خُروج 5
5
بھُوسے کے بغیر اینٹیں
1بعدازاں مَوشہ اَور اَہرونؔ فَرعوہؔ کے پاس گیٔے اَور فرمایا، ”یَاہوِہ، بنی اِسرائیل کے خُدا کا یہ فرمان ہے: ’میرے لوگوں کو جانے دو تاکہ وہ بیابان میں میرے لیٔے عید منائیں۔‘ “
2فَرعوہؔ نے فرمایا، ”کون ہے یَاہوِہ جِس کی بات میں مَانوں اَور اِسرائیل کو یہاں سے جانے دُوں؟ مَیں یَاہوِہ کو نہیں جانتا اَور مَیں اِسرائیل کو یہاں سے جانے نہیں دُوں گا۔“
3تَب اُنہُوں نے کہا، ”عِبرانیوں کے خُدا ہم سے ملے ہیں۔ لہٰذا ہمیں اِجازت دو کہ ہم بیابان میں تین دِن کی مَسافت طے کرکے جایٔیں، اَور یَاہوِہ اَپنے خُدا کے لیٔے قُربانی پیش کریں، ورنہ وہ ہمیں وَبا یا تلوار سے ہلاک کروا دیں گے۔“
4لیکن مِصر کے بادشاہ نے کہا، ”اَے مَوشہ اَور اَہرونؔ، تُم اُن لوگوں سے اُن کا کام کیوں چھُڑوا رہے ہو؟ جاؤ، اَپنا کام کرو!“ 5فَرعوہؔ نے مزید کہا، ”دیکھو، مُلک میں اُن لوگوں کی تعداد بہت بڑھ گئی ہے اَور تُم اُنہیں کام کرنے سے روک رہے ہو!“
6اَور اُسی دِن فَرعوہؔ نے بیگار لینے والے غُلاموں اَور اُن لوگوں پر نِگرانوں کو یہ حُکم دیا: 7”آئندہ تُم اُن لوگوں کو اینٹیں بنانے کے لیٔے، بھُوسا مُہیّا نہ کرنا بَلکہ اُنہیں اَپنے لیٔے بھُوسا خُود ہی جا کر جمع کرنے دینا؛ 8لیکن اُن سے اُتنی ہی اینٹیں بنوانا جِتنی وہ پہلے بناتے تھے؛ اَور اُن کے لیٔے اینٹوں کی مُقرّر کی گئی تعداد کم نہ کرنا؛ وہ کاہل ہیں، اَور اِس لیٔے وہ چِلّا رہے ہیں، ’آؤ چلیں اَور اَپنے خُدا کے لیٔے قُربانی پیش کریں۔‘ 9اُن اِنسانوں سے سخت محنت لی جائے تاکہ وہ کام میں مشغُول رہیں، اَور جھُوٹی باتوں کی طرف مُتوجّہ نہ ہوں۔“
10تَب اُن بیگار لینے والے غُلاموں اَور اُن نِگراں سرداروں نے جو اُن پر مُقرّر تھے جا کر اُن لوگوں سے کہا، ”فَرعوہؔ یُوں فرماتا ہے، ’آئندہ تُمہیں بھُوسا نہیں دیا جائے گا۔ 11بَلکہ تُم اَپنے لیٔے بھُوسا جہاں سے بھی ملے خُود لاؤ مگر تمہارے کام کو ہرگز کم نہیں کیا جائے گا۔‘ “ 12لہٰذا وہ لوگ تمام مِصر میں مارے مارے پھرنے لگے، تاکہ ٹھُنٹھ جمع کرکے بھُوسے کی جگہ اِستعمال کریں۔ 13اَور بیگار لینے والے غُلام اُن پر یہ کہتے ہویٔے دباؤ ڈالتے تھے، ”جِتنا کام تُم بھُوسا پا کر کرتے تھے اُتنا ہی کام اَب بھی کرو۔“ 14اَور اُن اِسرائیلی نِگرانوں کو جنہیں فَرعوہؔ کے بیگار لینے والے غُلاموں نے مُقرّر کیا ہُوا تھا مارا پِیٹا جاتا تھا اَور اُن سے پُوچھا جاتا تھا کہ، ”پہلے کی طرح تُم نے کل یا آج اینٹوں کی مُقرّرہ تعداد پُوری کیوں نہیں کی؟“
15تَب اِسرائیلی نِگراں کاروں نے جا کر فَرعوہؔ سے فریاد کی: ”آپ نے اَپنے خادِموں سے اَیسا سلُوک کیوں کیا ہے؟ 16تمہارے خادِموں کو بھُوسا تو دیانہیں جاتا اَور پھر بھی ہمیں کہا جاتا ہے، ’اینٹیں بناؤ!‘ تمہارے خادِموں کو مارا پِیٹا جاتا ہے؛ حالانکہ قُصُور تو تمہارے لوگوں کا ہے۔“
17فَرعوہؔ نے کہا، ”تُم کاہل ہو۔ کاہل! اِسی لیٔے تُم کہتے رہتے ہو، ’ہمیں جانے اَور یَاہوِہ کے لیٔے قُربانی پیش کرنے کی اِجازت دو۔‘ 18اَب جاؤ اَور کام کرو۔ تُمہیں بھُوسا ہرگز نہیں ملے گا، پھر بھی تُمہیں اینٹیں تو مُقرّرہ تعداد میں ہی بنانی پڑیں گی۔“
19جَب اِسرائیلی نِگراں کاروں کو بتایا گیا کہ جِتنی تعداد میں روزانہ اینٹیں بنانے کا تُمہیں حُکم دیا گیا ہے، ”تُم اُنہیں گھٹا نہ پاؤگے تو اُنہیں احساس ہُوا کہ وہ تو بڑی مُشکل میں پھنس گیٔے ہیں۔“ 20اَور جَب وہ فَرعوہؔ کے پاس سے آئے، تو اُنہُوں نے مَوشہ اَور اَہرونؔ کو اُن سے مُلاقات کے لیٔے اِنتظار کرتے پایا، 21اَور اُنہُوں نے کہا، ”تُمہیں یَاہوِہ ہی دیکھیں گے اَور تمہارا اِنصاف کریں گے! کیونکہ تُم نے فَرعوہؔ اَور اُس کے اہلکاروں کی نظر میں ہمیں گھِنونا بنا دیا ہے اَور ہمیں قتل کرنے کے لیٔے اُن کے ہاتھ میں تلوار دے دی ہے۔“
خُدا رِہائی دِلانے کا وعدہ کرتے ہیں
22تَب مَوشہ نے یَاہوِہ سے رُجُوع کیا اَور کہا، ”اَے یَاہوِہ! آپ نے اِن لوگوں پر مُصیبت کیوں نازل کی ہے؟ کیا آپ نے مُجھے اِسی لیٔے بھیجا تھا؟ 23جَب سے مَیں آپ کے نام سے بات کرنے کے لیٔے فَرعوہؔ کے پاس گیا ہُوں وہ اِن لوگوں پر مُصیبت ڈھانے لگا ہے اَور آپ نے اَپنے لوگوں کو بالکُل نہیں بچایا!“
Voafantina amin'izao fotoana izao:
خُروج 5: UCV
Asongadina
Hizara
Dika mitovy
Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.