خُروج 6
6
1تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”اَب تُم دیکھوگے کہ میں فَرعوہؔ کے ساتھ کیا کرتا ہُوں؛ میرے قوی ہاتھ کے باعث وہ اُن کو جانے دے گا اَور میرے ہی قوی ہاتھ کے باعث وہ اُن کو اَپنے مُلک سے نکال دے گا۔“
2اَور خُدا نے مَوشہ سے یہ بھی کہا، ”مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ 3میں اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کو قادرمُطلق خُدا کے طور پر دِکھائی دیا لیکن مَیں اَپنے نام یَاہوِہ سے اُن پر پُوری طور سے ظاہر نہ ہُوا۔ 4اَور مَیں نے اُن کے ساتھ اَپنا عہد بھی باندھا کہ مُلکِ کنعانؔ جہاں وہ پردیسیوں کی طرح رہے اُنہیں دُوں گا۔ 5علاوہ اَزیں مَیں نے بنی اِسرائیل کا کراہنا سُنا ہے جنہیں مِصری اَپنا غُلام بناتے جا رہے ہیں اَور اَب مَیں نے اَپنے عہد کو یاد کیا ہے۔
6”اِس لیٔے بنی اِسرائیل سے کہنا: ’مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ میں تُمہیں مِصریوں کے جُوئے کے نیچے سے نکال لاؤں گا اَور مَیں اَپنے بازو پھیلا کر تُمہیں اُن کی غُلامی سے رِہائی بخشوں گا اَور اُن کا اِنصاف کروں گا۔ 7اَور مَیں تُمہیں اَپنا کر اَپنی قوم بنا لُوں گا اَور مَیں تمہارا خُدا ہُوں گا۔ تَب تُم جانوگے کہ مَیں یَاہوِہ تمہارا خُدا ہُوں جو تُمہیں مِصریوں کے جُوئے کے نیچے سے نکال لایا ہے۔ 8اَور مَیں تُمہیں اُس مُلک میں لے جاؤں گا جسے اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب کو دینے کے لیٔے مَیں نے ہاتھ اُٹھاکر قَسم کھائی تھی۔ میں اُسے بطور مِیراث تُمہیں دے دُوں گا۔ مَیں یَاہوِہ ہُوں۔‘ “
9مَوشہ نے یہ باتیں بنی اِسرائیل کو سُنائیں لیکن اُنہُوں نے اُس پر کوئی توجّہ نہ کی کیونکہ غُلامی کی سختی کے باعث اُن کے حوصلے پست ہوکر رہ گیٔے تھے۔
10تَب یَاہوِہ نے مَوشہ کو فرمایا، 11”جا کر، مِصر کے بادشاہ فَرعوہؔ سے کہنا کہ بنی اِسرائیل کو اَپنے مُلک سے چلے جانے دو۔“
12لیکن مَوشہ نے یَاہوِہ سے کہا، ”اگر بنی اِسرائیل نے میری نہ سُنی تو، فَرعوہؔ میری کیونکر سُنے گا جَب کہ میری زبان میں لکنت ہے؟“
مُوسیٰ اَور اَہرونؔ کا شجرہ نَسب
13تَب یَاہوِہ نے مَوشہ اَور اَہرونؔ سے بنی اِسرائیل اَور فَرعوہؔ مِصر کے بادشاہ کے بارے میں بات کی اَور اُنہیں حُکم دیا کہ بنی اِسرائیل کو مِصر سے نکال لے جایٔیں۔
14اُن کے آبائی برادریوں کے سردار یہ تھے:
رُوبِنؔ جو اِسرائیل کا پہلوٹھا بیٹا تھا،
رُوبِنؔ کے بٹے حنوخؔ اَور پلوّؔ، حِضرونؔ اَور کرمی تھے۔
یہ رُوبِنؔ کی نَسل سے تھے۔
15شمعُونؔ کے بیٹے یہ تھے:
یموایلؔ، یمینؔ، اُہدؔ، یاکِن، ضُحرؔ اَور شاؤل جو ایک کنعانی عورت سے پیدا ہُوئے تھے۔
