خُروج 2
2
مُوسیٰ کی وِلادت
1اَور لیوی کے قبیلہ کے ایک اِنسان نے لیوی نَسل کی ایک عورت سے شادی کی۔ 2اَور وہ حاملہ ہُوئی اَور اُس سے ایک بیٹا پیدا ہُوا۔ جَب اُس نے دیکھا کہ وہ ایک خُوبصورت بچّہ ہے، تو اُس نے تین مہینے تک اُسے چُھپائے رکھا۔ 3اَور جَب وہ آخِر اُسے زِیادہ دیر چھُپا نہ سکی، تو اُس نے اُس کے لیٔے سَرکنڈوں کا ایک ٹوکرا بنایا اَور اُس پر تارکول اَور رال کا پلستر کیا اَور پھر اُس بچّہ کو اُس میں رکھ کر دریائے نیل کے کنارے سَرکنڈوں میں رکھ آئی۔ 4اَور اُس کی بہن یہ دیکھنے کے لیٔے کہ اُس کے ساتھ کیا ہوتاہے، کُچھ دُور کھڑی رہی۔
5فَرعوہؔ کی بیٹی دریائے نیل میں غُسل کرنے واسطے آئی اَور اُس کی لونڈی سہیلیاں دریا کے کنارے کنارے ٹہل رہی تھیں۔ فَرعوہؔ کی بیٹی نے سَرکنڈوں میں ٹوکرے کو دیکھ کر اَپنی ایک خادِمہ کو بھیجا کہ اُسے اُٹھا لایٔے۔ 6جَب اُس نے اُسے کھولا تو دیکھا کہ اُس میں بچّہ ہے۔ بچّہ رو رہاتھا اَور اُسے اُس پر رحم آیا اَور اُس نے کہا، ”یہ تو کویٔی عِبرانی بچّہ ہے۔“
7تَب اُس بچّہ کی بہن نے فَرعوہؔ کی بیٹی سے پُوچھا، ”کیا میں جا کر کسی عِبرانی عورت کو لے آؤں جو آپ کے لیٔے اِس بچّہ کو دُودھ پِلایا کرے؟“
8فَرعوہؔ کی بیٹی نے جَواب دیا، ”ہاں جاؤ!“ اَور وہ لڑکی جا کر اُس بچّہ کی ماں کو بُلا لائی۔ 9تَب فَرعوہؔ کی بیٹی نے اُس سے کہا، ”اِس بچّہ کو لے جا اَور میرے لیٔے دُودھ پِلا اَور مَیں تُمہیں تمہاری اُجرت دیا کروں گی۔“ لہٰذا وہ عورت اُس بچّہ کو لے جا کر دُودھ پِلانے لگی۔ 10اَور جَب وہ بچّہ کچھ بڑا ہو گیا تو وہ اُسے فَرعوہؔ کی بیٹی کے پاس لے گئی اَور وہ اُس کا بیٹا بَن گیا اَور اُس نے اُس کا نام یہ کہتے ہویٔے مَوشہ#2:10 مَوشہ پانی سے نکالا ہُوا رکھا، ”مَیں نے اُسے پانی سے نکالا۔“
مَوشہ کا مِدیان فرار ہونا
11اُس کے بعد جَب مَوشہ بڑے ہُوئے تو ایک دِن وہ باہر اَپنے لوگوں کے پاس گئے اَور اُنہیں سخت محنت کرتے دیکھا۔ اُنہُوں نے دیکھا کہ ایک مِصری ایک عِبرانی کو جو مَوشہ کی اَپنی قوم سے تھا مار رہاہے۔ 12اُنہُوں نے اِدھر اُدھر نگاہ کی اَور جَب دیکھا کہ کویٔی نہیں تو اُنہُوں نے اُس مِصری کو مار ڈالا اَور اُسے ریت میں چھُپا دیا۔ 13اَور دُوسرے دِن جَب وہ پھر باہر گیٔے تو اُنہُوں نے دو عِبرانیوں کو آپَس میں لڑتے دیکھا۔ تَب مَوشہ نے اُس قُصُوروار سے پُوچھا، ”تُم اَپنے عِبرانی بھایٔی کو کیوں مار رہے ہو؟“
