زبور 1:119-10
زبور 1:119-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مبارک ہیں وہ جن کا چال چلن بےالزام ہے، جو رب کی شریعت کے مطابق زندگی گزارتے ہیں۔ مبارک ہیں وہ جو اُس کے احکام پر عمل کرتے اور پورے دل سے اُس کے طالب رہتے ہیں، جو بدی نہیں کرتے بلکہ اُس کی راہوں پر چلتے ہیں۔ تُو نے ہمیں اپنے احکام دیئے ہیں، اور تُو چاہتا ہے کہ ہم ہر لحاظ سے اُن کے تابع رہیں۔ کاش میری راہیں اِتنی پختہ ہوں کہ مَیں ثابت قدمی سے تیرے احکام پر عمل کروں! تب مَیں شرمندہ نہیں ہوں گا، کیونکہ میری آنکھیں تیرے تمام احکام پر لگی رہیں گی۔ جتنا مَیں تیرے باانصاف فیصلوں کے بارے میں سیکھوں گا اُتنا ہی دیانت دار دل سے تیری ستائش کروں گا۔ تیرے احکام پر مَیں ہر وقت عمل کروں گا۔ مجھے پوری طرح ترک نہ کر! نوجوان اپنی راہ کو کس طرح پاک رکھے؟ اِس طرح کہ تیرے کلام کے مطابق زندگی گزارے۔ مَیں پورے دل سے تیرا طالب رہا ہوں۔ مجھے اپنے احکام سے بھٹکنے نہ دے۔
زبور 1:119-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
(الف) مُبارک ہیں وہ جو کامِل رفتار ہیں۔ جو خُداوند کی شرِیعت پر عمل کرتے ہیں۔ مُبارک ہیں وہ جو اُس کی شہادتوں کو مانتے ہیں اور پُورے دِل سے اُس کے طالِب ہیں۔ اُن سے ناراستی نہیں ہوتی۔ وہ اُس کی راہوں پر چلتے ہیں۔ تُو نے اپنے قوانِین دِئے ہیں تاکہ ہم دِل لگا کر اُن کو مانیں۔ کاش کہ تیرے آئِین ماننے کے لِئے میری روِشیں درُست ہو جائیں! جب مَیں تیرے سب احکام کا لِحاظ رکھُّوں گا تو شرمِندہ نہ ہُوں گا۔ جب مَیں تیری صداقت کے احکام سِیکھ لُوں گا تو سچّے دِل سے تیرا شُکر ادا کرُوں گا۔ مَیں تیرے آئِین مانُوں گا۔ مُجھے بالکُل ترک نہ کر دے۔ (بیتھ) جوان اپنی روِش کِس طرح پاک رکھّے؟ تیرے کلام کے مُطابِق اُس پر نِگاہ رکھنے سے۔ مَیں پُورے دِل سے تیرا طالِب ہُؤا ہُوں مُجھے اپنے فرمان سے بھٹکنے نہ دے۔