YouVersion Logo
تلاش

ہوسیع 5

5
اسرائیل اور یہوداہ دونوں قصوروار ہیں
1اے امامو، سنو میری بات! اے اسرائیل کے گھرانے، توجہ دے! اے شاہی خاندان، میرے پیغام پر غور کر!
تم پر فیصلہ ہے، کیونکہ اپنی بُت پرستی سے تم نے مِصفاہ میں پھندا لگا دیا، تبور پہاڑ پر جال بچھا دیا 2اور شِطّیم میں گڑھا کھدوا لیا ہے۔ خبردار! مَیں تم سب کو سزا دوں گا۔
3مَیں تو اسرائیل کو خوب جانتا ہوں، وہ مجھ سے چھپا نہیں رہ سکتا۔ اسرائیل اب عصمت فروش بن گیا ہے، وہ ناپاک ہے۔ 4اُن کی بُری حرکتیں اُنہیں اُن کے خدا کے پاس واپس آنے نہیں دیتیں۔ کیونکہ اُن کے اندر زناکاری کی روح ہے، اور وہ رب کو نہیں جانتے۔ 5اسرائیل کا تکبر اُس کے خلاف گواہی دیتا ہے، اور وہ اپنے قصور کے باعث گر جائے گا۔ یہوداہ بھی اُس کے ساتھ گر جائے گا۔
6تب وہ اپنی بھیڑبکریوں اور گائےبَیلوں کو لے کر رب کو تلاش کریں گے، لیکن بےفائدہ۔ وہ اُسے پا نہیں سکیں گے، کیونکہ وہ اُنہیں چھوڑ کر چلا گیا ہے۔ 7اُنہوں نے رب سے بےوفا ہو کر ناجائز اولاد پیدا کی ہے۔ اب نیا چاند اُنہیں اُن کی موروثی زمینوں سمیت ہڑپ کر لے گا۔
اپنی قوم پر اللہ کا الزام
8جِبعہ میں نرسنگا پھونکو، رامہ میں تُرم بجاؤ! بیت آون میں جنگ کے نعرے بلند کرو۔ اے بن یمین، دشمن تیرے پیچھے پڑ گیا ہے! 9جس دن مَیں سزا دوں گا اُس دن اسرائیل ویران و سنسان ہو جائے گا۔ دھیان دو کہ مَیں نے اسرائیلی قبیلوں کے بارے میں قابلِ اعتماد باتیں بتائی ہیں۔
10یہوداہ کے راہنما اُن جیسے بن گئے ہیں جو ناجائز طور پر اپنی زمین کی حدود بڑھا دیتے ہیں۔ جواب میں مَیں اپنا غضب موسلادھار بارش کی طرح اُن پر نازل کروں گا۔ 11اسرائیل پر اِس لئے ظلم ہو رہا ہے اور اُس کا حق مارا جا رہا ہے کہ وہ بےمعنی بُتوں کے پیچھے بھاگنے پر تُلا ہوا ہے۔ 12مَیں اسرائیل کے لئے پیپ اور یہوداہ کے لئے سڑاہٹ کا باعث بنوں گا۔
13اسرائیل نے اپنی بیماری دیکھی اور یہوداہ نے اپنے ناسور پر غور کیا۔ تب اسرائیل نے اسور کی طرف رجوع کیا اور اسور کے عظیم بادشاہ کو پیغام بھیج کر اُس سے مدد مانگی۔ لیکن وہ تمہیں شفا نہیں دے سکتا، وہ تمہارے ناسور کا علاج نہیں کر سکتا۔
14کیونکہ مَیں شیرببر کی طرح اسرائیل پر ٹوٹ پڑوں گا اور جوان شیرببر کی طرح یہوداہ پر جھپٹ پڑوں گا۔ مَیں اُنہیں پھاڑ کر اپنے ساتھ گھسیٹ لے جاؤں گا، اور کوئی اُنہیں نہیں بچائے گا۔ 15پھر مَیں اپنے گھر واپس جا کر اُس وقت تک اُن سے دُور رہوں گا جب تک وہ اپنا قصور تسلیم کر کے میرے چہرے کو تلاش نہ کریں۔ کیونکہ جب وہ مصیبت میں پھنس جائیں گے تب ہی مجھے تلاش کریں گے۔“

موجودہ انتخاب:

ہوسیع 5: URDGVU

سرخی

شئیر

کاپی

None

کیا آپ جاہتے ہیں کہ آپ کی سرکیاں آپ کی devices پر محفوظ ہوں؟ Sign up or sign in