YouVersion Logo
تلاش

حزقی ایل 26

26
صور کا ستیاناس
1یہویاکین بادشاہ کی جلاوطنی کے 11ویں سال میں رب مجھ سے ہم کلام ہوا۔ مہینے کا پہلا دن تھا۔ 2”اے آدم زاد، صور بیٹی یروشلم کی تباہی دیکھ کر خوش ہوئی ہے۔ وہ کہتی ہے، ’لو، اقوام کا دروازہ ٹوٹ گیا ہے! اب مَیں ہی اِس کی ذمہ داریاں نبھاؤں گی۔ اب جب یروشلم ویران ہے تو مَیں ہی فروغ پاؤں گی۔‘
3جواب میں رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے صور، مَیں تجھ سے نپٹ لوں گا! مَیں متعدد قوموں کو تیرے خلاف بھیجوں گا۔ سمندر کی زبردست موجوں کی طرح وہ تجھ پر ٹوٹ پڑیں گی۔ 4وہ صور شہر کی فصیل کو ڈھا کر اُس کے بُرجوں کو خاک میں ملا دیں گی۔ تب مَیں اُسے اِتنے زور سے جھاڑ دوں گا کہ مٹی تک نہیں رہے گی۔ خالی چٹان ہی نظر آئے گی۔ 5رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ وہ سمندر کے درمیان ایسی جگہ رہے گی جہاں مچھیرے اپنے جالوں کو سُکھانے کے لئے بچھا دیں گے۔ دیگر اقوام اُسے لُوٹ لیں گی، 6اور خشکی پر اُس کی آبادیاں تلوار کی زد میں آ جائیں گی۔ تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔
7کیونکہ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں بابل کے بادشاہ نبوکدنضر کو تیرے خلاف بھیجوں گا جو گھوڑے، رتھ، گھڑسوار اور بڑی فوج لے کر شمال سے تجھ پر حملہ کرے گا۔ 8خشکی پر تیری آبادیوں کو وہ تلوار سے تباہ کرے گا، پھر پُشتے اور بُرجوں سے تجھے گھیر لے گا۔ اُس کے فوجی اپنی ڈھالیں اُٹھا کر تجھ پر حملہ کریں گے۔ 9بادشاہ اپنی قلعہ شکن مشینوں سے تیری فصیل کو ڈھا دے گا اور اپنے آلات سے تیرے بُرجوں کو گرا دے گا۔ 10جب اُس کے بےشمار گھوڑے چل پڑیں گے تو اِتنی گرد اُڑ جائے گی کہ تُو اُس میں ڈوب جائے گی۔ جب بادشاہ تیری فصیل کو توڑ توڑ کر تیرے دروازوں میں داخل ہو گا تو تیری دیواریں گھوڑوں اور رتھوں کے شور سے لرز اُٹھیں گی۔ 11اُس کے گھوڑوں کے کُھر تیری تمام گلیوں کو کچل دیں گے، اور تیرے باشندے تلوار سے مر جائیں گے، تیرے مضبوط ستون زمین بوس ہو جائیں گے۔ 12دشمن تیری دولت چھین لیں گے اور تیری تجارت کا مال لُوٹ لیں گے۔ وہ تیری دیواروں کو گرا کر تیری شاندار عمارتوں کو مسمار کریں گے، پھر تیرے پتھر، لکڑی اور ملبہ سمندر میں پھینک دیں گے۔ 13مَیں تیرے گیتوں کا شور بند کروں گا۔ آئندہ تیرے سرودوں کی آواز سنائی نہیں دے گی۔ 14مَیں تجھے ننگی چٹان میں تبدیل کروں گا، اور مچھیرے تجھے اپنے جال بچھا کر سُکھانے کے لئے استعمال کریں گے۔ آئندہ تجھے کبھی دوبارہ تعمیر نہیں کیا جائے گا۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
15رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے صور بیٹی، ساحلی علاقے کانپ اُٹھیں گے جب تُو دھڑام سے گر جائے گی، جب ہر طرف زخمی لوگوں کی کراہتی آوازیں سنائی دیں گی، ہر گلی میں قتل و غارت کا شور مچے گا۔ 16تب ساحلی علاقوں کے تمام حکمران اپنے تختوں سے اُتر کر اپنے چوغے اور شاندار لباس اُتاریں گے۔ وہ ماتمی کپڑے پہن کر زمین پر بیٹھ جائیں گے اور بار بار لرز اُٹھیں گے، یہاں تک وہ تیرے انجام پر پریشان ہوں گے۔ 17تب وہ تجھ پر ماتم کر کے گیت گائیں گے،
’ہائے، تُو کتنے دھڑام سے گر کر تباہ ہوئی ہے! اے ساحلی شہر، اے صور بیٹی، پہلے تُو اپنے باشندوں سمیت سمندر کے درمیان رہ کر کتنی مشہور اور طاقت ور تھی۔ گرد و نواح کے تمام باشندے تجھ سے دہشت کھاتے تھے۔ 18اب ساحلی علاقے تیرے انجام کو دیکھ کر تھرتھرا رہے ہیں۔ سمندر کے جزیرے تیرے خاتمے کی خبر سن کر دہشت زدہ ہو گئے ہیں۔‘
19رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے صور بیٹی، مَیں تجھے ویران و سنسان کروں گا۔ تُو اُن دیگر شہروں کی مانند بن جائے گی جو نیست و نابود ہو گئے ہیں۔ مَیں تجھ پر سیلاب لاؤں گا، اور گہرا پانی تجھے ڈھانپ دے گا۔ 20مَیں تجھے پاتال میں اُترنے دوں گا، اور تُو اُس قوم کے پاس پہنچے گی جو قدیم زمانے سے ہی وہاں بستی ہے۔ تب تجھے زمین کی گہرائیوں میں رہنا پڑے گا، وہاں جہاں قدیم زمانوں کے کھنڈرات ہیں۔ تُو مُردوں کے ملک میں رہے گی اور کبھی زندگی کے ملک میں واپس نہیں آئے گی، نہ وہاں اپنا مقام دوبارہ حاصل کرے گی۔ 21مَیں ہونے دوں گا کہ تیرا انجام دہشت ناک ہو گا، اور تُو سراسر تباہ ہو جائے گی۔ لوگ تیرا کھوج لگائیں گے لیکن تجھے کبھی نہیں پائیں گے۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔“

موجودہ انتخاب:

حزقی ایل 26: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in