خُروج 3
3
مُوسیٰ اَور جلتی ہُوئی جھاڑی
1ایک دفعہ اَیسا ہُوا کہ مَوشہ اَپنے سسُر، یتروؔ کی جو مِدیان کے کاہِنؔ تھے بھیڑ بکریاں چرا رہے تھے اَور وہ اُس گلّہ کو ہانک کر دُور بیابان کے دُوسری طرف خُدا کے پہاڑ حورِبؔ تک لے گیٔے۔ 2وہاں یَاہوِہ کا ایک فرشتہ جلتی ہویٔی جھاڑی کے درمیان آگ کے شُعلوں میں ظاہر ہُوا۔ مَوشہ نے دیکھا کہ وہ جھاڑی جَل رہی ہے لیکن راکھ نہیں ہوتی۔ 3لہٰذا مَوشہ نے سوچا، ”میں اَچھّی طرح جائزہ لُوں گا اَور اِس عجِیب منظر کو دیکھوں گا کہ آخِر وہ جھاڑی بھسم کیوں نہیں ہوتی!“
4جَب یَاہوِہ نے دیکھا کہ وہ بھیڑ بکریوں کو چھوڑکر جھاڑی کے پاس آ پہُنچا ہے کہ اُس کا جائزہ لے، تو خُدا نے جلتی ہویٔی جھاڑی میں سے اُسے پُکارا، ”مَوشہ! مَوشہ!“
اَور مَوشہ نے کہا، ”مَیں حاضِر ہُوں۔“
5تَب خُدا نے کہا، ”بہت زِیادہ نزدیک ہرگز مت آنا اَور اَپنے جُوتے اُتارو، کیونکہ جِس جگہ تُم کھڑے ہو وہ پاک سرزمین ہے۔“ 6اَور پھر خُدا نے فرمایا، ”مَیں تمہارے باپ کا خُدا یعنی اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کا، خُدا ہُوں۔“ اِس پر مَوشہ نے اَپنا مُنہ چھُپا لیا، کیونکہ وہ خُدا کی نظر کی تاب نہ لا سکنے سے ڈرتے تھے۔
7اَور یَاہوِہ نے فرمایا، ”مَیں نے واقعی مِصر میں اَپنے لوگوں کو سخت تکلیف میں دیکھاہے؛ اَور مَیں نے اُنہیں بیگار لینے والوں کے باعث روتے اَور فریاد کرتے سُنا ہے اَور مُجھے اُن کے دُکھوں کا خیال ہے۔ 8اِس لیٔے میں اُنہیں مِصریوں کے ہاتھ سے چھُڑانے کے لیٔے اُترا ہُوں، تاکہ اُنہیں اُس مُلک سے نکال کر ایک اَچھّے اَور وسیع مُلک میں جہاں دُودھ اَور شہد بہتا ہے یعنی کنعانیوں، حِتّیوں، امُوریوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کے مُلک میں پہُنچاؤں۔ 9اَور اَب بنی اِسرائیل کا رونا، چِلّانا اَور اُن کی فریاد مُجھ تک پہُنچ گئی ہے؛ اَور جِس طرح مِصری اُن پر ظُلم کرتے مَیں نے اُسے بھی دیکھاہے۔ 10لہٰذا اَب جاؤ میں تُمہیں فَرعوہؔ کے پاس بھیجتا ہُوں تاکہ تُم میری قوم بنی اِسرائیل کو مِصر سے نکال لاؤ۔“
11لیکن مَوشہ نے خُدا سے کہا، ”مَیں کون ہُوں جو فَرعوہؔ کے پاس جاؤں اَور بنی اِسرائیل کو مِصر سے باہر نکال لاؤں؟“
12تَب خُدا نے فرمایا، ”مَیں تمہارے ساتھ ہُوں گا، اَور اِس بات کا کہ مَیں نے تُمہیں بھیجا ہے تمہارے لیٔے یہ نِشان ہوگا کہ جَب تُم اُن لوگوں کو مِصر سے باہر نکال کر لے آؤگے، تو تُم اِس پہاڑ پر خُدا کی عبادت کروگے۔“
