YouVersion Logo
تلاش

یوحنا 1:17-26

یوحنا 1:17-26 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب یِسوعؔ یہ سَب کہہ چُکے، تو آپ نے آسمان کی طرف آنکھیں اُٹھاکر یہ دعا کی: ”اَے باپ، اَب وقت آ گیا ہے۔ اَپنے بیٹے کو جلال بخشئے، تاکہ بیٹا آپ کا جلال ظاہر کرے۔ کیونکہ آپ نے اُسے تمام اِنسانوں پر اِختیار بخشا ہے تاکہ وہ اُن سَب کو اَبدی زندگی عطا کرے جو آپ نے اُس کے سُپرد کی ہے۔ اَبدی زندگی یہ ہے کہ وہ آپ کو حقیقی سچّا خُدا جانیں، اَور یِسوعؔ المسیح کو بھی جانیں جسے آپ نے بھیجا ہے۔ مَیں نے اِس کام کو جو آپ نے میرے سُپرد کیا تھا اُس کام کو اَنجام دے کر مَیں نے زمین پر آپ کا جلال ظاہر کیا۔ اَور اَب، اَے باپ، آپ مُجھے اَپنی حُضُوری میں اُسی جلال سے جلالی بنا دیں جو جلال میرا آپ کے ساتھ میں دُنیا کی تخلیق ہونے سے پہلے تھا۔ ”مَیں نے آپ کو اُن لوگوں پر ظاہر کیا جنہیں آپ نے دُنیا میں سے چُن کر میری سپردگی میں دیا تھا۔ وہ آپ کے لوگ تھے؛ آپ نے اُنہیں میرے سُپرد کیا تھا اَور اُنہُوں نے آپ کے کلام پر عَمل کیا ہے۔ اَب وہ جانتے ہیں کہ جو کُچھ آپ نے مُجھے دیا ہے وہ سَب آپ ہی کی طرف سے ہے۔ اِس لیٔے جو پیغام آپ نے مُجھے دیا، مَیں نے اُن تک پہُنچا دیا اَور اُنہُوں نے اُسے قبُول کیا اَور وہ اِس حقیقت سے واقف ہو گئے کہ مَیں آپ کی طرف سے آیا ہُوں اَور اُن کا ایمان ہے کہ مُجھے آپ ہی نے بھیجا ہے۔ میں اُن کے لیٔے دعا کرتا ہُوں۔ میں دُنیا کے لیٔے دعا نہیں کرتا بَلکہ اُن کے لیٔے جنہیں آپ نے مُجھے دیا ہے، کیونکہ وہ آپ کے ہیں۔ میرا سَب کُچھ آپ کا ہے اَورجو آپ کا ہے، وہ سَب میرا ہے۔ اَور اُن کے وسیلے سے مُجھے جلال مِلا۔ میں اَب اَور دُنیا میں نہیں رہُوں گا، لیکن وہ تمام ابھی دُنیا میں ہیں اَور مَیں آپ کے پاس آ رہا ہُوں۔ اَے قُدُّوس باپ، اَپنے اُس نام کی قُدرت سے جو آپ نے مُجھے دیا ہے اِنہیں محفوظ رکھئے تاکہ وہ ایک ہُوں جَیسے ہم ایک ہیں۔ جَب مَیں اُن کے ساتھ تھا، مَیں نے اُن کو محفوظ رکھا اَور اُنہیں آپ کے دئیے ہویٔے نام کے ذریعہ بچائے رکھا۔ اُن میں سے کویٔی ہلاک نہیں ہُوا سِوائے اُس کے جو ہلاکت کے لیٔے ہی پیدا ہُوا تھا تاکہ کِتاب مُقدّس کا لِکھّا پُورا ہو۔ ”اَب مَیں آپ کے پاس آ رہا ہُوں لیکن جَب تک میں دُنیا میں ہُوں یہ باتیں کہہ رہا ہُوں، تاکہ میری ساری خُوشی اُنہیں حاصل ہو جائے۔ مَیں نے اُنہیں آپ کا کلام پہُنچا دیا ہے اَور دُنیا نے اُن سے دُشمنی رکھی، کیونکہ جِس طرح میں دُنیا کا نہیں وہ بھی دُنیا کے نہیں۔ میری مِنّت یہ نہیں کہ باپ اُنہیں دُنیا سے اُٹھالے بَلکہ یہ ہے کہ اُنہیں شیطان سے محفوظ رکھے۔ جِس طرح میں دُنیا کا نہیں، وہ بھی دُنیا کے نہیں۔ حق کے ذریعہ اُنہیں مخصُوص کر دیجئے؛ آپ کا کلام ہی حق ہے۔ جِس طرح باپ نے مُجھے دُنیا میں بھیجا، اُسی طرح مَیں نے بھی اُنہیں دُنیا میں بھیجا ہے۔ میں اَپنے آپ کو اُن کے لیٔے مخصُوص کرتا ہُوں، تاکہ وہ بھی حق کے ذریعہ مخصُوص کیٔے جایٔیں۔ ”میری مِنّت صِرف اِن کے لیٔے ہی نہیں بَلکہ اُن کے لیٔے بھی ہے جو اِن کے پیغام کے ذریعہ مُجھ پر ایمان لائیں گے، تاکہ وہ سَب ایک، ہو جایٔیں جَیسے اَے باپ، آپ مُجھ میں ہیں اَور مَیں آپ میں۔ کاش وہ بھی ہم میں ہوں تاکہ ساری دُنیا ایمان لایٔے کہ آپ ہی نے مُجھے بھیجا ہے۔ مَیں نے اُنہیں وہ جلال بخشا ہے جو باپ نے مُجھے عطا کیا تھا تاکہ وہ بھی ایک ہوں جِس طرح ہم ایک ہیں، میں اُن میں اَور آپ مُجھ میں، تاکہ وہ کامِل طور پر ایک ہو جایٔیں۔ اَور تَب دُنیا جان لے گی کہ آپ ہی نے مُجھے بھیجا اَور اُن سے بھی اِسی طرح مَحَبّت کی ہے جِس طرح آپ نے مُجھ سے مَحَبّت رکھی۔ ”اَے باپ، آپ نے جنہیں مُجھے دیا ہے میں چاہتا ہُوں کہ جہاں میں ہُوں وہ بھی میرے ساتھ ہوں، اَور اُس جلال کو دیکھ سکیں جو آپ نے مُجھے عطا کیا، کیونکہ آپ نے دُنیا کی تخلیق سے پیشتر ہی مُجھ سے مَحَبّت رکھی۔ ”اَے راستباز باپ، اگرچہ دُنیا نے آپ کو نہیں جانا، مگر مَیں آپ کو جانتا ہُوں، اَور اِنہُوں نے بھی جان لیا ہے کہ آپ نے مُجھے بھیجا ہے۔ مَیں نے اِنہیں آپ کے نام سے واقف کرا دیا ہے اَور آئندہ بھی کراتا رہُوں گا تاکہ آپ کی وہ مَحَبّت جو آپ نے مُجھ سے کی وہ اُن میں ہو اَور مَیں بھی اِن میں ہُوں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 17

یوحنا 1:17-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یہ کہہ کر عیسیٰ نے اپنی نظر آسمان کی طرف اُٹھائی اور دعا کی، ”اے باپ، وقت آ گیا ہے۔ اپنے فرزند کو جلال دے تاکہ فرزند تجھے جلال دے۔ کیونکہ تُو نے اُسے تمام انسانوں پر اختیار دیا ہے تاکہ وہ اُن سب کو ابدی زندگی دے جو تُو نے اُسے دیئے ہیں۔ اور ابدی زندگی یہ ہے کہ وہ تجھے جان لیں جو واحد اور سچا خدا ہے اور عیسیٰ مسیح کو بھی جان لیں جسے تُو نے بھیجا ہے۔ مَیں نے تجھے زمین پر جلال دیا اور اُس کام کی تکمیل کی جس کی ذمہ داری تُو نے مجھے دی تھی۔ اور اب مجھے اپنے حضور جلال دے، اے باپ، وہی جلال جو مَیں دنیا کی تخلیق سے پیشتر تیرے حضور رکھتا تھا۔ مَیں نے تیرا نام اُن لوگوں پر ظاہر کیا جنہیں تُو نے دنیا سے الگ کر کے مجھے دیا ہے۔ وہ تیرے ہی تھے۔ تُو نے اُنہیں مجھے دیا اور اُنہوں نے تیرے کلام کے مطابق زندگی گزاری ہے۔ اب اُنہوں نے جان لیا ہے کہ جو کچھ بھی تُو نے مجھے دیا ہے وہ تیری طرف سے ہے۔ کیونکہ جو باتیں تُو نے مجھے دیں مَیں نے اُنہیں دی ہیں۔ نتیجے میں اُنہوں نے یہ باتیں قبول کر کے حقیقی طور پر جان لیا کہ مَیں تجھ میں سے نکل کر آیا ہوں۔ ساتھ ساتھ وہ ایمان بھی لائے کہ تُو نے مجھے بھیجا ہے۔ مَیں اُن کے لئے دعا کرتا ہوں، دنیا کے لئے نہیں بلکہ اُن کے لئے جنہیں تُو نے مجھے دیا ہے، کیونکہ وہ تیرے ہی ہیں۔ جو بھی میرا ہے وہ تیرا ہے اور جو تیرا ہے وہ میرا ہے۔ چنانچہ مجھے اُن میں جلال ملا ہے۔ اب سے مَیں دنیا میں نہیں ہوں گا۔ لیکن یہ دنیا میں رہ گئے ہیں جبکہ مَیں تیرے پاس آ رہا ہوں۔ قدوس باپ، اپنے نام میں اُنہیں محفوظ رکھ، اُس نام میں جو تُو نے مجھے دیا ہے، تاکہ وہ ایک ہوں جیسے ہم ایک ہیں۔ جتنی دیر مَیں اُن کے ساتھ رہا مَیں نے اُنہیں تیرے نام میں محفوظ رکھا، اُسی نام میں جو تُو نے مجھے دیا تھا۔ مَیں نے یوں اُن کی نگہبانی کی کہ اُن میں سے ایک بھی ہلاک نہیں ہوا سوائے ہلاکت کے فرزند کے۔ یوں کلام کی پیش گوئی پوری ہوئی۔ اب تو مَیں تیرے پاس آ رہا ہوں۔ لیکن مَیں دنیا میں ہوتے ہوئے یہ بیان کر رہا ہوں تاکہ اُن کے دل میری خوشی سے بھر کر چھلک اُٹھیں۔ مَیں نے اُنہیں تیرا کلام دیا ہے اور دنیا نے اُن سے دشمنی رکھی، کیونکہ یہ دنیا کے نہیں ہیں، جس طرح مَیں بھی دنیا کا نہیں ہوں۔ میری دعا یہ نہیں ہے کہ تُو اُنہیں دنیا سے اُٹھا لے بلکہ یہ کہ اُنہیں ابلیس سے محفوظ رکھے۔ وہ دنیا کے نہیں ہیں جس طرح مَیں بھی دنیا کا نہیں ہوں۔ اُنہیں سچائی کے وسیلے سے مخصوص و مُقدّس کر۔ تیرا کلام ہی سچائی ہے۔ جس طرح تُو نے مجھے دنیا میں بھیجا ہے اُسی طرح مَیں نے بھی اُنہیں دنیا میں بھیجا ہے۔ اُن کی خاطر مَیں اپنے آپ کو مخصوص کرتا ہوں، تاکہ اُنہیں بھی سچائی کے وسیلے سے مخصوص و مُقدّس کیا جائے۔ میری دعا نہ صرف اِن ہی کے لئے ہے، بلکہ اُن سب کے لئے بھی جو اِن کا پیغام سن کر مجھ پر ایمان لائیں گے تاکہ سب ایک ہوں۔ جس طرح تُو اے باپ، مجھ میں ہے اور مَیں تجھ میں ہوں اُسی طرح وہ بھی ہم میں ہوں تاکہ دنیا یقین کرے کہ تُو نے مجھے بھیجا ہے۔ مَیں نے اُنہیں وہ جلال دیا ہے جو تُو نے مجھے دیا ہے تاکہ وہ ایک ہوں جس طرح ہم ایک ہیں، مَیں اُن میں اور تُو مجھ میں۔ وہ کامل طور پر ایک ہوں تاکہ دنیا جان لے کہ تُو نے مجھے بھیجا اور کہ تُو نے اُن سے محبت رکھی ہے جس طرح مجھ سے رکھی ہے۔ اے باپ، مَیں چاہتا ہوں کہ جو تُو نے مجھے دیئے ہیں وہ بھی میرے ساتھ ہوں، وہاں جہاں مَیں ہوں، کہ وہ میرے جلال کو دیکھیں، وہ جلال جو تُو نے اِس لئے مجھے دیا ہے کہ تُو نے مجھے دنیا کی تخلیق سے پیشتر پیار کیا ہے۔ اے راست باپ، دنیا تجھے نہیں جانتی، لیکن مَیں تجھے جانتا ہوں۔ اور یہ شاگرد جانتے ہیں کہ تُو نے مجھے بھیجا ہے۔ مَیں نے تیرا نام اُن پر ظاہر کیا اور اِسے ظاہر کرتا رہوں گا تاکہ تیری مجھ سے محبت اُن میں ہو اور مَیں اُن میں ہوں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 17

یوحنا 1:17-26 کِتابِ مُقادّس (URD)

یِسُوعؔ نے یہ باتیں کہِیں اور اپنی آنکھیں آسمان کی طرف اُٹھا کر کہا کہ اَے باپ! وہ گھڑی آ پُہنچی۔ اپنے بیٹے کا جلال ظاہِر کر تاکہ بیٹا تیرا جلال ظاہِر کرے۔ چُنانچہ تُو نے اُسے ہر بشر پر اِختیار دِیا ہے تاکہ جِنہیں تُو نے اُسے بخشا ہے اُن سب کو وہ ہمیشہ کی زِندگی دے۔ اور ہمیشہ کی زِندگی یہ ہے کہ وہ تُجھ خُدایِ واحِد اور برحق کو اور یِسُوعؔ مسِیح کو جِسے تُو نے بھیجا ہے جانیں۔ جو کام تُو نے مُجھے کرنے کو دِیا تھا اُس کو تمام کر کے مَیں نے زمِین پر تیرا جلال ظاہِر کِیا۔ اور اب اَے باپ! تُو اُس جلال سے جو مَیں دُنیا کی پَیدایش سے پیشتر تیرے ساتھ رکھتا تھا مُجھے اپنے ساتھ جلالی بنا دے۔ مَیں نے تیرے نام کو اُن آدمِیوں پر ظاہِر کِیا جِنہیں تُو نے دُنیا میں سے مُجھے دِیا۔ وہ تیرے تھے اور تُو نے اُنہیں مُجھے دِیا اور اُنہوں نے تیرے کلام پر عمل کِیا ہے۔ اب وہ جان گئے کہ جو کُچھ تُو نے مُجھے دِیا ہے وہ سب تیری ہی طرف سے ہے۔ کیونکہ جو کلام تُو نے مُجھے پُہنچایا وہ مَیں نے اُن کو پُہنچا دِیا اور اُنہوں نے اُس کو قبُول کِیا اور سچ جان لِیا کہ مَیں تیری طرف سے نِکلا ہُوں اور وہ اِیمان لائے کہ تُو ہی نے مُجھے بھیجا۔ مَیں اُن کے لِئے درخواست کرتا ہُوں مَیں دُنیا کے لِئے درخواست نہیں کرتا بلکہ اُن کے لِئے جِنہیں تُو نے مُجھے دِیا ہے کیونکہ وہ تیرے ہیں۔ اور جو کُچھ میرا ہے وہ سب تیرا ہے اور جو تیرا ہے وہ میرا ہے اور اِن سے میرا جلال ظاہِر ہُؤا ہے۔ مَیں آگے کو دُنیا میں نہ ہُوں گا مگر یہ دُنیا میں ہیں اور مَیں تیرے پاس آتا ہُوں۔ اَے قُدُّوس باپ! اپنے اُس نام کے وسِیلہ سے جو تُو نے مُجھے بخشا ہے اُن کی حِفاظت کر تاکہ وہ ہماری طرح ایک ہوں۔ جب تک مَیں اُن کے ساتھ رہا مَیں نے تیرے اُس نام کے وسِیلہ سے جو تُو نے مُجھے بخشا ہے اُن کی حِفاظت کی۔ مَیں نے اُن کی نِگہبانی کی اور ہلاکت کے فرزند کے سِوا اُن میں سے کوئی ہلاک نہ ہُؤا تاکہ کِتابِ مُقدّس کا لِکھا پُورا ہو۔ لیکن اب مَیں تیرے پاس آتا ہُوں اور یہ باتیں دُنیا میں کہتا ہُوں تاکہ میری خُوشی اُنہیں پُوری پُوری حاصِل ہو۔ مَیں نے تیرا کلام اُنہیں پُہنچا دِیا اور دُنیا نے اُن سے عداوت رکھّی اِس لِئے کہ جِس طرح مَیں دُنیا کا نہیں وہ بھی دُنیا کے نہیں۔ مَیں یہ درخواست نہیں کرتا کہ تُو اُنہیں دُنیا سے اُٹھا لے بلکہ یہ کہ اُس شرِیر سے اُن کی حِفاظت کر۔ جِس طرح مَیں دُنیا کا نہیں وہ بھی دُنیا کے نہیں۔ اُنہیں سچّائی کے وسِیلہ سے مُقدّس کر۔ تیرا کلام سچّائی ہے۔ جِس طرح تُو نے مُجھے دُنیا میں بھیجا اُسی طرح مَیں نے بھی اُنہیں دُنیا میں بھیجا۔ اور اُن کی خاطِر مَیں اپنے آپ کو مُقدّس کرتا ہُوں تاکہ وہ بھی سچّائی کے وسِیلہ سے مُقدّس کِئے جائیں۔ مَیں صِرف اِن ہی کے لِئے درخواست نہیں کرتا بلکہ اُن کے لِئے بھی جو اِن کے کلام کے وسِیلہ سے مُجھ پر اِیمان لائیں گے۔ تاکہ وہ سب ایک ہوں یعنی جِس طرح اَے باپ! تُو مُجھ میں ہے اور مَیں تُجھ میں ہُوں وہ بھی ہم میں ہوں اور دُنیا اِیمان لائے کہ تُو ہی نے مُجھے بھیجا۔ اور وہ جلال جو تُو نے مُجھے دِیا ہے مَیں نے اُنہیں دِیا ہے تاکہ وہ ایک ہوں جَیسے ہم ایک ہیں۔ مَیں اُن میں اور تُو مُجھ میں تاکہ وہ کامِل ہو کر ایک ہو جائیں اور دُنیا جانے کہ تُو ہی نے مُجھے بھیجا اور جِس طرح کہ تُو نے مُجھ سے مُحبّت رکھّی اُن سے بھی مُحبّت رکھّی۔ اَے باپ! مَیں چاہتا ہُوں کہ جِنہیں تُو نے مُجھے دِیا ہے جہاں مَیں ہُوں وہ بھی میرے ساتھ ہوں تاکہ میرے اُس جلال کو دیکھیں جو تُو نے مُجھے دِیا ہے کیونکہ تُو نے بِنایِ عالَم سے پیشتر مُجھ سے مُحبّت رکھّی۔ اَے عادِل باپ! دُنیا نے تو تُجھے نہیں جانا مگر مَیں نے تُجھے جانا اور اِنہوں نے بھی جانا کہ تُو نے مُجھے بھیجا۔ اور مَیں نے اُنہیں تیرے نام سے واقِف کِیا اور کرتا رہُوں گا تاکہ جو مُحبّت تُجھ کو مُجھ سے تھی وہ اُن میں ہو اور مَیں اُن میں ہُوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یوحنا 17