم ہے جو تُم نے شروع سے سُنا ہے کہ تُم مَحَبّت سے زندگی بسر کرو۔ کیونکہ بہت سے اَیسے گُمراہ کرنے والے دُنیا میں نِکل چُکے ہیں جو یہ نہیں مانتے ہیں کہ حُضُور عیسیٰ المسیؔح مُجسّم ہوکر آئے ہیں، اَیسا ہر شخص گُمراہ کرنے والا اَور مُخالف المسیؔح یعنی دَجّال ہے۔ خبردار رہو کہ جو محنت ہم نے کی ہے وہ تمہارے سبب سے ضائع نہ ہو جائے بَلکہ تُمہیں اُس کا مُکمّل اجر ملے۔ جو کویٔی بھٹک کر آگے بڑھ جاتا ہے اَور المسیؔح کی تعلیم پر قائِم نہیں رہتاہے، اُس میں خُدا نہیں ہے۔ اَورجو اُس کی تعلیم پر قائِم رہتاہے تو اُس کے پاس باپ اَور بیٹا دونوں ہیں۔
۲-یوحنا 6:1-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
محبت کا مطلب یہ ہے کہ ہم اُس کے احکام کے مطابق زندگی گزاریں۔ جس طرح آپ نے شروع ہی سے سنا ہے، اُس کا حکم یہ ہے کہ آپ محبت کی روح میں چلیں۔ کیونکہ بہت سے ایسے لوگ دنیا میں نکل کھڑے ہوئے ہیں جو آپ کو صحیح راہ سے ہٹانے کی کوشش میں لگے رہتے ہیں۔ یہ لوگ نہیں مانتے کہ عیسیٰ مسیح مجسم ہو کر آیا ہے۔ ہر ایسا شخص فریب دینے والا اور مخالفِ مسیح ہے۔ چنانچہ خبردار رہیں۔ ایسا نہ ہو کہ آپ نے جو کچھ محنت کر کے حاصل کیا ہے وہ جاتا رہے بلکہ خدا کرے کہ آپ کو اِس کا پورا اجر مل جائے۔ جو بھی مسیح کی تعلیم پر قائم نہیں رہتا بلکہ اِس سے آگے نکل جاتا ہے اُس کے پاس اللہ نہیں۔ جو مسیح کی تعلیم پر قائم رہتا ہے اُس کے پاس باپ بھی ہے اور فرزند بھی۔