یسعیاہ 6:56-8
یسعیاہ 6:56-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
اَور پردیسی لوگ جو اَپنے آپ کو یَاہوِہ سے وابستہ کرتے ہیں تاکہ اُن کی خدمت کریں، اَور اُن کے نام کو عزیز رکھیں اَور اُن کی عبادت کریں، وہ سَب جو سَبت کو مانتے ہیں اَور اُسے ناپاک نہیں کرتے اَور میرے عہد پر قائِم رہتے ہیں اُن سَب کو میں اَپنے مُقدّس پہاڑ پر لاؤں گا اَور اُنہیں اَپنی دُعا کے گھر میں شادمان کروں گا۔ اُن کی سوختنی نذریں اَور ذبیحے میرے مذبح پر مقبُول ہوں گے؛ کیونکہ میرا گھر سَب قوموں کے لیٔے دعا کا گھر کہلائے گا۔“ یَاہوِہ قادر مختار جو اِسرائیل کے جَلاوطنوں کو جمع کرتا ہے، فرماتے ہیں: ”میں اَوروں کو بھی جمع کرکے اُن کے ساتھ مِلا دُوں گا جو پہلے ہی جمع کر دئیے گیٔے ہیں۔“
یسعیاہ 6:56-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
وہ پردیسی بھی بےفکر رہیں جو رب کے پیروکار بن کر اُس کی خدمت کرنا چاہتے، جو رب کا نام عزیز رکھ کر اُس کی عبادت کرتے، جو سبت کے دن کی بےحرمتی نہیں کرتے بلکہ اُسے مناتے اور جو میرے عہد کے ساتھ لپٹے رہتے ہیں۔ کیونکہ مَیں اُنہیں اپنے مُقدّس پہاڑ کے پاس لا کر اپنے دعا کے گھر میں خوشی دلاؤں گا۔ جب وہ میری قربان گاہ پر اپنی بھسم ہونے والی اور ذبح کی قربانیاں چڑھائیں گے تو وہ مجھے پسند آئیں گی۔ کیونکہ میرا گھر تمام قوموں کے لئے دعا کا گھر کہلائے گا۔“ رب قادرِ مطلق جو اسرائیل کی بکھری ہوئی قوم جمع کر رہا ہے فرماتا ہے، ”اُن میں جو اکٹھے ہو چکے ہیں مَیں اَور بھی جمع کر دوں گا۔“
یسعیاہ 6:56-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور بے گانہ کی اَولاد بھی جِنہوں نے اپنے آپ کو خُداوند سے پَیوستہ کِیا ہے کہ اُس کی خِدمت کریں اور خُداوند کے نام کو عزِیز رکھّیں اور اُس کے بندے ہوں۔ وہ سب جو سبت کو حِفظ کر کے اُسے ناپاک نہ کریں اور میرے عہد پر قائِم رہیں۔ مَیں اُن کو بھی اپنے کوہِ مُقدّس پر لاؤُں گا اور اپنی عِبادت گاہ میں اُن کو شادمان کرُوں گا اور اُن کی سوختنی قُربانِیاں اور اُن کے ذبِیحے میرے مذبح پر مقبُول ہوں گے کیونکہ میرا گھر سب لوگوں کی عِبادت گاہ کہلائے گا۔ خُداوند خُدا جو اِسرائیل کے پراگندہ لوگوں کو جمع کرنے والا ہے یُوں فرماتا ہے کہ مَیں اُن کے سِوا جو اُسی کے ہو کر جمع ہُوئے ہیں اَوروں کو بھی اُس کے پاس جمع کرُوں گا۔