14اُس اِنسان نے کہا، ”آپ کو کِس نے ہم پر حاکم اَور قاضی مُقرّر کیا ہے؟ جِس طرح آپ نے اُس مِصری کو قتل کر ڈالا تھا کیا مُجھے بھی اُسی طرح مار ڈالنا چاہتے ہیں؟“ تَب مَوشہ ڈر گئے اَور اُنہُوں نے سوچا، ”جو کُچھ مَیں نے کیا تھا یقیناً اُس کا راز کھُل گیا ہے۔“
15جَب فَرعوہؔ نے یہ سُنا تو اُس نے مَوشہ کو مار ڈالنے کی کوشش کی، لیکن مَوشہ فَرعوہؔ کی حُضُوری سے چلےگئے اَور مِدیان میں رہنے کے لیٔے فرار ہو گئے، اَور وہاں وہ ایک کنوئیں کے پاس جا کر بیٹھ گیٔے۔ 16مِدیان کے ایک کاہِنؔ کی سات بیٹیاں تھیں۔ وہ اَپنے باپ کی بھیڑ بکریوں کو پانی پِلانے کے لیٔے آئیں تاکہ پانی کنوئیں سے نکال کر حوض میں بھر دیں۔ 17اَور کچھ چرواہے بھی وہاں چلے آئے جنہوں نے اُن کو وہاں سے ہٹا دیا، لیکن مَوشہ اُٹھے اَور اُن کی مدد کو آ گئے اَور اُنہُوں نے اُن کے گلّہ کو پانی پِلایا۔
18جَب وہ لڑکیاں اَپنے باپ رِعوایلؔ کے پاس واپس آئیں، ”تو اُس نے پُوچھا کہ آج تُم اِتنی جلدی کیسے آ گئیں؟“
19اُنہُوں نے جَواب دیا، ”ایک مِصری نے ہمیں چرواہوں کے ہاتھ سے بچایا۔ اُس نے ہمارے لیٔے پانی بھر بھر کر نکالا اَور بھیڑ بکریوں کو بھی پِلایا۔“
20رِعوایلؔ نے اَپنی لڑکیوں سے پُوچھا، ”وہ کہاں ہے؟ تُم اُسے چھوڑ کیوں آئیں؟ اُسے بُلا لاؤ کہ وہ کھانا کھالے۔“
21اَور مَوشہ اُس اِنسان کے ساتھ رہنے پر رضامند ہو گئے اَور اُس اِنسان نے اَپنی بیٹی ضِفورہؔ کی شادی مَوشہ سے کر دی۔ 22اَور ضِفورہؔ کے ایک بیٹا ہُوا۔ مَوشہ نے اُس کا نام یہ کہتے ہویٔے گیرشوم#2:22 گیرشوم مُراد پردیسی رکھا، ”میں پردیس مُلک میں اجنبی ہُوں۔“
23اَور اُس طویل عرصہ کے دَوران وہ مِصر کا بادشاہ مَر گیا اَور بنی اِسرائیل اَپنی غُلامی میں کراہنے اَور رونے لگے اَور غُلامی کے باعث مدد کے لیٔے اُن کی آہ و زاری خُدا تک جا پہُنچی۔ 24اَور خُدا نے اُن کا کراہنا سُنا اَور خُدا نے اَپنے عہد کو جو اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کے ساتھ باندھا تھا یاد کیا۔ 25لہٰذا خُدا نے اِسرائیل کی طرف نگاہ کی اَور اُن کے حالات پر غور فرمایا۔
Voafantina amin'izao fotoana izao:
خُروج 2: UCV
Asongadina
Hizara
Dika mitovy
Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.