یشوع 1:1-9
یشوع 1:1-9 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ کے خادِم مَوشہ کی وفات کے بعد یَاہوِہ نے یہوشُعؔ بِن نُونؔ سے جو مَوشہ کا مُعاوِن تھا فرمایا، ”میرا خادِم مَوشہ مَر گیا ہے۔ لہٰذا اَب تُم اُن سَب لوگوں کے ساتھ دریائے یردنؔ کو پار کرکے اُس مُلک میں جانے کے لیٔے تیّار ہو جاؤ جو مَیں اِن لوگوں کو یعنی بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں۔ اَور مَوشہ کو دئیے ہُوئے وعدہ کے مُطابق مَیں ہر وہ جگہ جہاں تُم اَپنا قدم رکھوگے تُمہیں دُوں گا۔ بیابان سے لے کر لبانونؔ تک اَور بڑے دریائے فراتؔ سے مغرب کی جانِب بڑے سمُندر تک حِتّیوں کا سارا مُلک تمہاری مِلکیّت ہوگا۔ زندگی بھر کویٔی شخص تمہارے سامنے کھڑا نہ رہ سکےگا۔ جَیسے مَیں مَوشہ کے ساتھ رہا وَیسے ہی تمہارے ساتھ بھی رہُوں گا؛ نہ مَیں تُمہیں چھوڑوں گا اَور نہ تُم سے دست بردار ہُوں گا۔ اِس لیٔے مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو کیونکہ تُم اِن لوگوں کے اُس مُلک کا وارِث بننے کے لیٔے رہنمائی کروگے جسے اُنہیں دینے کی مَیں نے اُن کے آباؤاَجداد سے قَسم کھائی ہے۔ ”پس زور پکڑو اَور نہایت دِلیر ہو جاؤ اَور اُس سارے آئین پر احتیاط کے ساتھ عَمل کرو جو میرے خادِم مَوشہ نے تُمہیں دیا اَور اُس سے نہ تو داہنے ہاتھ مُڑنا اَور نہ بائیں تاکہ جہاں کہیں تُم جاؤ کامیاب ہو جاؤ۔ یہ کِتاب تورہ تمہارے مُنہ سے کبھی دُور نہ ہونے پایٔے۔ دِن اَور رات اِسی پر دھیان دیتے رہنا تاکہ جو کچھ اِس میں لِکھّا ہے اُس پر تُم احتیاط کے ساتھ عَمل کر سکو۔ تَب تمہارا اِقبال بُلند ہوگا اَور تُم کامیاب ہوگے۔ کیا مَیں نے تُمہیں حُکم نہیں دیا؟ لہٰذا مضبُوط ہو جاؤ اَور حوصلہ رکھو۔ خوف نہ کرو اَور ہِمّت نہ ہارو کیونکہ جہاں جہاں تُم جاؤگے، یَاہوِہ تمہارے خُدا تمہارے ساتھ رہیں گے۔“
یشوع 1:1-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب کے خادم موسیٰ کی موت کے بعد رب موسیٰ کے مددگار یشوع بن نون سے ہم کلام ہوا۔ اُس نے کہا، ”میرا خادم موسیٰ فوت ہو گیا ہے۔ اب اُٹھ، اِس پوری قوم کے ساتھ دریائے یردن کو پار کر کے اُس ملک میں داخل ہو جا جو مَیں اسرائیلیوں کو دینے کو ہوں۔ جس زمین پر بھی تُو اپنا پاؤں رکھے گا اُسے مَیں موسیٰ کے ساتھ کئے گئے وعدے کے مطابق تجھے دوں گا۔ تمہارے ملک کی سرحدیں یہ ہوں گی: جنوب میں نجب کا ریگستان، شمال میں لبنان، مشرق میں دریائے فرات اور مغرب میں بحیرۂ روم۔ حِتّی قوم کا پورا علاقہ اِس میں شامل ہو گا۔ تیرے جیتے جی کوئی تیرا سامنا نہیں کر سکے گا۔ جس طرح مَیں موسیٰ کے ساتھ تھا، اُسی طرح تیرے ساتھ بھی ہوں گا۔ مَیں تجھے کبھی نہیں چھوڑوں گا، نہ تجھے ترک کروں گا۔ مضبوط اور دلیر ہو، کیونکہ تُو ہی اِس قوم کو میراث میں وہ ملک دے گا جس کا مَیں نے اُن کے باپ دادا سے قَسم کھا کر وعدہ کیا تھا۔ لیکن خبردار، مضبوط اور بہت دلیر ہو۔ احتیاط سے اُس پوری شریعت پر عمل کر جو میرے خادم موسیٰ نے تجھے دی ہے۔ اُس سے نہ دائیں اور نہ بائیں طرف ہٹنا۔ پھرجہاں کہیں بھی تُو جائے کامیاب ہو گا۔ جو باتیں اِس شریعت کی کتاب میں لکھی ہیں وہ تیرے منہ سے نہ ہٹیں۔ دن رات اُن پر غور کرتا رہ تاکہ تُو احتیاط سے اِس کی ہر بات پر عمل کر سکے۔ پھر تُو ہر کام میں کامیاب اور خوش حال ہو گا۔ مَیں پھر کہتا ہوں کہ مضبوط اور دلیر ہو۔ نہ گھبرا اور نہ حوصلہ ہار، کیونکہ جہاں بھی تُو جائے گا وہاں رب تیرا خدا تیرے ساتھ رہے گا۔“
یشوع 1:1-9 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُداوند کے بندہ مُوسیٰ کی وفات کے بعد اَیسا ہُؤا کہ خُداوند نے اُس کے خادِم نُون کے بیٹے یشُوؔع سے کہا۔ میرا بندہ مُوسیٰ مَر گیا ہے سو اب تُو اُٹھ اور اِن سب لوگوں کو ساتھ لے کر اِس یَردن کے پار اُس مُلک میں جا جِسے مَیں اُن کو یعنی بنی اِسرائیل کو دیتا ہُوں۔ جِس جِس جگہ تُمہارے پاؤں کا تلوا ٹِکے اُس کو جَیسا مَیں نے مُوسیٰ سے کہا مَیں نے تُم کو دِیا ہے۔ بیابان اور اُس لُبناؔن سے لے کر بڑے دریا یعنی دریایِ فرات تک حِتّیوں کا سارا مُلک اور مغرِب کی طرف بڑے سمُندر تک تُمہاری حد ہو گی۔ تیری زِندگی بھر کوئی شخص تیرے سامنے کھڑا نہ رہ سکے گا۔ جَیسے مَیں مُوسیٰ کے ساتھ تھا وَیسے ہی تیرے ساتھ رہُوں گا۔ مَیں نہ تُجھ سے دست بردار ہُوں گا اور نہ تُجھے چھوڑُوں گا۔ سو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ کیونکہ تُو اِس قَوم کو اُس مُلک کا وارِث کرائے گا جِسے مَیں نے اُن کو دینے کی قَسم اُن کے باپ دادا سے کھائی۔ تُو فقط مضبُوط اور نِہایت دِلیر ہو جا کہ اِحتیاط رکھ کر اُس ساری شرِیعت پر عمل کرے جِس کا حُکم میرے بندہ مُوسیٰ نے تُجھ کو دِیا۔ اُس سے نہ دہنے ہاتھ مُڑنا اور نہ بائیں تاکہ جہاں کہِیں تُو جائے تُجھے خُوب کامیابی حاصِل ہو۔ شرِیعت کی یہ کِتاب تیرے مُنہ سے نہ ہٹے بلکہ تُجھے دِن اور رات اِسی کا دھیان ہو تاکہ جو کُچھ اِس میں لِکھا ہے اُس سب پر تُو اِحتیاط کر کے عمل کر سکے کیونکہ تب ہی تُجھے اِقبال مندی کی راہ نصِیب ہو گی اور تُو خُوب کامیاب ہو گا۔ کیا مَیں نے تُجھ کو حُکم نہیں دِیا؟ سو مضبُوط ہو جا اور حَوصلہ رکھ خَوف نہ کھا اور بے دِل نہ ہو کیونکہ خُداوند تیرا خُدا جہاں جہاں تُو جائے تیرے ساتھ رہے گا۔