زبور 1:23-6
زبور 1:23-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یَاہوِہ میرا چوپان ہیں، مُجھے کویٔی کمی نہ ہوگی۔ وہ مُجھے سبز و شاداب چراگاہوں میں بِٹھاتے ہیں، وہ مُجھے سکون بخش چشموں کے پاس لے جاتے ہیں، اَور میری جان کو بحال کرتے ہیں۔ وہ اَپنے نام کی خاطِر صداقت کی راہوں پر میری رہنمائی کرتے ہیں۔ خواہ میں موت کی تاریک وادی میں سے ہوکر گزروں، تو بھی میں کسی بُلا سے نہ خوف کھاؤں گا، کیونکہ آپ میرے ساتھ ہیں، آپ کا عصا اَور آپ کی چھڑی، مُجھے تسلّی بخشتے ہیں۔ آپ میرے دُشمنوں کے رُوبرو میرے لیٔے دسترخوان بچھاتے ہیں۔ آپ نے میرے سَر پر تیل مِلا ہے؛ میرا پیالہ لبریز ہوتاہے۔ یقیناً نیکی اَور شفقت و مَحَبّت عمر بھر میرے ساتھ ساتھ رہیں گی، اَور مَیں ہمیشہ یَاہوِہ کے گھر میں، سکونت کروں گا۔
زبور 1:23-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
داؤد کا زبور۔ رب میرا چرواہا ہے، مجھے کمی نہ ہو گی۔ وہ مجھے شاداب چراگاہوں میں چَراتا اور پُرسکون چشموں کے پاس لے جاتا ہے۔ وہ میری جان کو تازہ دم کرتا اور اپنے نام کی خاطر راستی کی راہوں پر میری قیادت کرتا ہے۔ گو مَیں تاریک ترین وادی میں سے گزروں مَیں مصیبت سے نہیں ڈروں گا، کیونکہ تُو میرے ساتھ ہے، تیری لاٹھی اور تیرا عصا مجھے تسلی دیتے ہیں۔ تُو میرے دشمنوں کے رُوبرُو میرے سامنے میز بچھا کر میرے سر کو تیل سے تر و تازہ کرتا ہے۔ میرا پیالہ تیری برکت سے چھلک اُٹھتا ہے۔ یقیناً بھلائی اور شفقت عمر بھر میرے ساتھ ساتھ رہیں گی، اور مَیں جیتے جی رب کے گھر میں سکونت کروں گا۔
زبور 1:23-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند میرا چَوپان ہے۔ مُجھے کمی نہ ہو گی۔ وہ مُجھے ہری ہری چراگاہوں میں بِٹھاتا ہے۔ وہ مُجھے راحت کے چشموں کے پاس لے جاتا ہے۔ وہ میری جان کو بحال کرتا ہے۔ وہ مُجھے اپنے نام کی خاطِر صداقت کی راہوں پر لے چلتا ہے۔ بلکہ خواہ مَوت کے سایہ کی وادی میں سے میرا گُذر ہو مَیں کِسی بلا سے نہیں ڈرُوں گا کیونکہ تُو میرے ساتھ ہے۔ تیرے عصا اور تیری لاٹھی سے مُجھے تسلّی ہے۔ تُو میرے دُشمنوں کے رُوبرُو میرے آگے دسترخوان بِچھاتا ہے۔ تُو نے میرے سر پر تیل ملا ہے۔ میرا پِیالہ لبریز ہوتا ہے۔ یقیناً بھلائی اور رحمت عُمر بھر میرے ساتھ ساتھ رہیں گی اور مَیں ہمیشہ خُداوند کے گھر میں سکُونت کرُوں گا۔