حزقی ایل 39
39
1اے آدم زاد، جوج کے خلاف نبوّت کر کے کہہ،
’رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے مسک اور تُوبل کے اعلیٰ رئیس جوج، اب مَیں تجھ سے نپٹ لوں گا۔ 2مَیں تیرا منہ پھیر دوں گا اور تجھے شمال کے دُوردراز علاقے سے گھسیٹ کر اسرائیل کے پہاڑوں پر لاؤں گا۔ 3وہاں مَیں تیرے بائیں ہاتھ سے کمان ہٹاؤں گا اور تیرے دائیں ہاتھ سے تیر گرا دوں گا۔ 4اسرائیل کے پہاڑوں پر ہی تُو اپنے تمام بین الاقوامی فوجیوں کے ساتھ ہلاک ہو جائے گا۔ مَیں تجھے ہر قسم کے شکاری پرندوں اور درندوں کو کھلا دوں گا۔ 5کیونکہ تیری لاش کھلے میدان میں گر کر پڑی رہے گی۔ یہ میرا، رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
6مَیں ماجوج پر اور اپنے آپ کو محفوظ سمجھنے والے ساحلی علاقوں پر آگ بھیجوں گا۔ تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔ 7اپنی قوم اسرائیل کے درمیان ہی مَیں اپنا مُقدّس نام ظاہر کروں گا۔ آئندہ مَیں اپنے مُقدّس نام کی بےحرمتی برداشت نہیں کروں گا۔ تب اقوام جان لیں گی کہ مَیں رب اور اسرائیل کا قدوس ہوں۔ 8رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ یہ سب کچھ ہونے والا ہے، یہ ضرور پیش آئے گا! وہی دن ہے جس کا ذکر مَیں کر چکا ہوں۔
جوج اور اُس کی فوج کی تدفین
9پھر اسرائیلی شہروں کے باشندے میدانِ جنگ میں جا کر دشمن کے اسلحہ کو ایندھن کے لئے جمع کریں گے۔ اِتنی چھوٹی اور بڑی ڈھالیں، کمان، تیر، لاٹھیاں اور نیزے اکٹھے ہو جائیں گے کہ سات سال تک کسی اَور ایندھن کی ضرورت نہیں ہو گی۔ 10اسرائیلیوں کو کھلے میدان میں لکڑی چننے یا جنگل میں درخت کاٹنے کی ضرورت نہیں ہو گی، کیونکہ وہ یہ ہتھیار ایندھن کے طور پر استعمال کریں گے۔ اب وہ اُنہیں لُوٹیں گے جنہوں نے اُنہیں لُوٹ لیا تھا، وہ اُن سے مال مویشی چھین لیں گے جنہوں نے اُن سے سب کچھ چھین لیا تھا۔ یہ رب قادرِ مطلق کا فرمان ہے۔
11اُس دن مَیں اسرائیل میں جوج کے لئے قبرستان مقرر کروں گا۔ یہ قبرستان وادیٔ عباریم#39:11 وادیٔ عباریم: یا گزرنے والوں کی وادی۔ میں ہو گا جو بحیرۂ مُردار کے مشرق میں ہے۔ جوج کے ساتھ اُس کی تمام فوج بھی دفن ہو گی، اِس لئے مسافر آئندہ اُس میں سے نہیں گزر سکیں گے۔ تب وہ جگہ وادیٔ ہمون جوج#39:11 وادیٔ ہمون جوج: جوج کے فوجی ہجوم کی وادی۔ بھی کہلائے گی۔ 12جب اسرائیلی تمام لاشیں دفنا کر ملک کو پاک صاف کریں گے تو سات مہینے لگیں گے۔ 13تمام اُمّت اِس کام میں مصروف رہے گی۔ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ جس دن مَیں دنیا پر اپنا جلال ظاہر کروں گا اُس دن یہ اُن کے لئے شہرت کا باعث ہو گا۔
14سات مہینوں کے بعد کچھ آدمیوں کو الگ کر کے کہا جائے گا کہ پورے ملک میں سے گزر کر معلوم کریں کہ ابھی کہاں کہاں لاشیں پڑی ہیں۔ کیونکہ لازم ہے کہ سب دفن ہو جائیں تاکہ ملک دوبارہ پاک صاف ہو جائے۔ 15جہاں کہیں کوئی لاش نظر آئے اُس جگہ کی وہ نشان دہی کریں گے تاکہ دفنانے والے اُسے وادیٔ ہمون جوج میں لے جا کر دفن کریں۔ 16یوں ملک کو پاک صاف کیا جائے گا۔ اُس وقت سے اسرائیل کے ایک شہر کا نام ہمونہ#39:16 ہمونہ: ہجوم یعنی جوج کے۔ کہلائے گا۔‘