یہ شمعُونؔ کی نَسل سے تھے۔
16اَور لیوی کے بیٹوں کے نام جِن سے اُن کی نَسل چلی یہ تھے:
گیرشون قُہات اَور مِراریؔ۔
اَور لیوی کی عمر ایک سَو سینتیس بَرس کی ہوئی۔
17اَور گیرشون کے بیٹے جِن سے اُن کی برادری چلی یہ تھے:
لِبنیؔ اَور شِمعیؔ۔
18اَور بنی قُہات یہ تھے:
عمرامؔ، اِضہاؔر، حِبرونؔ اَور عُزّی ايل۔
قُہات ایک سَو تینتیس بَرس زندہ رہا۔
19اَور بنی مِراریؔ یہ تھے:
محلیؔ اَور مُوشیؔ۔
اَور لیویوں کی برادری جِن سے اُن کی پُشت کی مُطابق چلی یہی تھے۔
20اَور عمرامؔ نے اَپنے باپ کی بہن یوکبِدؔ سے شادی کی جِس سے اُس کے بیٹے اَہرونؔ اَور مَوشہ پیدا ہویٔے۔
اَور عمرامؔ ایک سَو سینتیس بَرس زندہ رہے۔
21بنی اِضہاؔر یہ تھے:
قورحؔ نِفیگ اَور زکریؔ۔
22اَور بنی عُزّی ايل یہ تھے:
میشاایلؔ، اِیلضافنؔ اَور سِتھریؔ۔
23اَور اَہرونؔ نے الیسبعؔ سے شادی کی جو عَمّیندابؔ کی بیٹی اَور نحشونؔ کی بہن تھی جِس سے اُس کے بیٹے نادابؔ، اَبِیہُو، الیعزرؔ اَور اِتمارؔ پیدا ہویٔے۔
24اَور بنی قورحؔ یہ تھے:
اَسّیر، اِلقانہؔ اَور ابیاسافؔ۔
اَور یہ بنی قورحؔ کی برادری تھی۔
25اَور اَہرونؔ کے بیٹے الیعزرؔ نے پُطی ایل کی بیٹیوں میں سے ایک کے ساتھ شادی کی اَور اُس سے اُس کا بیٹا فِنحاسؔ پیدا ہُوا۔
اَور لیویوں کے آبائی گھرانوں کے سردار جِن سے اُن کی برادری چلی یہی تھے۔
26اَور یہ وُہی اَہرونؔ اَور مَوشہ ہیں جنہیں یَاہوِہ نے فرمایا تھا، ”بنی اِسرائیل کو اُن کے لشکروں کے مُطابق مِصر سے نکال لے جاؤ۔“ 27یہ وُہی مَوشہ اَور اَہرونؔ ہیں جنہوں نے بنی اِسرائیل کو مِصر سے باہر نکال لے جانے کے بارے میں مِصر کے بادشاہ فَرعوہؔ سے بات کی تھی۔
مُوسیٰ کی طرف سے اَہرونؔ کا کلام کرنا
28جَب یَاہوِہ نے مِصر میں مَوشہ سے کلام کیا تھا 29تو مَوشہ سے فرمایا تھا، ”مَیں یَاہوِہ ہُوں۔ جو کُچھ میں تُمہیں کہُوں تُم اُسے مِصر کے بادشاہ فَرعوہؔ سے کہنا۔“
30لیکن مَوشہ نے یَاہوِہ سے کہا، ”چونکہ میری زبان میں لکنت ہے اِس لیٔے فَرعوہؔ میری بات کیوں سُنے گا؟“
Voafantina amin'izao fotoana izao:
خُروج 6: UCV
Asongadina
Hizara
Dika mitovy
Tianao hovoatahiry amin'ireo fitaovana ampiasainao rehetra ve ireo nasongadina? Hisoratra na Hiditra
اُردو ہم عصر ترجُمہ™، کِتاب مُقدّس
حق اِشاعت © 1999، 2005، 2022، 2024 Biblica, Inc.
کی اِجازت سے اِستعمال کیا جاتا ہے۔
دُنیا بھر میں تمام حق محفوظ۔
Holy Bible, Urdu Contemporary Version™
Copyright © 1999, 2005, 2022, 2024 by Biblica, Inc.
Used with permission.
All rights reserved worldwide.