YouVersion Logo
تلاش

۱-تِھسّلُنیکیوں 5

5
خداوند کی آمد کے لئے تیار رہنا
1بھائیو، اِس کی ضرورت نہیں کہ ہم آپ کو لکھیں کہ یہ سب کچھ کب اور کس موقع پر ہو گا۔ 2کیونکہ آپ خود خوب جانتے ہیں کہ خداوند کا دن یوں آئے گا جس طرح چور رات کے وقت گھر میں گھس آتا ہے۔ 3جب لوگ کہیں گے، ”اب امن و امان ہے،“ تو ہلاکت اچانک ہی اُن پر آن پڑے گی۔ وہ اِس طرح مصیبت میں پڑ جائیں گے جس طرح وہ عورت جس کا بچہ پیدا ہو رہا ہے۔ وہ ہرگز نہیں بچ سکیں گے۔ 4لیکن آپ بھائیو تاریکی کی گرفت میں نہیں ہیں، اِس لئے یہ دن چور کی طرح آپ پر غالب نہیں آنا چاہئے۔ 5کیونکہ آپ سب روشنی اور دن کے فرزند ہیں۔ ہمارا رات یا تاریکی سے کوئی واسطہ نہیں۔ 6غرض آئیں، ہم دوسروں کی مانند نہ ہوں جو سوئے ہوئے ہیں بلکہ جاگتے رہیں، ہوش مند رہیں۔ 7کیونکہ رات کے وقت ہی لوگ سو جاتے ہیں، رات کے وقت ہی لوگ نشے میں دُھت ہو جاتے ہیں۔ 8لیکن چونکہ ہم دن کے ہیں اِس لئے آئیں ہم ہوش میں رہیں۔ لازم ہے کہ ہم ایمان اور محبت کو زرہ بکتر کے طور پر اور نجات کی اُمید کو خود کے طور پر پہن لیں۔ 9کیونکہ اللہ نے ہمیں اِس لئے نہیں چنا کہ ہم پر اپنا غضب نازل کرے بلکہ اِس لئے کہ ہم اپنے خداوند عیسیٰ مسیح کے وسیلے سے نجات پائیں۔ 10اُس نے ہماری خاطر اپنی جان دے دی تاکہ ہم اُس کے ساتھ جئیں، خواہ ہم اُس کی آمد کے دن مُردہ ہوں یا زندہ۔ 11اِس لئے ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی اور تعمیر کرتے رہیں، جیسا کہ آپ کر بھی رہے ہیں۔
آخری ہدایات اور سلام
12بھائیو، ہماری درخواست ہے کہ آپ اُن کی قدر کریں جو آپ کے درمیان سخت محنت کر کے خداوند میں آپ کی راہنمائی اور ہدایت کرتے ہیں۔ 13اُن کی خدمت کو سامنے رکھ کر پیار سے اُن کی بڑی عزت کریں۔ اور ایک دوسرے کے ساتھ میل ملاپ سے زندگی گزاریں۔
14بھائیو، ہم اِس پر زور دینا چاہتے ہیں کہ اُنہیں سمجھائیں جو بےقاعدہ زندگی گزارتے ہیں، اُنہیں تسلی دیں جو جلدی سے مایوس ہو جاتے ہیں، کمزوروں کا خیال رکھیں اور سب کو صبر سے برداشت کریں۔ 15اِس پر دھیان دیں کہ کوئی کسی سے بُرائی کے بدلے بُرائی نہ کرے بلکہ آپ ہر وقت ایک دوسرے اور تمام لوگوں کے ساتھ نیک کام کرنے میں لگے رہیں۔
16ہر وقت خوش رہیں، 17بلاناغہ دعا کریں، 18اور ہر حالت میں خدا کا شکر کریں۔ کیونکہ جب آپ مسیح میں ہیں تو اللہ یہی کچھ آپ سے چاہتا ہے۔
19روح القدس کو مت بجھائیں۔ 20نبوّتوں کی تحقیر نہ کریں۔ 21سب کچھ پرکھ کر وہ تھامے رکھیں جو اچھا ہے، 22اور ہر قسم کی بُرائی سے باز رہیں۔
23اللہ خود جو سلامتی کا خدا ہے آپ کو پورے طور پر مخصوص و مُقدّس کرے۔ وہ کرے کہ آپ پورے طور پر روح، جان اور بدن سمیت اُس وقت تک محفوظ اور بےالزام رہیں جب تک ہمارا خداوند عیسیٰ مسیح واپس نہیں آ جاتا۔ 24جو آپ کو بُلاتا ہے وہ وفادار ہے اور وہ ایسا کرے گا بھی۔
25بھائیو، ہمارے لئے دعا کریں۔
26تمام بھائیوں کو ہماری طرف سے بوسہ دینا۔
27خداوندکے حضور مَیں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ یہ خط تمام بھائیوں کے سامنے پڑھا جائے۔
28ہمارے خداوند عیسیٰ مسیح کا فضل آپ کے ساتھ ہوتا رہے۔

موجودہ انتخاب:

۱-تِھسّلُنیکیوں 5: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in