13تَب مَوشہ نے خُدا سے کہا، ”اگر مَیں بنی اِسرائیل کے پاس جا کر اُنہیں کہُوں، ’تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے،‘ اَور وہ مُجھ سے پُوچھیں، ’اُس کا نام کیا ہے،‘ تو میں اُنہیں کیا بتاؤں؟“
14خُدا نے مَوشہ سے فرمایا، ”میں جو ہُوں سو مَیں ہُوں۔ سو تُم بنی اِسرائیل سے یُوں کہنا، ’میں جو ہُوں نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے۔‘ “
15خُدا نے مَوشہ سے یہ بھی فرمایا، ”تُم بنی اِسرائیل سے کہنا، ’یَاہوِہ، تمہارے باپ کا خُدا یعنی اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کا خُدا، نے مُجھے تمہارے پاس بھیجا ہے۔‘
”اَبد تک میرا یہی نام ہے،
اَور مَیں پُشت در پُشت اَور
اِسی نام سے یاد کیا جاؤں گا۔
16”جاؤ، اَور بنی اِسرائیل کے بُزرگوں کو جمع کرکے اُن سے کہو، ’یَاہوِہ تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا یعنی اَبراہامؔ اِصحاقؔ اَور یعقوب کے خُدا نے مُجھے دِکھائی دے کر کہا کہ مَیں نے تُم پر نظرِکرم کی ہے اَور مِصر میں جو سلُوک تمہارے ساتھ کیا گیا ہے اُسے بھی دیکھاہے۔ 17اَور مَیں نے وعدہ کیا ہے کہ میں تُمہیں مِصر میں تمہاری سخت تکلیف سے نکال کر کنعانیوں، حِتّیوں، امُوریوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کے مُلک میں پہُنچاؤں گا جہاں دُودھ اَور شہد بہتا ہے۔‘
18”اَور بنی اِسرائیل کے بُزرگ تمہاری بات سُنیں گے۔ تَب تُم اُن بُزرگوں کے ساتھ مِصر کے بادشاہ کے پاس جا کر کہنا، ’یَاہوِہ کی یعنی عِبرانیوں کے خُدا کی ہم سے مُلاقات ہُوئی۔ ہمیں تین دِن کے سفر تک بیابان میں جانے دو تاکہ ہم یَاہوِہ اَپنے خُدا کے لیٔے قُربانی پیش کریں۔‘ 19لیکن مَیں جانتا ہُوں کہ مِصر کا بادشاہ تُمہیں تَب تک نہ جانے دے گا جَب تک کہ کویٔی قوی ہاتھ اُسے مجبُور نہ کر دے۔ 20لہٰذا میں اَپنا ہاتھ بڑھاؤں گا اَور اُن مِصریوں کے درمیان اُن تمام عجائبات سے جو میں اُن کے درمیان کروں گا اُن کو ماروں گا۔ اُس کے بعد وہ تُمہیں جانے دے گا۔
21”اَور مَیں مِصریوں کو اِن لوگوں پر مہربان کر دُوں گا تاکہ جَب تُم مِصر سے جاؤ تو تُم خالی ہاتھ نہ جاؤ۔ 22تمہاری ہر ایک عورت کو چاہیے کہ وہ اَپنی پڑوسن سے یا کسی بھی عورت سے جو اُس کے گھر میں مہمان ہو سونے چاندی کے زیور اَور لباس مانگ لے جو تُم اَپنے بیٹوں اَور بیٹیوں کو پہناؤگے اَور اِس طرح تُم مِصریوں کو لُوٹ لوگے۔“
Voafantina amin'izao fotoana izao:
خُروج 3: UCV
Asongadina
Hizara
Dika mitovy
Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.