17اے آدم زاد، رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ ہر قسم کے پرندے اور درندے بُلا کر کہہ، ’آؤ، اِدھر جمع ہو جاؤ! چاروں طرف سے آ کر اسرائیل کے پہاڑی علاقے میں جمع ہو جاؤ! کیونکہ یہاں مَیں تمہارے لئے قربانی کی زبردست ضیافت تیار کر رہا ہوں۔ یہاں تمہیں گوشت کھانے اور خون پینے کا سنہرا موقع ملے گا۔ 18تم سورماؤں کا گوشت کھاؤ گے اور دنیا کے حکمرانوں کا خون پیو گے۔ سب بسن کے موٹے تازے مینڈھوں، بھیڑ کے بچوں، بکروں اور بَیلوں جیسے مزے دار ہوں گے۔ 19کیونکہ جو قربانی مَیں تمہارے لئے تیار کر رہا ہوں اُس کی چربی تم جی بھر کر کھاؤ گے، اُس کا خون پی پی کر مست ہو جاؤ گے۔ 20رب فرماتا ہے کہ تم میری میز پر بیٹھ کر گھوڑوں اور گھڑسواروں، سورماؤں اور ہر قسم کے فوجیوں سے سیر ہو جاؤ گے۔‘
رب اپنی قوم واپس لائے گا
21یوں مَیں دیگر اقوام پر اپنا جلال ظاہر کروں گا۔ کیونکہ جب مَیں جوج اور اُس کی فوج کی عدالت کر کے اُن سے نپٹ لوں گا تو تمام اقوام اِس کی گواہ ہوں گی۔ 22تب اسرائیلی قوم ہمیشہ کے لئے جان لے گی کہ مَیں رب اُس کا خدا ہوں۔ 23اور دیگر اقوام جان لیں گی کہ اسرائیلی اپنے گناہوں کے سبب سے جلاوطن ہوئے۔ وہ جان لیں گی کہ چونکہ اسرائیلی مجھ سے بےوفا ہوئے، اِسی لئے مَیں نے اپنا منہ اُن سے چھپا کر اُنہیں اُن کے دشمنوں کے حوالے کر دیا، اِسی لئے وہ سب تلوار کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔ 24کیونکہ مَیں نے اُنہیں اُن کی ناپاکی اور جرائم کا مناسب بدلہ دے کر اپنا چہرہ اُن سے چھپا لیا تھا۔
25چنانچہ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اب مَیں یعقوب کی اولاد کو بحال کر کے تمام اسرائیلی قوم پر ترس کھاؤں گا۔ اب مَیں بڑی غیرت سے اپنے مُقدّس نام کا دفاع کروں گا۔ 26جب اسرائیلی سکون سے اور خوف کھائے بغیر اپنے ملک میں رہیں گے تو وہ اپنی رُسوائی اور میرے ساتھ بےوفائی کا اعتراف کریں گے۔ 27مَیں اُنہیں دیگر اقوام اور اُن کے دشمنوں کے ممالک میں سے جمع کر کے اُنہیں واپس لاؤں گا اور یوں اُن کے ذریعے اپنا مُقدّس کردار متعدد اقوام پر ظاہر کروں گا۔ 28تب وہ جان لیں گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔ کیونکہ اُنہیں اقوام میں جلاوطن کرنے کے بعد مَیں اُنہیں اُن کے اپنے ہی ملک میں دوبارہ جمع کروں گا۔ ایک بھی پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔ 29رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ آئندہ مَیں اپنا چہرہ اُن سے نہیں چھپاؤں گا۔ کیونکہ مَیں اپنا روح اسرائیلی قوم پر اُنڈیل دوں گا۔“
موجودہ انتخاب:
حزقی ایل 39: URDGVU
سرخی
شئیر
کاپی
کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in
Copyright © 2019 Urdu Geo Version. CC-BY-NC-ND